اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی
” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ دسمبر 2022
ملاوی کے گاؤں یوٹالی میں 103 افراد کا قبولِ اسلام
مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عثمان عطّاری مدنی
نے کلمۂ طیبہ پڑھایا
04ستمبر 2022ء کو دعوتِ اسلامی کی جانب سے ملاوی کے گاؤں یوٹالی میں ایک سنّتوں بھرے اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عثمان عطّاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان فرماتے ہوئے دینِ اسلام کی حقانیت کو واضح کیا۔ اجتماع میں موجود 2 گاؤں کے سربراہان سمیت 103 افراد نے اسلامی تعلیمات سے متأثر ہوکر اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر مولانا عثمان عطّاری مدنی نے انہیں سابقہ مذہب سے توبہ کرواتے ہوئے کلمۂ طیبہ پڑھا کر دائرۂ اسلام میں داخل کیا۔واضح رہے کہ اَلحمدُ لِلّٰہ اب تک ملاوی میں 2600 سے زائد افراد مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے ہاتھوں کلمہ پڑھ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔
” یومِ تَحَفُّظِ عقیدۂ ختمِ نبوت “ کے موقع پر
فیضانِ مدینہ کراچی میں طلبہ کا عظیمُ الشان اجتماع
اجتماع میں جامعۃُ المدینہ کے تقریباً 10 ہزار
طلبہ شریک ہوئے
7ستمبر 2022ء کو ” یومِ تَحَفُّظِ عقیدۂ ختمِ نبوت “ کے موقع پر عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں عظیمُ الشان سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعاتُ المدینہ کراچی کے اساتذۂ کرام ، ناظمین اور کم و بیش 10ہزار طلبۂ کرام نے فیضانِ مدینہ میں آکر شرکت کی جبکہ کراچی کے علاوہ ملک و بیرونِ ملک میں قائم جامعاتُ المدینہ بوائز اور جامعات المدینہ گرلز کے اسٹوڈنٹس بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔ اجتماع کا آغاز تلاوت ونعت سے ہوا جس کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ” عقیدۂ ختمِ نبوت “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان فرمایا اور طلبہ کو درسِ نظامی مکمل کرکےمنصبِ امامت پر فائز ہوکر عقیدۂ ختمِ نبوت کے پیغام کو عام کرنے کی ترغیب دلائی۔بعد ازاں شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ” عقیدۂ ختمِ نبوت “ پر علم و حکمت سے بھر پور گفتگو فرمائی۔ اجتماع کا اختتام صلوٰۃ و سلام اور دعا پر ہوا۔
امریکہ میں دورۃُ الحدیث شریف کے پہلے درجے کے آغاز کے موقع پر اجتماعِ افتتاحِ بخاری شریف کا انعقاد
جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت نے پہلی حدیثِ پاک کا درس دیا
18 ستمبر 2022ء کو ہیوسٹن ، ٹیکساس امریکہ کے فیضانِ مدینہ میں پہلے دورۃُ الحدیث شریف کا آغاز کردیا گیا۔ خوشی کے اس پُر مسرت موقع پر امریکہ میں ” افتتاحِ بخاری شریف “ کے سلسلے میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں دورۃُ الحدیث شریف کے اسٹوڈنٹس کی خصوصی طور پر شرکت ہوئی جبکہ جامعۃُ المدینہ کی دیگر کلاسز کے اسٹوڈنٹس ، ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور مقامی عاشقانِ رسول بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بذریعہ مدنی چینل بخاری شریف کی پہلی حدیثِ پاک کا درس دیا۔ افتتاحِ بخاری کے اجتماع میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے علمِ دین کی اہمیت اور علما کے فضائل بیان کئے۔ واضح رہے کہ امریکہ کے اسٹیٹ ہیوسٹن ٹیکساس میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ کے تحت 2018 میں درسِ نظامی ( عالم کورس ) کے لئے برانچ قائم کی گئی تھی جہاں اس کے First Batchکے اسٹوڈنٹس کے لئے اس سال دورۃُ الحدیث کا آغاز کیا گیا ہے۔
ایوانِ اقبال لاہور میں ” تقسیمِ اَسناد اجتماع “ کا انعقاد
رُکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے بیان فرمایا
دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃُ المدینہ بالغان کے تحت 12 ستمبر 2022ء کو صوبائی دارُالحکومت لاہور میں قائم ایوانِ اقبال میں ” تقسیمِ اسناد اجتماع “ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد و شخصیات اور مختلف شعبہ جات کے ذمّہ داران نے شرکت کی۔ اجتماع میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اپنے بچّوں کو دین کے قریب کریں کیونکہ دینِ اسلام والدین کا ادب و احترام سکھاتا ہے ، یوں وہ بچہ آپ کی بھی قدر کرے گا۔ آخر میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے مدرسۃُ المدینہ بالغان میں ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والے اسلامی بھائیوں میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر اراکینِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری اور حاجی منصور عطّاری کے علاوہ نگرانِ شعبہ پروفیشنلز ڈیپارٹمنٹ محمد ثوبان عطّاری بھی موجود تھے۔
پاکستان بھر میں 28 مقامات پر ” رِدا پوشی “
و ” تقسیمِ اسناد “ اجتماعات کا انعقاد
فارغُ التحصیل ہونے والی اسلامی بہنوں کی رِدا پوشی کی گئی
دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ گرلز کے تحت 14 ستمبر 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سمیت ملک بھر میں 28 مقامات پر ” رِدا پوشی “ و ” تقسیم اسناد “ اجتماعات کا انعقاد کیاگیا جن میں صاحبزادیِ عطّار سلمہا الغفار ، عالمی مجلس مشاورت کی اراکین ، معلمات ، ناظمات اور دیگر ذمّہ داران سمیت تقریباً 7ہزار اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔ نگرانِ شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطّاری مَدَّ ظِلُّہُ العالی نے بذریعہ مدنی چینل سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ نگرانِ شوریٰ نے عالمہ کورس کرنے کے فوائد بتائے اور فارغُ التحصیل ہونے والی اسلامی بہنوں کو اپنی زندگی خوفِ خدا ، سنّتِ رسول اور دینی کاموں کی دھومیں مچاتے ہوئے گزارنے کی ترغیب دلائی۔ آخر میں صاحبزادیِ عطّار سلمہا الغفار اور دیگر ذمّہ دار اسلامی بہنوں نے فارغُ التحصیل ہونے والی اسلامی بہنوں کی رِدا پوشی کی۔ واضح رہے کہ اس سال جامعاتُ المدینہ گرلز سے فارغُ التحصیل ہونے والی اسلامی بہنوں کی تعداد 2ہزار54 ہے جبکہ1ہزار 566 اسلامی بہنوں نے ” فیضانِ شریعت کورس “ مکمل کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے
FGRF کے وفد کی ملاقات
وفد نے دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی
کاموں کا تعارف پیش کیا
12 ستمبر2022ءکو وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیرِاعلیٰ ہاؤس لاہور میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی عبدُالحبیب عطّاری کی سربراہی میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں سیلاب متأثرین کی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور پنجاب حکومت اور FGRFکے درمیان سیلاب متأثرین کی بحالی کے لئے مِل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر سیلاب متأثرین کی آباد کاری کیلئے تعاون کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نےوفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متأثرین کو گھر بناکر دینے ، وبائی امراض کی روک تھام کے لئے طبی امداد فراہم کرنے اور متأثرہ لوگوں کی بحالی کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اس کام کو یقینی بنا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو FGRFکی طرف سے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے فلاحی کاموں سے متعلق FGRFکی خدمات کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز ، کراچی
Comments