آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں
عالِم کی شان
*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2023
اللہ پاک کے پیارے اور آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : اَكْرِمُوْا الْعُلَمَاءَیعنی عُلما کی عزت کرو۔ ( کنزالعمال ، جز10 ، 5 / 65 ، حدیث : 28760 )
پیارے بچّو!عالم ِ دین کی بہت فضیلت ہے ، ایک عالم میں بہت ساری خوبیاں ہوتی ہیں جیسے اس کے پاس بہت سارا علم ہوتا ہے ، اللہ پاک کا خوف رکھنے والا اور اللہ پاک کا نیک بندہ ہوتا ہے۔ عُلما قیامت کے دن شفاعت ( یعنی سفارش ) کریں گے۔
حضرت عَمرو بن قیس رحمۃُ اللہ علیہ کے پاس جب کوئی عالمِ دین تشریف لاتے تو آپ دوزانو بیٹھ جاتے ( یعنی عالمِ دین کا ادب کرتے ) اور کہتے : اللہ پاک نے جو علم آپ کو عطا فرمایا وہ مجھے بھی سکھا دیجئے ۔ ( حلیۃ الاولیاء ، 5 / 117 )
اچّھے بچّو! شروع میں لکھی ہوئی حدیثِ مبارکہ پرعمل کرتے ہوئے آپ بھی عُلما کی عزت کیا کریں ، ان کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آئیں ، جب وہ تشریف لائیں تو احترام کرتے ہوئے کھڑے ہو جائیں ، ان کے آگے نہ چلیں ، اگر آپ کسی عالمِ دین کے ساتھ کھانے میں شریک ہیں تو ان سے پہلے کھانا شروع نہ کریں ، اِن شآءَ اللہ آپ کو ثواب ملے گا اور اللہ پاکراضی ہوگا ۔
اللہ پاک ہمیں علما ئے کرام کا ادب و احترام کرنے اور بےادبی سے بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments