ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا خوبصورت ارشاد ہے : “ فَإِنَّ خَيْرَ الْحَدِيثِ كِتَابُ اللهِ “ یعنیبہترین بات اللہ کی کتاب (قراٰنِ مجید) ہے۔ ( مسلم ، ص 335 ، حدیث : 2005)
اچھے بچّو! قراٰنِ کریم اللہ پاک کی آخری کتاب ہے جو اس نے اپنے آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر اپنے بندوں کی راہنمائی (Guidance)کیلئے اُتاری ہے۔ جیسےاللہ پاک اپنی تمام مخلوقات سے اعلیٰ اور بَرتر (Superior) ہے یونہی اس کی کتاب یعنی قراٰنِ مجید بھی تمام کتابوں سے افضل اور بہترین ہے۔
پیارے بچّو! قراٰنِ مجید دنیا کی واحد بے مثال (Matchless) کتاب ہے کہ اس جیسی کتاب ساری دنیا کے عُلَما (Scholars) بھی مِل کر نہیں لکھ سکتے۔ دوسری کتابوں میں تبدیلی ہوسکتی ہے بلکہ پہلے کی آسمانی کتابوں زبور ، توریت ، انجیل میں تبدیلی کی بھی گئی لیکن قراٰنِ مجید کی حفاظت کا ذِمّہ خود اللہ پاک نے لیا ہے یہی وجہ ہے کہ جب سے قراٰن مجید نازل ہوا ہے اس میں ایک حرف کی بھی کمی بیشی یا تبدیلی نہیں ہوئی ۔
اس کے پڑھنے والے کو ہر ہر حرف کے بدلے دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔ اس میں لکھے گئے سبق آموز (Moralizer) تاریخی واقعات ، اچّھی اور کامیاب زندگی گزارنے کے راہنما اصول ، ہر ایک بات ہی انسان کے لئے مُفید ہے جن سے نصیحت حاصل کرنے والا دنیا و آخرت میں کامیاب (Successful) ہوگا۔ اللہ پاک ہمیں قراٰنِ مجید پڑھنے ، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*…ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی
Comments