بادشاہ کا جاسُوس

پہاڑوں کی دوسری طرف ایک ہرا بھرا جنگل تھاجس میں طرح طرح کے جانور ، پرندے اور کیڑے  مکوڑے رہتے تھے۔

ایک بار کئی دن تک مسلسل تیز بارِش ہوئی جس سے دریا اور جھیلوں کا پانی اُوپر آگیا اور جلد ہی قریب کے حصے میں سیلاب (Flood) آگیا۔ پانی کی تیزی اتنی تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں کے جانوروں کے گھر  تباہ ہوگئے ، بہت سے جانور پانی میں ڈوب کر  اپنی جان گَنوا چکے تھے  اور کافی جانور ابھی تک پانی میں پھنسے ہوئے تھے کہ اچانک وائلڈٹیم (Wild team) وہاں آپہنچی اور جو جانور زندہ  تھے انہیں ڈوبنے سے  بچا لیا۔

پہاڑوں پر رہنے والا پانچ خطرناک کتوں پر مشتمل یہ گروپ وائلڈ ٹیم کہلاتا تھا ، یہ سب کے سب بہترین تَیراک (Swimmer) تھے لیکن وہ سب مطلبی (Selfish) تھے ، ہمیشہ دوسروں  کا شِکار کرتے تھے آج بجائے کسی کا شکار کرنے کے دوسروں کی مدد کر رہے تھے۔

خیر! بارش رُک گئی اور کچھ ہی دنوں میں دریا اور جھیلوں میں پانی کی سطح پہلے جیسی ہوگئی اور جنگل کی زندگی دوبارہ بحال ہوگئی۔ جنگل کا بادشاہ شیر ، وائلڈ ٹیم کی کارکردگی (Performance) سے بہت خوش تھا۔ اس نے ایک دعوت کا اہتما م کیا اور  جنگل کے جانوروں کواس میں بلایا۔

اُدھر  دعوت کی منتظر وائلڈ ٹیم کا ایک ساتھی بولا : سردار! بھولے بھالے جانوروں کو کیا معلوم ہمارے اِرادے کیا ہیں؟ ہم نے ان کی جان نہیں بچائی بلکہ اپنے کھانے کو بچایا ہے ، خاموش! دوبارہ ایسا کچھ مت کہنا ، سنا نہیں ہے دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں کسی نے سن لیا  تو ہمارا سارا کھیل بگڑجائے گا۔

دعوت کے روز بادشاہ نے جانوروں کو مخاطَب کرتے ہوئے کہا : میرے خوبصورت جانورو! اس جنگل کی رونقو! مجھے بہت خُوشی ہے کہ آج ہمارے درمیان یہ بہادر اور ہمدرد  وائلڈ ٹیم موجود ہے۔ ان  کے کام کو دیکھ کر  میں نے انہیں ایک ہفتہ کے لئے اپنا مہمان بنایا ہے ، یہ میرے ساتھ رہیں گے ، ساتھ  کھائیں گے اور پئیں گے۔ آج کے بعد آپ سب کو بھی ان کا احترام کرنا چاہئے۔ سب جانوروں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور خدمت کرنے کی یقین دِہانی کرائی۔

یہ خوشی کی تقریب جاری تھی مشکل وقت کے بعد ہر ایک خوشی کے دن سے لُطف اندوز ہورہا تھا کہ تبھی بادشاہ کا جاسُوس (Spy) کمانڈر خرگوش اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں آپہنچا ، جلدی میں بادشاہ کے پاس پہنچ کر بتانے لگا : جناب! یہ وائلڈ ٹیم نہ مہربان ہے اور نہ ان کے ارادے اچھے ہیں ، ان کی پچھلی عادتوں کو دیکھتے ہوئے مسلسل میں ان کا پیچھا کر رہا تھا ، آج صبح میں نے ان کو آپس میں بات کرتے سنا ، یہ کہہ رہے تھے کہ انہوں نے  جانوروں کو اس لئے بچایا تاکہ وہ انہیں بعد میں کھا سکیں ، یعنی کہ اپنے شِکار کے لئے دوسروں کو بچایا ہے۔

بادشاہ کا چہرہ غصّے سے  لال ہوگیا اس نے وائلڈ ٹیم کو  چیخ کر کہا : ہم نے تمہیں عزّت دی ، اپنا مہمان بنایا ، صرف اس لئے کہ تم نے ہمارے جانوروں کی جان بچائی مگر! اب تمہارا راز فاش ہوچکا ہے ،  تمہاری خیر اسی میں ہے کہ ابھی کے ابھی میرا جنگل چھوڑ کر نکل جاؤ اور آئندہ کبھی یہاں نظر نہ آنا ، ورنہ تمہاری نیکی کو بُھلا کر تمہیں موت کی سزا سنا دی جائے گی۔

پیارے بچّو! مطلب پَرست ہونا کہ ہر چیز میں اپنے فائدے کا سوچنا بُری بات ہے ، کسی کی پریشانی کو ختم کرنا ہو یا ہمدردی دکھانی ہو اَلغرض ہر کام اللہ کی رضا کے لئے کرنا چاہئے کہ اسی سے ثواب ملتا ہے ورنہ ورنہ لالچ بری بلا ہے جس کے نتائج اچھے نہیں ہوتے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code