تعزیت و عیادت
ماہنامہ صفر المظفر1442ھ
حضرت مولانا نسیم صدّیقی قادری کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے افسوس ناک خبر ملی کہ سیّد شاہد علی اور سیّد ارشد علی کی امّی جان ، حضرت مولانا نسیم صدّیقی قادری اور محمد فہیم احمد صدّیقی قادری کی ہمشیرہ صاحبہ ثُوَیبَۃُ السَّعْدَہ ہارٹ اٹیک اور فالج کے سبب 28 شوّالُ المکرّم 1441 سِنِ ہجری کو 74 سال کی عمر میں کراچی میں وِصال فرما گئیں ، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
یاربَّ المصطَفےٰ جَلَّ جَلَالُہٗ وَ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! ثُوَیبَۃُ السَّعْدَہ کو غریقِ رحمت فرما ، یااللہ! ان کے تمام چھوٹے بڑے گناہ معاف فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی قبر خواب گاہِ بہشت بنے ، جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے اور تاحشر جگمگاتی رہے ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی قبر پر رحمت و رضوان کے پھولوں کی بارشیں فرما ، مولائے کریم! انہیں بے حساب مغفرت سے نواز کر جنّتُ الْفِردوس میں خاتونِ جنّت بی بی فاطمۃُ الزّہراء رضی اللہ عنہا کا پڑوس نصیب فرما ، یااللہ! تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، مولائے کریم! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما ، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب ثُوَیبَۃُ السَّعْدَہ سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایصالِ ثواب کیلئے ایک مدنی پھول بیان فرمایا : ) تفسیرِ بیضاوی میں ہے : “ جو اللہ کریم اور اس کے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی فرماں برداری کرتے ہوئے نیک کام کرتا ہے اور گناہوں سے بچتا ہے دنیا میں اس کی تعریفیں ہوتی ہیں اور آخرت میں اسے سعادت ملتی ہے۔ “
(تفسیرِ بیضاوی ، پ22 ، الاحزاب ، تحت الآیۃ : 71 ، 4 /388)
صبر و ہمت سے کام لیجئے ، اللہ کی رضا پر راضی رہئے ، اللہ کی رحمت بہت بڑی ہے ، بس رب نے جو چاہا وہ کیا ، جب وقت پورا ہوجاتا ہے تو نہ ایک سیکنڈ آگے ہوسکتا ہے نہ ایک سیکنڈ پیچھے۔ ہم سب کو یہ تصور کرنا چاہئے کہ یہ ہم سے آگے آگے گئے اور ہمیں یہ پیغام دیتے گئے کہ تم ہمارے پیچھے آرہے ہو۔
جنازہ آگے بڑھ کر کہہ رہا ہے اے جہاں والو!
مِرے پیچھے چلے آؤ! تمہارا رہنما میں ہوں
بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
ذوالقعدۃ ِالحرام 1441ھ میں وفات پانے والوں کے نام
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے (1)مشہور مالکی عالمِ دین ، حضرت شیخ سیّد محمد بن علوی مالکی رحمۃ اللہ علیہ کی زوجۂ محترمہ (2)حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب قادری اشفاقی([i]) (3)حضرت مولانا حافظ غلام نبی عرف محب النبی چشتی(2) (4)حضرت پیر سیّد قلندر علی شاہ جیلانی(3) (5)شیخُ الحدیث حضرت مفتی عبیدالحق نعیمی(4) (6)حضرت مولانا قاری علی حسن خان قادری برکاتی(5) (7)پیرِ طریقت حضرت علّامہ مولانا الحاج قاضی سیّد شاہ اعظم علی صوفی قادری(6) (صدر کل ہند جمیعت المشائخ) (8)حضرت علّامہ مولانا الحافظ غلام فرید چشتی(7) (بانی و مہتمم جامعہ حنفیہ مہریہ مدرسہ تعلیمُ القراٰن شکردرا ، اٹک ، پنجاب) (9)حضرت مولانا عبدالقیوم رضوی(8) (10)حضرت پیر سلطان فاروق نقشبندی(9) (سجادہ نشین دربار عالیہ رجوعیہ شریف ، ایبٹ آباد) رحمۃ اللہ علیہم اجمعین کے انتقال پر لواحقین اور جملہ سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے علاوہ بھی کئی عاشقانِ رسول کے انتقال پر تعزیت ، دعائے مغفرت و ایصالِ ثواب کی ترکیب کی ، جبکہ کئی بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت فرمائی ہے ، تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ “ دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔
([i])تاریخِ وفات : 14ذوالقعدۃ الحرام1441ھ (2)تاریخِ وفات : 18ذوالقعدۃ الحرام1441ھ (3)تاریخِ وفات : 12ذوالقعدۃ الحرام1441ھ (4)تاریخِ وفات : 14ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ (5)تاریخِ وفات : 11ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ (6)تاریخِ وفات : 4ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ (7)تاریخِ وفات : 2ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ (8)تاریخِ وفات : 6ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ (9)تاریخِ وفات : 3ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ۔
Comments