آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

اپنے رب کو دیکھا

* مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فروری2022

اللہ کریم کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : رَاَيْتُ رَبِّي یعنی میں نے اپنے رب کو دیکھا۔

(مسند احمد ، 1 / 622 ، حدیث : 2634)

اس پوری کائنات میں جاگتی آنکھوں سے اللہ پاک کا دیدار صرف ہمارےپیارے نبی حضرت محمد مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ہی کیا ، اور کسی نے نہ تو کیا ہے اور نہ ہی کر سکتا ہے ، یہ آپ کا ایک عظیم معجزہ ہے ۔

اور کوئی غیب کیا تم سے نِہاں ہو بھلا

جب نہ خدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں درود

اللہ پاک نے آپ کو رات کے تھوڑے سے حصے میں مسجد ِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں کی سیر کرائی ، پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے جنّت اور دوزخ کوبھی دیکھا ، اپنی جاگتی آنکھوں سےاللہ پاک کادیداربھی کیا۔ اسی رات اللہ  پاک نے مسلمانوں کے لئے 5فرض نمازوں کا تحفہ بھی آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کوعطافرمایا ۔

یہ واقعہ رجبُ المرجب کے مہینے کی ستائیسویں رات کو پیش آیا۔

اسی لئے اس رات کو شب معراج (یعنی معراج کی رات )کہا جاتا ہے ، 27رجب کو مسلمان مسجدوں میں محفلیں اور اجتماعات کرتے ہیں ، جن میں علمائے کرام ، امام صاحبان نبیِّ پاک  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا واقعۂ معراج ، اس کی حکمتیں اور دیگر فضائل و کمالات بیان کرتے ہیں اوراس رات مساجد میں نوافل ، تلاوتِ قراٰن ، ذِکرودروداور دیگر عبادات کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے ۔

اچّھے بچّو ! ہو سکے تو آپ بھی اس رات کےاہتمام کےلئے غسل کریں ، صاف ستھرے کپڑے پہنیں ، اپنے ابو یا کسی سرپرست کے ساتھ مسجد میں جائیں ، جتنا ہو سکے نوافل ، تلاوت اور دیگر ذکر و اذکار میں مصروف رہیں۔ بہت ساری نیکیاں ملیں گی اور اس مبارک رات کی برکتیں بھی نصیب ہوں گی۔ اِن شآءَ اللہ

اللہ پاک ہم سب کواس برکت والی رات میں خوب عبادت کرنے اور اپنے رب کو راضی کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔    اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی


Share