دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا عمرفیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فروری2022


جانشینِ امیرِاہلِ سنّت کے اندرونِ سندھ سفر کی جھلکیاں

سات شہروں میں بیانات ، ذمّہ داران کے مدنی مشوروں میں شرکت اور مختلف دینی و دنیاوی شخصیات سے ملاقات

جانشینِ امیرِاہلِ سنّت مولانا حاجی عبیدرضا عطّاری مدنی  مُدَّ ظِلُّہُ العالی  19 تا 21 نومبر 2021ء تین دن کےلئے اندرونِ سندھ دَورے پر تشریف لے گئے جہاں سات شہروں میں بیانات ، ذمّہ داران کے مدنی مشوروں میں شرکت اور مختلف دینی و دنیاوی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق19نومبرکو ٹنڈو الٰہ یار اور میرپورخاص میں نماز و توبہ کے موضوع پر بیان کا سلسلہ ہوا ، 20 نومبر کو مِیرواہ اور ڈِگری میں نیکی کی دعوت کا سلسلہ ہوا اورپھر جُھڈو میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں اجتماعی شرکت ہوئی ، 21 نومبر کو کوٹ غلام محمد اور کھپرو میں بیانات ہوئے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ! اِس تین دن کے دورے میں تقریباً پانچ سو عاشقانِ رسول نے ایک ماہ کے لئے 5دسمبر کو حیدرآباد ریجن سے مدنی قافلے میں سفر کی نیتیں بھی کیں جبکہ دورانِ سفر آپ نے 11دُلہوں کے نکاح بھی پڑھائے ، اس دورے میں ہزاروں عاشقانِ رسول نےآپ سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔

نگرانِ شوریٰ حاجی عمران عطّاری کا دورۂ پنجاب

قافلہ اجتماعات میں بیانات ، ذمّہ داران کے مدنی مشوروں میں شرکت اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری  مُدَّ ظِلُّہُ العالی  نے ماہ ِ نومبر2021ء میں پنجاب کا دورہ کیا جہاں 4 مدنی مراکز میں ہونے والے عظیمُ الشان قافلہ اجتماعات میں بیانات فرمائے ، ذمّہ داران کے مدنی مشوروں میں شرکت اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کی۔ تفصیلات کے مطابق نگرانِ شوریٰ نے 18 نومبر کو ملتان میں ذمّہ دار اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ فرمایا ، 19 نومبر کو ملتان میں بہاؤ الدّین زکریایونیورسٹی ملتان کے مین آڈیٹوریم میں ہونے والے عظیمُ الشان سیمینار میں ، پولیس لائن ملتان میں منعقدہ تقریب میں ، فیضانِ مدینہ ملتان میں ڈاکٹرز ، پروفیشنلز اور لائرز کے درمیان اور فیضانِ مدینہ ملتان میں ہونے والے مدنی قافلہ اجتماع میں ہزاروں عاشقانِ رسول کے درمیان بیانات فرمائے۔ 20نومبر کو فیصل آباد میں تاجران کے اجتماع میں بیان فرمایا اور فیصل آباد ہی میں MPA جاوید اختر کے گھر مدنی حلقے میں شرکت کی۔ 21نومبر کو فیضانِ مدینہ ، مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں قافلہ اجتماع میں اور فیصل آباد ہی میں ڈاکٹرز اور پروفیشنلز کے اجتماع میں بیانات کئے جبکہ مرزا انجم کمال بیگ (SSP Patrolling Faisalabad) کے گھر بیورو کریٹس کے درمیان مدنی حلقے میں شرکت فرمائی۔ 22نومبر کو فیصل آباد میں سیاسی شخصیت طلال چودھری کے گھر پر مدنی حلقے میں شرکت کی ، سی ایس ایس کے اساتذہ اور طلبہ کے حلقے میں مدنی پھول دیئے ، بزنس کمیونٹی کے اجتماع میں بیان فرمایا اور ججز و وکلاء کے اجتماع میں بھی بیان فرمایا۔ 23نومبر کو فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں قافلہ اجتماع میں بیان فرمایا اور بریگیڈیئر الیاس اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ان کی رہائش گاہوں پر ملاقات کی۔ 24نومبر کو گلگت بلتستان اور خیبر پختون خواہ کے مختلف اَضلاع سے آئے ہوئے صحافیوں سے لاہور میں ملاقات فرمائی اور راجہ محمد بشارت (Law & Parliamentary Affairs) کے گھر پر مدنی حلقے میں شرکت فرمائی۔  25 نومبر کو لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد افضل اور وفاقی وزیر اسد عمر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ 26 نومبر کو وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور مدنی مرکز فیضانِ مدینہ G-11 اسلام آباد میں منعقد ہونے والے قافلہ اجتماع میں سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ نگرانِ شوریٰ نے لاہور میں استاذُالعلماء حضرت علّامہ مولانا گل احمد عتیقی صاحب  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  سے بھی ملاقات کی سعادت پائی۔

شعبہ ڈونیشن سیل کے پاکستان بھر کے ذمّہ داران کا اجتماع

نگرانِ شوریٰ حاجی محمد عمران عطّاری نے شُرَکا کی تربیت فرمائی

دعوتِ اسلامی کے شعبہ ڈونیشن سیل کے زیرِ اہتمام 16 نومبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان بھر سے تشریف لائے ہوئے متعلقہ شعبے کے ذمّہ داران نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطّاری  مُدَّ ظِلُّہُ العالی  نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شُرَکا کی عطیات جمع کرتے وقت شرعی احتیاطوں کو ملحوظ رکھنے سمیت دیگر امور پر تربیت فرمائی۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی فاروق جیلانی عطّاری بھی موجود تھے۔

کھاریاں میں جامعۃُ المدینہ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا

نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی شاہد عطّاری کی شرکت

دعوتِ اسلامی کے تحت کھاریاں (گجرات ، پنجاب) میں جامعۃُ المدینہ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ جامعۃ ُالمدینہ کا سنگِ بنیاد نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے رکھا اور عاشقانِ رسول کو اس کے تعمیراتی کاموں میں تعاون کرنے اور جلد اَز جلد جامعۃ ُالمدینہ کا آغاز کرنے کی ترغیب دلائی۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطّاری اور مقامی ذمّہ داران بھی موجود تھے۔

کراچی میں شوبز کے افراد کے درمیان محفلِ نعت کا انعقاد

رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا

دعوتِ اسلامی کے شعبہ “ رابطہ برائے شوبز “ کے زیرِ اہتمام 11 نومبر 2021ء کو کراچی میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں ساحر لودھی اور عمر شریف کے بیٹے جواد عمر سمیت شوبز سے وابستہ کئی افراد نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر عطّاری نے محفل میں سنّتوں بھرا بیان کیا اور شُرَکا کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے اور مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی۔

جامعہ ہجویریہ لاہور کے اساتذۂ کرام کی

فیضانِ مدینہ جوہرٹاؤن لاہور تشریف آوری

علمائے کرام نے دارُالافتاءاہلِ سنّت

اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا

جامعہ ہجویریہ داتا دربار کے اساتذۂ کرام شیخُ الحدیث و استاذُالعُلَماء مفتی صدیق ہزاروی صاحب ، مولانا بدر زمان قادری صاحب (پرنسپل جامعہ ہجویریہ) ، مولانا ہاشم قادری صاحب(سینیئر مدرس جامعہ ہجویریہ) اور مولانا ریاض چشتی صاحب (سینیئر مدرس جامعہ ہجویریہ) کی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہرٹاؤن میں قائم دارُالافتاء اہلِ سنّت تشریف آوری ہوئی۔ استاذُالحدیث مفتی محمدہاشم خان عطّاری مدنی سمیت وہاں موجود اسلامی بھائیوں نے اُن کا استقبال کیا ، مفتی صاحب نے علمائے کرام کو دارُالافتاء اہلِ سنّت اور اس کے ذیلی شعبہ جات سمیت دارُالافتاء اہلِ سنّت ویب سائٹ و ایپلی کیشن کا تعارف کروایا۔ علمائےکرام نے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں قائم چند شعبہ جات کا وزٹ کرتے ہوئے اسپیشل پرسنز و چائنیز ڈیپارٹمنٹ اور دورۃُ الحدیث شریف کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔

اٹلی کےشہر بلونیا میں سنّتوں بھرےاجتماع کاانعقاد

رکنِ شوریٰ حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے سنّتوں بھرابیان کیا

دعوتِ اسلامی کےزیرِاہتمام 24نومبر2021ءبروزبدھ اٹلی کے شہر بلونیا میں سنّتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں بلونیا کے مقامی اسلامی بھائیوں سمیت ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس سنّتوں بھرے اجتماع میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور اسلامی بھائیوں کی تربیت و راہنمائی فرمائی۔ بعدازاں رکنِ شوریٰ نے رقت انگیز دعا بھی کروائی۔


مزید جاننے کے لئے وزٹ کیجئے ، آفیشل نیوز ویب سائٹ “ دعوتِ اسلامی کے شب وروز “

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوت اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share