کہتے ہیں کوئی بھی گھر خاتونِ خانہ کی سلیقہ شِعاری کا آئینہ ہوتا ہے ، گھر کو سجانا سنوارنا ، چیزوں کو سلیقے سے سنبھال کے رکھنا ، عُموماً سبھی خواتین کا مشغلہ ہوتا ہے۔ لیکن مکمل احتیاط و شوق کے باوجود بعض جگہوں کے متعلق اس معاملے میں دانستہ یا نادانستہ بے توجہی برتی جاتی ہےانہی میں سے ایک گھر میں آمدو رفت کا راستہ بھی ہے۔
پیاری اسلامی بہنو! مرکزی دروازہ (Main Entrance) اور زینہ گھر کا سب سے اہم حصّہ ہے کیونکہ ہمارے گھر آنے والے مہمان نے لازمی ان جگہوں سے گزرنا ہے اور ان جگہوں کی صورتِ حال دیکھ کر بآسانی ہمارے ذوق اورہماری نَظافت و نَفاست پسندی کا اندازہ لگاسکتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ان جگہوں کو صاف ستھرا رکھیں اور اگر ممکن ہوتو اپنے بجٹ (Budget) کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ نا کچھ Decorate بھی کردیں تاکہ اسلام نے جو ہمیں صفائی ستھرائی کی تعلیم دی ہے اس پر بھی عمل ہو اور آنے والوں پر بھی ہمارے گھرانے کا خوشگوار تأثر پڑے کہ First impression is the last impression یعنی پہلی بار میں پڑنے والا تأثر ہی آخری تأثر ہوا کرتا ہے۔ اس سلسلے میں نیچے لکھے گئے کچھ نِکات (Points) امید ہے آپ کے لئے فائدہ مند ہونگے :
* سب سے پہلی بات تو یہ کہ ان جگہوں کو ہمیشہ صاف ستھرا رکھیں ، مثلادروازے کی باہری اور اندرونی طرف یونہی سیڑھیوں کی ریلنگ پر پڑی مٹی بروقت جھاڑی نہ جائے تو جَم جاتی ہے* ان جگہوں کو مصنوعی(Artificial) اور ممکن ہو تو قدرتی(Natural) پودوں سے بھی سجانے کا اہتمام کیا جا سکتا ہے لیکن دونوں صورتوں میں اس بات کا خیال رکھیں کہ سیڑھیوں پر ان کا رکھنا گزرنے والوں کی پریشانی کا باعث تو نہیں ہے یوں ہی قدرتی پودے رکھنے کی صورت میں ان کی مناسب دیکھ بھال کا انتظام بھی ہونا چاہئے۔ سیڑھیوں کی ریلنگ پر مصنوعی بیل بھی لگائی جا سکتی ہے * خوبصورت قدرتی مناظر پر مشتمل وال پیپرز بھی چسپاں کیے جا سکتے ہیں * Wall Clock سے بھی Main Entrance اور سیڑھیوں کے راستے کو Decorate کیا جاسکتا ہے جبکہ وہاں وقت دیکھنے کی ضرورت بھی پڑتی ہو* گھر میں داخل ہوتے ہی پھیلی ہوئی چپلیں اور جوتے طبیعت پر گِراں گزرتے ہیں لہٰذا چپلوں اور جوتوں کے لئے ایک الگ ریک کا انتظام کریں * اس بات کو ہمیشہ مدِّنظر رکھیں کہ اللہ پاک ہے اور صفائی ستھرائی کو پسند فرماتا ہے لہٰذا ڈیکوریشن نہ بھی کریں تو کم اَز کم صفائی ستھرائی کا خیال لازمی رکھیں۔
نوٹ : ضروری نہیں ہے کہ بہت مہنگی چیزیں ہی استعمال کی جائیں ضرورت صرف اس سلیقے کی ہے کہ جس کے ذریعے ہم اپنے پیارے گھر کو ضرورتاً Decorate کر سکتے ہیں۔
اللہ پاک ہمارے ظاہر و باطن دونوں کو ستھرا اور پاکیزہ بنائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments