ہرنی اور اس کے بچے

ایک واقعہ ایک معجزہ

ہرنی اور اس کے بچے

*مولانا محمد ارشد اسلم عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر2022ء

 شام کا وقت تھا ، داداجان کمرے میں بیٹھے چائے پی رہے تھے ، صہیب ان کے پاس آیا اورکہا : داداجان ! آج تو اتوار ہے ، اور اب شام بھی ہوگئی ، آپ نے پارک لے جانے کا وعدہ کیا تھا۔ خبیب اور اُمِّ حبیبہ بھی داداجان کےپاس آگئے ، دونوں نے ایک ساتھ کہا : ہم بھی  پارک جائیں گے ۔داداجان نے کہا :  اچھا اچھا ! ! ! چلے جانا ، پہلے مجھے یہ بتاؤ ، پارک جاکر کیا کروگے ؟  خبیب اور اُمِّ حبیبہ نے کہا :  ہم تو جھولے جھولیں گے ، چیزیں کھائیں گے ، مزے اڑائیں گے۔

دادا جان نے صہیب کی طرف دیکھتے ہوئے کہا :  صہیب !  آپ پارک جاکر کیا کروگے ؟ صہیب نے کہا : میں بھی یہ سب کام کروں گا ، مگر ایک کام اوربھی کروں گا۔ سب نے حیرت سے صہیب کو دیکھااورپوچھا : کیا کروگے ؟ صہیب نے خوش ہوکر کہا :  میں جانور بھی دیکھوں گا کیونکہ پارک میں جانور  بھی  ہیں۔

اُمِّ حبیبہ نے کہا : ارے واہ ! مگرپارک میں تو صرف جھولے تھے ، یہ جانور کب سے آگئے ؟ صہیب نے کہا : اویس بتارہا تھا ، وہ  کل  اپنے داداجان کے ساتھ گیا تھا۔ اُمِّ حبیبہ نے کہا : اچھا  صہیب یہ بتاؤ ! وہاں کون کون سے جانور آئے ہیں ؟  صہیب نے  بتایا :  پارک میں بندر ، شیر ، ٹائیگر ، طوطے ، کبوتر ، شترمرغ ، مگرمچھ ، ہرنی اور اس کے چھوٹے چھوٹے بچے بھی ہیں۔

اُمِّ حبیبہ نے کہا : داداجان ! ہمیں شیر اورٹائیگر کے بارے میں تو معلوم ہے  مگر ہرنی کے بارے میں کچھ نہیں پتا ، ہرنی کے بارے میں کچھ بتائیے۔داداجان نے   بتایا :

 ( 1 ) ہرن جنگلی جانور ہے ، جنگلوں میں رہتے ہیں  ( 2 )  ہرن گھاس اوردرخت کے پتے کھاتے ہیں  ( 3 ) ہرن  حلال جانور ہے ، جیسے  ہم گائے ، بکری کا گوشت کھاتے ہیں ایسے ہی اس کا گوشت بھی کھاسکتے ہیں۔

اُمِّ حبیبہ نے کہا : داداجان اوربھی کچھ بتائیے ، داداجان نے کہا : اورتو کچھ یاد نہیں آرہا  ، ہاں  ! ہرنی سے متعلق ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا معجزہ یاد آرہا ہے ، جس میں ہرنی نے ہمارے  پیارے نبی سے بات کی تھی ، وہ سنادیتا ہوں۔بچّوں نے خوش ہوکر کہا : جی داداجان  یہ ہوئی نا بات !

داداجان نے کہا : ایک آدمی نے ہرنی کو پکڑلیا۔ میرے خیال سے ، ہرن نے بچنے ، جال کھولنے اور بھاگنے کی کوشش کی ہوگی مگراس سے بھاگا نہیں گیا ہوگا ۔

ہرنی نے ہمارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو دیکھ لیا ، اس نے آواز دی :  یارسولَ اللہ !  ہمارے نبی نے دیکھا تو آپ کو ایک ہرنی بندھی ہوئی نظرآئی۔ہرنی نے کہا : میرے پاس آئیے ، ہمارے نبی ہرنی کے پاس گئے اور اس سے کہا : تمہیں کس چیز کی ضرورت ہے ؟  ہرنی نے کہا : مجھے چُھڑوادیجئے ، میرے دو بچے

بھوکے ہیں  ، میں انہیں  دودھ پلاکر واپس آجاؤں گی۔ آپ نے ہرنی سے پوچھا : کیا تم واپس آجاؤگی ؟  ہرنی نے کہا : اگر میں واپس نہیں آئی تو اللہ پاک مجھے سزا دے گا۔اس کے بعد ہمارے نبی نے ہرنی کو آزاد کروادیااوروہ اپنے بچوں کے پاس چلی گئی۔

خبیب نے کہا : داداجان ! ہمیں یہ بات تو معلوم ہے کہ ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم جانوروں  کی  بولی سمجھتے تھے اور ان سے باتیں کرتےتھے ، جواب دیتے تھے۔یہ بتائیے کہ کیا جانورجانتے تھے کہ  آپ اللہ پاک کے نبی ہیں۔داداجان نے  کہا : بیٹا ! صرف جانور ہی نہیں بلکہ دنیا کی ہر چیز جانتی ہے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اللہ پاک کے نبی ہیں۔

صہیب نے سوال کرتے ہوئے پوچھا : کیا ہرنی واپس آگئی تھی  ؟ داداجان نے کہا : جی  ! تھوڑی دیر بعد ہرنی واپس آگئی ، ہمارے پیارے نبی نے اسے باندھ دیا۔

وہاں پر وہ آدمی بھی تھا ، جس نے ہرنی کو پکڑکر باندھا تھا ، وہ یہ سب دیکھ کر بہت حیران ہوا ، اس نے ہمارے پیارے نبی سے پوچھا  : یارسولَ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ، آپ کو کوئی کام ہے ؟  ہمارے نبی نے فرمایا :  تم اس ہرنی کو چھوڑ دو ، اس آدمی نے ہرنی کو آزاد کردیا۔ ہرنی بھاگتے  بھاگتے بول رہی تھی :   ” اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَاَنَّكَ رَسُولُ الله یعنی :  اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور آپ اللہ  کے رسول ہیں۔ “

 ( معجم کبیر ، 23/331 ، حدیث : 763 )

داداجان نے معجزہ سنانے کے بعد کہا :  پارک نہیں چلنا کیا ؟  چلو جلدی جلدی تیاری کرو۔۔۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*   فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ بچوں کی دنیا ( چلڈرنزلٹریچر ) المدینۃ العلمیہ ، کراچی


Share