بچّوں کے لئے امیرِ اہلِ سنّت کی نصیحت
رضا پر اپنی آنکھیں بند کردیں !
*اویس یامین عطّاری مدنی
” ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر2022ء
اچّھے بچّو !
امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس قادری صاحب فرماتے ہیں :
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ عاشقِ الٰہی ، عاشقِ رسول ، عاشقِ صحابہ و اہلبیت ، عاشقِ اولیا تھے اور اللہ پاک کے ولی تھے۔ اَلحمدُلِلّٰہ ہم نے اعلیٰ حضرت کا دامن پکڑ کر ٹھوکر نہیں کھائی ہے کیونکہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ کوئی بھی بات قراٰن و حدیث سے ہٹ کر نہیں کرتے۔ اس لئے ” رضا “ پر اپنی آنکھیں بند کردیں۔ ( ملفوظاتِ امیرِ اہلِ سنّت ( قسط : 17 ) ، سیرتِ اعلیٰ حضرت کی چند جھلکیاں ، ص26 ، 27ملخصاً )
پیارے بچّو ! اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ بہت بڑے عالِم اور ولی تھے ، آپ رحمۃُ اللہ علیہ نے ساڑھے چار سال کی چھوٹی سی عمر میں قراٰنِ کریم ناظرہ مکمل پڑھ لیا تھا ، 13سال 10ماہ 4 دن کی عمر میں پہلا فتویٰ دیا اور پھر آخر عمر تک فتویٰ دیتے اور کتابیں لکھتے رہے۔ آپ نے1000 کے قریب کتابیں لکھیں ، ایک کتاب ” الدَّوْلَۃُ الْمَکِّیۃ “ جو کہ عربی زبان میں200سے زائد صفحات کی ہے ، آپ نے سخت بخار کی حالت میں مکہ پاک میں تقریباً 8گھنٹوں میں لکھی۔اچّھے بچّو ! ہمیں بھی چاہئے کہ ہم امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ پر اپنی آنکھیں بند کردیں اور اعلیٰ حضرت کی تعلیمات پر عمل کریں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments