نئے لکھاری
قراٰنِ پاک سے 10اَسماءُالْحُسنیٰ
* بنتِ شبیر حسین
ماہنامہ فروری2022
اَسْمَآءُالْحُسْنیٰ ہمیشہ سے علمائےکرام اور مسلمانوں کا ایک اہم موضوع رہاہے ، قراٰنِ پاک کو ابتدا سے پڑھنا شروع کریں تو کہیں پر اللہ پاک نے اپنا نام “ اللہ “ ذکر فرمایا ہے تو کہیں پر مٰلِكِ یَوْمِ الدِّیْنِ ، (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) اسی طرح کہیں پر “ اَلرَّزَّاق “ تو کہیں “ اَلْمَتِین “ ذکر فرمایا۔
قراٰنِ پاک میں جگہ جگہ اللہ پاک کے نام موجود ہیں ، لیکن تین مقامات پر اللہ پاک نے خاص طور پر اپنے ناموں کے بارے میں اَلاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى ارشاد فرمایا ، یعنی ان ناموں کو اللہ پاک نے حُسْنٰی قرار دیا ، “ حُسْنٰی “ کا مطلب ہوتا ہے ، اچھے ، بہتر ، خوبی والے ، یعنی اللہ پاک کے جو نام ہیں ، خود اللہ پاک نے ان کے بارے میں فرمایا کہ یہ نام خوبی والے ہیں ، بہتری والے ہیں۔
٭پہلا مقام :
پارہ 9 ، سورۂ اعراف کی آیت نمبر 180میں اللہ پاک نے ارشاد فرمایا : ( وَ لِلّٰهِ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى فَادْعُوْهُ بِهَا۪- ) ترجمۂ کنزُالعرفان : اور بہت اچھے نام اللہ ہی کے ہیں تو اسے ان ناموں سے پکارو۔ (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
٭دوسرا مقام :
پارہ 15 ، سورۂ بنی اسرائیل کی آیت نمبر 110 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے : ( قُلِ ادْعُوا اللّٰهَ اَوِ ادْعُوا الرَّحْمٰنَؕ-اَیًّا مَّا تَدْعُوْا فَلَهُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰىۚ- ) ترجمۂ کنز العرفان : تم فرماؤ : اللہ کہہ کر پکارو یا رحمٰن کہہ کر پکارو ، تم جو کہہ کر پکارو سب اسی کے اچھے نام ہیں۔ (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
٭تیسرا مقام :
اللہ پاک پارہ 16 ، سورۂ طٰہٰ ، آیت نمبر 8 میں ارشاد فرماتا ہے : ( اَللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَؕ-لَهُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى(۸) ) ترجمۂ کنزالعرفان : وہ اللہ ہے ، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ، سب اچھے نام اسی کے ہیں۔ (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
ان تینوں آیتوں میں اللہ پاک نے اپنے خوبصورت ناموں کا تذکرہ فرمایا ہے ، اللہ پاک کی ذات تو ایک ہی ہے ، لیکن اسکے مختلف نام ہیں۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : بے شک اللہ پاک کے ننانوے نام ہیں ، یعنی ایک کم سو ، جس نے انہیں یاد کر لیا ، وہ جنّت میں داخل ہوا۔ (بخاری ، 2 / 229 ، حدیث : 2736)
10اسماءُالحسنیٰ :
(1) هُوَ اللّٰهُ الَّذِیْ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ : وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) (2) عٰلِمُ الْغَیْبِ وَ الشَّهَادَةِ : ہر غیب اور ظاہر کو جاننے والا ہے (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) (3) اَلرَّحمٰنُ : نہایت مہربان (4) اَلرَّحِیْمُ بہت رحمت والا (5) اَلْمَلِكُ : بادشاہ۔ ملک اور حکومت کا حقیقی مالک ہے ، تمام موجودات اس کے ملک اور حکومت کے تحت ہیں اور اس بادشاہ کا مالک ہونا اور اس کی سلطنت دائمی ہے ، جسے زوال نہیں (6) اَلقُدُّوْسُ : نہایت پاک۔ ہر عیب سے اور تمام برائیوں سے نہایت پاک ہے (7) اَلسَّلٰمُ : سلامتی دینے والا۔ اپنی مخلوق کو آفتوں اور نقصانات سے سلامتی دینے والا ہے (8)اَلمُؤمِنُ : امن بخشنے والا۔ اپنے فرمانبردار بندوں کو اپنے عذاب سے امن بخشنے والا ہے (9) اَلمُھَیمِنُ : حفاظت فرمانے والا۔ ہر چیز پر نگہبان اور اس کی حفاظت فرمانے والا ہے (10)اَلْعَزِیْزُ : بہت عزت والا۔ ایسی عزت والا ہے ، جس کی مثال نہیں مل سکتی اور ایسے غلبے والا ہے کہ اس پر کوئی بھی غالب نہیں آ سکتا۔ (پ28 ، الحشر : 22 ، 23 ، 24 ، صراطُ الجنان ، 10 / 94)
اللہ پاک ہمیں اسماءالحسنٰی یاد کرنے کی سعادت بخشے اور اپنے خوبصورت ناموں کی برکت سے مالامال فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* درجۂ رابعہ جامعۃُ المدینہ للبنات فیضانِ اُمِّ عطّار شفیع کابھٹہ ، سیالکوٹ
Comments