دُکھیارے اسلامی بھائی کی دلجوئی/ عمرے کا ثواب پیش کرنے والوں کو شکریہ اور دعاؤں سے نوازا

دُکھیارے اسلامی بھائی کی دلجوئی

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے دکھیارے مدنی بیٹے!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

حاجی سیّد عارف الحسن عطاری سلَّمہ البارِی نے آپ کے دُکھوں کے متعلّق بیان کیا، میری مدَنی بیٹی بھی Hospitalize ہوگئی ہے، کاروباری طور پر بھی آزمائش ہے وغیرہ وغیرہ، اللہ پاک آپ کے حال پر رَحْم کرے، میری مدنی بیٹی کو شفائے کاملہ عاجلہ نافعہ عطا فرمائے، جو بھی مرض یا بلا ہو وہ دور ہوجائے، اللہ پاک کرے بیچاری زندگی کی خوشیاں دیکھ سکے، آپ کے گھر کی خوشیاں لوٹ آئیں، آپ کو حلال و آسان روزی بابرکت باکفایت عنایت ہوجائے، آپ کے دیگر دُکھ بھی دور ہوں، نیک اولاد عافیت کے ساتھ نصیب ہوجائے، اٰمین۔ بیٹے! ہمت رکھنا، صَبْر کرنا، زندگی کی گاڑی مسائل کے پہیوں پر چلتی ہے۔ تکلیفوں سے مت گھبرائیے، ہمت رکھئے۔   ؎

زباں پر شکوۂ رنج و الم لایا نہیں کرتے

نبی کے نام لیوا غم سے گھبرایا نہیں کرتے

میری مدنی بیٹی کو سلام کہئے گا، میرے لئے بے حساب مغفِرت کی دُعا کیجئے گا اور ہوسکے تو روزانہ یَاسَلَامُ 111بار پڑھ کر ان کو دم کردیا کریں، پانی پر بھی دم کرکے رکھ لیں اور روزانہ چند بار پلاتے رہیں، زہے نصیب! یہ خود بھی یَاسَلَامُ یَاسَلَامُ یَاسَلَامُ پڑھتی رہیں اِنْ شَآءَ اللہ دونوں جہاں کی سلامتی آپ کی مقدر ہو گی۔ آپ بھی یَاسَلَامُ یَاسَلَامُ یَاسَلَامُ پڑھتے رہیں اِنْ شَآءَ اللہ سلامتی ہی سلامتی رہے گی۔  ؎

بہار آئے مِرے دل کے چمن میں یَارسولَ اللہ

اِدھر بھی آ لگے چھینٹا کوئی رحمت کے بادَل سے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

عمرے کا ثواب پیش کرنے والوں کو شکریہ اور دعاؤں سے نوازا

برمنگھم (U.K)کے اسلامی بھائیوں نے مکۂ مکرمہ زَادَ ہَااللہُ شَرَفاً وَّ تَعْظِیْماً کی پُر بہار فضاؤں سے صُوری پیغام(Video Message)  کے ذریعے    امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ، آپ کے  والدین اور آپ کی آل کو عمرے کا ثواب پیش کیا اور آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے دعا کی مدنی التجا کی، امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے جوابی صَوتی پیغام میں دعاؤں سے نوازتے ہوئے ارشاد فرمایا:

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے حاجی فضیل باپو اور آپ کے ساتھ قافلے میں جتنے بھی معتمرین ہیں سب کی خدمتوں میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مَا شَآءَ اللّٰہ!آپ کا صُوری مدنی گلدستہ میں نے دیکھا سُنا، بہت بہت شکریہ کہ آپ میرے اور میرے ماں باپ کے ایصالِ ثواب کے لئے ترکیبیں کرتے ہیں۔ اللہ کریم آپ کی حاضریاں قبول فرمائے، بارگاہِ رسالت میں میرا سلام! شیخینِ کریمین، سیّدنا عثمانِ غنی، سیّدنا امیر حمزہ، شہدائے اُحد، اہلِ معلیٰ و بقیع (رضوان اللہ تعالٰی علیھم اجمعین)  اور جہاں جہاں مزاراتِ مقدّسہ پرآپ کی حاضریاں ہوں میرا سلام ضَرور پہنچائیے گا! میرے لئے بے حساب مغفِرت کی دُعا کیجئے گا۔ اللہ پاک آپ کے قافلے کو نظرِ بد سے بچائے، بے ادبی اور بے ادبوں کے شَر سے محفوظ رکھے، ہم سب کو بے حساب مغفِرت سے مشرف فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code