(1)قبروں پر لگی تختیاں پڑھنے كا نقصان
سوال : کیا قبروں پر لگی تختیاں پڑھنے سے حافِظہ کمزور ہوجاتا ہے؟
جواب : جی ہاں! قبروں پر لگے کَتبے یعنی تختیاں پڑھنے سے حافظہ کمزور ہوتا ہے۔
(تعلیم المتعلم ، ص121-مدنی مذاکرہ ، 10ربیع الاول1441ھ)
(2)شوہر کا نام لے کر پُکارنا کیسا؟
سوال : کیا بیوی شوہر کا نام لے کر اس کو پکار سکتی ہے؟
جواب : اچھا نہیں ہے ، بہارِ شریعت میں اسے مکروہ لکھا ہے۔
(بہار شریعت ، 3 / 657 ، 658-مدنی مذاکرہ ، 19ربیع الاول1441ھ)
(3)عَلوی کو زکوٰۃ دینا کیسا؟
سوال : کیا علوی کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں؟
جواب : نہیں دے سکتے کیونکہ وہ ہاشمی ہیں اور ہاشمی کو زکوٰۃ نہیں دی جاسکتی۔ حضرت علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ہاشمی خاندان سے ہیں اور ان کی ساری اولاد ہاشمی ہے۔ حضرت علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی جو اولاد حضرت فاطمہ زَہرا رضی اللہ عنہا کے شہزادوں سے ہے ، انہیں سیِّد کہا جاتا ہے جیسے امام حسن ، امام حسین رضی اللہ عنہما اور ان کی اولاد جبکہ حضرت علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے حضرت فاطمہ زَہرا رضی اللہ عنہا کی وفات کے بعد بھی نکاح فرمائے تو ان سے جو اولاد ہوئی ان کو عَلَوی کہا جاتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 26ربیع الاوّل1441ھ)
(4)نومولود بچّے کو کان میں ریکارڈشُدہ اَذان سنوانا کیسا؟
سوال : میرے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تو ہم نے اس کو ریکارڈ شُدہ اَذان سنائی تھی ، آیا یہ کافی ہے یا کسی سے اذان دلوانی ہوگی؟
جواب : بچّے کے کان میں اذان دینا مستحب ہے ، ریکارڈ شدہ اذان سے گزارا نہیں ہوگا ، کان میں براہِ راست (Live) اذان دینی ہوگی۔ اگر اس وقت اذان نہیں دی تو اب دے دیجئے ، اگر کسی نے بالکل ہی اذان نہیں دی تب بھی وہ گناہ گار نہیں ہے ، البتہ پیدائش کے بعد جتنی جلدی ہوسکے بچّے کے کان میں اذان دے دی جائے تاکہ سب سے پہلے اس کے کان میں اللہ کریم کے پاک نام کی آواز جائے۔ (مدنی مذاکرہ ، 26ربیع الاوّل1441ھ)
(5)نِکاح خواں کا اُجرت لینا
سوال : نِکاح پڑھانے پر اُجرت لینا کیسا ہے؟
جواب : جائز ہے۔ (فتاویٰ امجدیہ ، جز3 ، 2 / 279ماخوذاً-مدنی مذاکرہ ، 10ربیع الاول1441ھ)
(6)دانت میں Filling کروانا کیسا؟
سوال : اگر کسی کے دانت میں سوراخ ہو تو کیا وہ اسے بھروا سکتا ہےاور کیا اس سے کُلّی ہوجائے گی؟
جواب : جی ہاں! Filling کرواسکتے ہیں اور اس صورت میں کلی کرنے سے وُضو کی سنّت اور غسل کا فرض بھی ادا ہوجائے گا۔ (مدنی مذاکرہ ، 19ربیع الاول1441ھ)
(7)نمازی کے آگے سے گزرنا
سوال : نمازی کے آگے سے گزرنا کیسا ہے؟
جواب : گناہ ہے ، حدیثوں میں اس پر وعیدیں آئی ہیں کہ نمازی کے آگے سے گزرنے والااگر جانتا کہ اس میں کیا ہے (یعنی کیا عذاب ہے) تو 100سال کھڑے رہنے کو گزرنے سے بہتر سمجھتا۔ (ابن ماجہ ، 1 / 506 ، حدیث : 946 ماخوذاً) ایک روایت میں ہے کہ زمین کے اندر دھنس جانے کو نمازی کے آگے سے گزرنے سے بہتر جانتا۔ (موطأ امام مالک ، 1 / 154 ، حدیث : 371) بہرحال نمازی کے آگے سے نہیں گزرنا چاہئے ، اگر کوئی گزرا ہے تو توبہکرلے کہ اللہ پاک توبہ قبول کرنے والا ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 8ربیعُ الاوّل1441ھ)
(8)سونے چاندی کا نَقْش نَعْل پاک بنوانا کیسا؟
سوال : کیاچاندی کا نقش نعل پاک ساڑھے چار ماشے سے زیادہ کا بنوا سکتے ہیں؟
جواب : مرد حضرات سونے چاندی کا نَقْش نَعْل پاک بنوا کر سینے یا عمامہ وغیرہ پر نہیں لگا سکتے ، اپنے گھر یا مکان وغیرہ میں تعظیماً احتراماً رکھ سکتے ہیں ، اس میں وَزْن کی کوئی قید نہیں ہے۔ بعض لوگ ساڑھے چار ماشے سے کم وزن کی نقش نعل پاک کی ایک نگینے والی چاندی کی انگوٹھی بنوا لیتے ہیں ، اسی طرح بعض نقش نعل پاک کے چشموں کے فریم بنوالیتے ہیں پھر انہیں نقش نعل پاک واش روم میں لے جانے کے مسائل درپیش آتے ہیں ، اس سے بچنا چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ ، 10ربیع الاول1441ھ)
(9)چورى کسے کہتے ہیں؟
سوال : کیا کسی کی چیز بغیر اجازت استعمال کرنا چوری ہے؟
جواب : جی نہیں ، چورى کی تعریف یہ ہے کہ کسى نے اپنا مال حفاظت سے رکھا اور اس کو کسى نے چُھپ کر ناحق لے لىا۔ (بہارِ شریعت ، 2 / 411 ، 414ملخصاً) کسی کی چیز بغیر اجازت استعمال کرنے کی جائز صورت بھی ہے جیسے آپس میں اچھے تعلقات و بے تکلفی ہے کہ ایک دوسرے کی چیز استعمال کرلیتے ہیں یا کھالیتے ہیں اور بُرا بھی نہیں لگتا تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے ، البتہ کسی کو ناگوار گزرتا ہو تو پھر اس کی چیز بغیر اجازت استعمال کرنا جائز نہیں ہے۔
(مدنی مذاکرہ ، 30ربیع الاوّل1441ھ)
Comments