مگر مچھ اور بگلا

خُدارا! میری مدد کرو! مجھے اس مصیبت سے باہر نکالو! میری مدد کرو! مگر مچھ (Crocodile) دوسرے جانوروں سے مدد کی اپیل کرتا رہا لیکن  کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔

سارے جانور اور پرندے جنگل کی سب سے زیادہ خوبصورت جگہ “ آسمانی تالاب “ کے کنارے ہاتھی کی شادی میں دعوت اُڑا رہے تھے جب مگرمچھ کے حلق (Throat) میں کانٹا پھنس گیا اور وہ مدد کے لئے پکارنے لگا۔ مگرمچھ کی یہ حالت  دیکھ کر ٹِلّو گدھا  غصے سے بولا : ارے میاں! کس نے  کہا تھا کہ جلدی جلدی کھاؤ ، اب بھگتو! لیکن آخر مگر مچھ تھا تو اس کا پُرانا دوست ، اس لئے ٹِلّو نے ہمدردی دِکھاتے ہوئے کہا : سوری بھائی!میں تمہاری مدد کرنا تو چاہتا ہوں مگر سمجھ نہیں آرہا کہ کس طرح تمہارے گلے  سے کانٹا نکالوں؟

مگرمچھ نے کہا : شکریہ بھائی! کم اَز کم تم نے میری بات تو سُنی باقی سارے تو کھانا کھانے میں مگن ہیں۔  ویسےغلطی میری ہی ہے ، مچھلیاں دیکھ کر جلد بازی میں کھانے لگ گیا اور اس تکلیف میں پڑگیا ، تم کھانا کھاؤ میں کسی اور سے کہہ کر دیکھتا ہوں۔

بَگلا (Egret) اپنے حصّے کا کھانا ختم کرکے بیٹھا ڈکاریں لے رہا تھا ، اسے فارغ دیکھ کر مگر مچھ  اس کے پاس آکر بولا : بگلے بھائی! میں بہت تکلیف میں ہوں اور میرے خیال سے اس وقت صرف تم ہی میری مدد کرسکتے ہو۔ بگلے نے ناک چڑھاتے ہوئے کہا : جاؤ جاؤ! میں تمہاری مدد کیوں کروں؟ تُم میرے رشتہ دار لگتے ہو؟

مگر مچھ کو اس کی عادت کا پتاتھا اسی لئے مچھلیوں کا لالچ دیتے ہوئے کہنے لگا : ارے بھیّا! اگر تم اپنی لمبی سی گردن میرے گلےمیں ڈال کر یہ کانٹا  نکال دو تو میں تمہیں کھانے کے لئے اپنے حصے کی بھی مچھلیاں دے دوں گا۔

مگرمچھ کی پیشکش (offer) سُن کر تو بگلے کے منہ میں پانی  آگیا اور وہ فوراً مگرمچھ کی مدد کرنے کے لئے تیار ہوگیا۔ جَھٹ سے لمبی سی گردن مگرمچھ کے منہ میں ڈالی اور کچھ ہی دیر میں اس کے حلق سے کانٹا نکال دیا۔

بگلے نے انگڑائی لیتے ہوئے کہا : چلو بھائی! اب جلدی سے اپنا وعدہ پورا کرو  اور  میرے کھانے کے لئے مچھلیاں لے آؤ۔

مگرمچھ ہنستے ہوئےبولا : تم نے اپنی نازُک سی گردن میرے خونخوار (Blood thirsty) منہ میں ڈالی ، میں نے تمہیں کچھ کہا؟ نہیں نا؟ دیکھو! تم بالکل سلامت ہو ، کیا یہ تھوڑاہے؟ شکر کرو کہ میں نے تمہیں کھایا نہیں۔ چلو شاباش! جلدی  یہاں سے اُڑجاؤ کہیں ایسا نہ ہو کہ اب مجھے بھوک لگ جائے اور تم میری خوراک بن جاؤ!

ناراض بگلا یہ کہہ کر اُڑ گیا : اگر آئندہ تمہارے گلے میں کانٹا پھنسا تو میں بالکل بھی تمہاری مدد نہیں کروں گا ، اور تم چیختے رہنا!

پیارے بچّو! کسی کی مدد کرنا بہت اچھی بات ہے لیکن اس بات کا خیال رہے کہ مدد میں لالچ شامل (Include) کرنا اچھی بات نہیں ، پریشان لوگوں کی مددکسی فائدے کے لئے نہیں بلکہ صرف اللہ پاک کو خوش کرنے کے لئے کرنی چاہئے نیز مدد کرنے سے پہلے اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں  کہ کہیں آپ خودہی مصیبت میں نہ پھنس جائیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code