مدنی کلینک

بچّوں میں پیٹ کی بیماریاں

* ڈاکٹر اُمِّ سارب عطّاریہ

ماہنامہ فروری2022

بچّو ں میں پیٹ کی مختلف بیماریاں نہ صرف روز مرّہ کی زندگی کو متأثّر کرسکتی ہیں بلکہ بچّوں کی نشوونما(Growth) اور مناسب عمر کے حساب سے مناسب وزن نہ بڑھنا بھی پایا جاسکتاہے۔ کچھ عام بیماریوں کے بارے میں مختصر بیان کیا جاتاہے :

(1)پیٹ درد کے اسباب (Causes of Abdominal pain) :

بچّوں میں تیزابیت (Acidity) کی وجہ سے پیٹ میں درد ہو تو بچّہ باربار پیٹ کے بَل لیٹنے کی کوشش کرتاہے ، چھوٹے بچےّ اگر مسلسل پیٹ میں درد کی شکایت کریں تو والدین یہ دیکھ لیں کہ بچّہ کب شکایت کرتاہے ، پیٹ کے کس حصّے میں درد ہوتاہے ، بچّہ مسلسل روتاہے یا رات میں بھی روتا رہتاہے تو یہ  پیٹ کے درد کی خاص علامات ہیں ، اس کے علاوہ الٹیاں ، منہ بھر قے ، خراٹے کے ساتھ سانس لینا اور مسلسل کھانسی ہونا بھی تیزابیت کی علامت ہے۔

تیزابیت والی غذائیں :

سافٹ ڈرنکس ، چاکلیٹ ، کافی ، چائے ، سوڈا ، مرچ مسالوں والی چپس اور مرغّن غذائیں ، ان میں زیادہ تیزابیت ہوتی ہے۔ چونکہ بچّوں کا ہاضمہ کمزور ہوتاہے تو بچّے تیزابیت (Acidity) کا شکار ہوجاتے ہیں۔ دودھ پلانے والی خواتین کو بھی ایسی چیزوں سے بچنا چاہئے۔ مائیں خود ایسی غذاؤں کا استعمال کریں جن سے دودھ میں مُضر اجزا شامل نہ ہوں۔ جن بچّوں میں پیٹ کا درد ہوتاہے ایک تحقیق کے مطابق  25 فیصد بچّوں میں بیماری کی وجہ سے ہوتاہے اور باقی بچّوں میں خوف ، ذہنی دباؤ ، اور اعصابی کمزوری کی وجہ سے بھی پیٹ کا درد ہوسکتاہے۔ اس لئے والدین کو چاہئے کہ بچّوں کو جن چیزوں سے یا جن مقامات پر جانے سے خوف پیداہوتاہے یا جن اوقات میں باہر جانے سے خوف پیدا ہوسکتاہے ان سے بچّوں کو دور رکھیں۔ جہاں جائیں ساتھ لے جائیں ، بچّوں کو ذہنی سکون دیں کیونکہ جب بچّہ مایوس یا فکر مند ہوتاہے تو اعصاب میں سختی پیداہوجاتی ہے۔ کیونکہ ناف کے ارد گرد اعصاب اور خون کی باریک نالیوں کا ایک نیٹ ورک ہوتا ہے جس میں خون کی کمی ہوجاتی ہے۔ جب بچّہ ذہنی دباؤ میں ہوتاہے اس لئے بچّے کو پیٹ میں درد ہوتاہے۔

(2)بچّہ میں قبض اور اس کے اسباب :

قبض ایک حالت کانام ہے جس میں فضلہ سخت ہوجاتاہے اور خارج ہونے میں تکلیف ہوتی ہے ، جو بچّے ماں کا دودھ پیتے ہیں ان میں بوتل کا دودھ پینے والے بچّوں کے مقابلے میں قبض بہت کم ہوتی ہے۔ خاص طور پر پاؤڈر والادودھ پینے والے بچّوں میں یہ مسئلہ زیادہ ہے۔

علامات :

(1)پیٹ میں درد ہونا (2)پیٹ کا پھول جانا (3)پاخانہ کرتے ہوئے سخت تکلیف اور درد ہونا (4) خون آنا۔

علاج سے متعلق معلومات :

کھانے میں بچّوں کو پھلوں کا جوس نہ دیں بلکہ پھل کھلائیں کہ موسمی پھل سے قبض کم ہوتی ہے۔ بچّوں کو بازاری کھانوں سے دور رکھیں ، چکی کے آٹے(لال آٹے) کی روٹی کھلائیں کیونکہ اس میں فائبر کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ بچّوں کو سبزیوں کی عادت لازمی ڈالیں ، ایک سال سے بڑے بچّے کو اگر دائمی قبض کی شکایت ہوتو انہیں دودھ کم دیں اور روٹی ، بریڈ ، کھیرا اور گُڑ یا شکر کے ساتھ دیسی گھی کا پر اٹھا بناکر کھلائیں۔ صبح روغنِ بادام ، زیتون کا تیل اور اسپغول کا چھلکا بھی دودھ یادہی میں ملاکر دیں۔

چھوٹے بچّوں میں پیٹ کا مساج کریں ، نہلانے سے پہلے یہ مساج صحت کےلئے بھی مفید ہےاور بچّوں کو قبض اور گیس سے بھی محفوظ رکھتاہے۔ مائیں جو چیزکھاتی ہیں اس  کا اثر بھی بچّے کی صحت پر آتاہے اس لئے ماں کو  چاہئےکہ طاقت ور چیزیں کھائے تاکہ خود بھی صحت مند رہے۔ انجیر ، خشک خوبانی ، سبزیاں ، پھل اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔

اگر چھوٹے بچّے کو پاخانہ کرنے میں دشواری ہو تو جس طرح عام افراد کےلئے ورزش فائدہ کرتی ہے اس طرح بچّوں کو بھی قبض سے دور رکھتی ہے۔ بچّے کی ٹانگوں کو سائیکل کی طرح گھمائیں اس طرح اسے پاخانہ میں آسانی ہوگی۔

والدین کےلئے :

اگر بچّوں کو باربار پیٹ میں درد ہو ، سوتے ہوئے ایک دَم سے روتاہو ا اٹھ جائے ، کھیلتے کودتے ہوئے بچّہ ایک دَم سے روناشروع کردے تو ڈاکٹر کے پاس لےجائیں۔ اپنے بچّوں پر خاص توجّہ دیں۔

اللہ پاک سے دعاہے کہ ہم سب کو پیٹ درد سمیت تمام بیماریوں سے محفوظ فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

نوٹ : ہر دوا یا غذا اپنے ڈاکٹر (طبیب / حکیم) کے مشورے سے ہی استعمال کیجیئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* سندھ گورنمنٹ ہاسپٹل ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code