مدنی مذاکرے کے سوال جواب
ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر2022ء
کیجے رضاؔ کو حشر میں خَنداں مِثالِ گُل
سُوال : اعلیٰ حضرت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ کے اِس شعر کی وضاحت فرمادیجئے :
اُن دو کا صَدقہ جن کو کہا میرے پھول ہیں
کیجے رضاؔ کو حشر میں خَنداں مِثالِ گُل
( حدائقِ بخشش ، ص77 )
جواب : ” اُن دو “ سے مُراد حضرتِ سَیِّدُنا امام حَسن اور حضرتِ سَیِّدُنا امامِ حُسین رضی اللہُ عنہما ہیں۔ بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں اعلیٰ حضرت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ نے ان دونوں شہزادوں کا صَدقہ پیش کیا ہے کہ جن کو پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے ” دو پُھول “ فرمایا۔ ( بخاری ، 2 / 547 ، حدیث : 3753 ) خَنداں کے معنیٰ ہیں ہنستا ہوا ، یعنی آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنے ان دو پُھولوں کے صَدقے میں رضاؔ پر ایسا کرم کیجئے کہ رضاؔ بھی قیامت کے دِن پھول کی طرح مسکرا رہا ہو۔
( مدنی مذاکرہ ، 11محرمُ الحرام 1441ھ )
صَفَر کے مہینے میں گھر Shift کرنا کیسا ؟
سُوال : کیا صَفَر کے مہینے میں کسی جگہ کام کروانا یا گھر Shift ( تبدیل ) کرنا جائز ہے ؟
جواب : جَہالت کے دور سے چلتا آرہا ہے کہ عوام ماہِ صَفَرُ الْمُظَفَّر کو منحوس سمجھتے ہیں ، حالانکہ پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِرشاد فرمایا ہے : ” وَلَا صَفَرَ یعنی اور صَفَر کوئی چیز نہیں ہے۔ “ ( بخاری ، 4 / 36 ، حدیث : 5757 ) اِس لئے یہ کہنا کہ ” صَفَر میں یہ نہیں کرنا چاہئے یا وہ نہیں کرنا چاہئے “ صحیح نہیں ہے۔ صَفَرکےمہینے میں گھرشفٹ بھی کرسکتےہیں ، سَفَر بھی کرسکتے ہیں ، تعمیرات اور شادی بھی کرسکتے ہیں۔
( مدنی مذاکرہ ، 29محرمُ الحرام 1441ھ )
بار بار گاڑی یا گھر کا بلب خراب ہونا کیا جادو کی علامت ہے ؟
سُوال : بار بار کسی کی گاڑی یا گھر کا بلب خراب ہوتا ہو تو کیا یہ جادو کی علامت ہے ؟
جواب : یہ چیزیں تو ہوتی رہتی ہیں ، ضروری نہیں کہ یہ سب جادو کی وجہ سے ہوتا ہو ، اِتِّفاق بھی ہوسکتا ہے۔ ایسا شخص جو یہ کہتا ہے کہ بار بار گاڑی یا بلب خراب ہوجاتا ہے ، اُس سے پوچھا جائے کہ کتنی بار ایسا ہوا ہے ؟ تو بولے گا کہ آج دوسری بار ہوا تھا۔ آج کل گفتگو میں مُبالغہ کرنا بہت عام ہوچکا ہے۔ کبھی کہیں گے کہ ” سب لوگ بولتے ہیں “ اُن سے پوچھو کہ کتنے لوگ بولتے ہیں ؟ تو بعض اوقات ایک آدھ فرد ہی کا نام سامنے آتا ہے۔ یہ بھی کہتے ہیں کہ ” عوام میں یہ چرچا ہورہا ہے “ پوچھا جائے کہ آپ نے کتنوں سے ایسا سُنا ہے ؟ تو کہیں گے کہ ایک یا دو سے سنا ہے۔ یوں مُبالغہ بھی بہت کیا جاتا ہے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 4محرمُ الحرام1441ھ )
چہلُم سے پہلے گھر میں رنگ کروانا کیسا ؟
سُوال : بعض لوگ کسی کا اِنتِقال ہونے پر چہلُم سے پہلے گھر میں رنگ کرواتے ہیں ، ایسا کرنا کیسا ؟
جواب : اگر رنگ ( Color ) کروانے کی ضرورت ہو تو کرواسکتے ہیں۔ بعض لوگ رَمَضان شریف کی آمد سے قبل مسجد میں رنگ کرواتے ہیں ، حالانکہ ضرورت نہیں ہوتی اور اِس کے اپنے شرعی مسائل بھی ہیں ، یوں ہی رَمَضان شریف سے پہلے مسجد کو دھوتے ہیں اور خوب پانی بہاتے ہیں ، حالانکہ ضرورتاً صرف پوچا بھی لگایا جاسکتا ہے۔ اِس لئے اگر ضرورت ہو تو رنگ بھی کروایا جائے اور دھویا بھی جائے ، لیکن ضرورت نہ ہو تو پھر ایسا نہ کیا جائے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 4محرمُ الحرام1441ھ )
پردہ کرنے کا حکم دینے والا شوہر
سُوال : اگر بیوی کو پردہ کرنے کا کہا تو وہ کہتی ہے کہ ’’تم نے کہہ دیا ، اپناحق ادا کردیا‘‘ کیا اس کی یہ بات درست ہے ؟
جواب : یہ بے باکی ہےکہ ’’تم نے اپنا حق ادا کردیا ، مجھے میرے حال پر چھوڑدو‘‘ وغیرہ۔ ایسی عورتوں کو اگر واقعی اُن کے حال پر چھوڑدیا جائے اور خرچی بھی نہ دی جائے تو معلوم ہو کہ ” کتنے بِیسوں سَو ہوتے ہیں۔ “ ایسی عورتیں بسا اوقات پلّے بندھ جاتی ہیں اور اپنے شوہروں کو ایسے ایسے جوابات دے کر ناکوں چنے چبوادیتی ہیں۔ ایسی بے باک عورتوں کو چاہئے کہ توبہ بھی کریں اور اپنے شوہر کا شکریہ بھی ادا کریں کہ انہیں ایسا نیک شوہر ملا جو پردہ کرنے کا بولتا ہے ، ورنہ ایسی شکایتیں بھی بہت ملتی ہیں کہ شوہر بے پردَگی کا بولتے ہیں۔ بے پردَگی حَرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔شوہر کو چاہئے کہ بیوی کو سمجھائے اور بے پردَگی سے روکے۔ یقیناً سمجھانے والا مُحسِن اِحسان کرنے والا ہوتا ہے ، اُس کو اِس طرح کے روکھے جوابات نہیں دینے چاہئیں۔
( مدنی مذاکرہ ، 2محرمُ الحرام1441ھ )
اگر بیوی غُصّہ کرتی ہو تو۔۔۔
سُوال : اگر بیوی ہر بات پر غصّہ کرتی ہو تو شوہر کو کیا کرنا چاہئے ؟
جواب : تالی دو ہاتھ سے بجتی ہے۔ اگر بیوی واقعی غُصیلی ہے تو شوہر کو چاہئے کہ صبر کرے۔ لیکن اگر شوہر نے چلّا کر یہ بولا کہ ” دیکھو! میں نے صبر کیا ہوا ہے ، اب آگے مت بولنا “ تو اِسے صبر نہیں کہا جائے گا بلکہ یہ تو غُصّے کا اِظہار ہے اور اِس سے بات مزید خراب ہوسکتی ہے ، اِس لئے موقع کی مناسبت سے خاموش رہے اور آگے پیچھے ہٹ جائے۔ اکیلے اکیلے تو بیوی غُصّہ کرے گی نہیں ، اور شاید یوں مُعامَلہ خراب ہونے سے بچ جائے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 4محرمُ الحرام1441ھ )
گود بھرائی کی رَسم کا شرعی حکم
سُوال : شادی کے بعد عورت کی گود بھرائی کی رَسم کی جاتی ہے ، کیا یہ اِسلام میں جائز ہے ؟
جواب : اس رَسم میں ڈرائی فروٹ عورت کی گود میں ڈالے جاتے ہیں۔اِس حوالے سےایک قاعدہ ذہن نشین کرلیجئے کہ جو رَسم و رواج شریعت سے نہیں ٹکراتے اِسلام نے ان سے منع نہیں کیا۔یہ رَسم بھی ایسی ہی رَسموں میں سے ہےلہٰذا اس میں کوئی حَرج نہیں۔ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی قسم کی بےپردگی نہ ہو ، نہ میوزک بجے اور نہ ہی تالیاں ، ورنہ گناہ گار ہوں گے۔ نیز اس رَسم میں جو چیزیں گود میں ڈالی جائیں گی وہ حلال رہیں گی۔ ( مدنی مذاکرہ ، 7محرمُ الحرام 1441ھ )
مَدَنی چینل پر آیتِ سجدہ سُننے کا حکم
سُوال : مَدَنی چینل پر اگر Live آیتِ سجدہ سُنی تو کیا سجدۂ تلاوت واجِب ہوجائے گا ؟
جواب : مَدَنی چینل یا کسی بھی چینل پر آیتِ سجدہ خواہ براہِ راست ( Live ) سُنی ہو یا ریکارڈنگ میں ، سجدۂ تِلاوت واجِب نہیں ہوگا۔ ( مدنی مذاکرہ ، 29محرمُ الحرام 1441ھ )
Comments