چاند کو چندا ماموں کہنا کیسا ؟/آرٹیفشل  جیولری کا حکم /جنات کس جگہ نماز پڑھتے ہیں ؟

شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت، بانیِ  دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطارؔ قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ مدنی مذاکروں میں عقائد، عبادات اور معاملات کے متعلق کئے جانے والے سوالات کے جوابات عطا فرماتے ہیں، ان میں سے چند سوالات وجوابات ضروری ترمیم کے ساتھ یہاں درج کئے جا رہے ہیں۔

اِنعام الحق نام رکھنا کیسا؟

سوال:انعام الحق نام رکھنا کیسا ہے؟

جواب:دُرُست ہے، اس کا معنیٰ ہے اللہ پاک کا انعام۔ (نام رکھنے کے بارے میں مزید تفصیلات جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

نیک اولاد جنت میں ماں باپ کے ساتھ رہے گی

سوال:جنّت میں ماں باپ اپنی اولاد کو پہچانیں گے یا نہیں؟

جواب:بالکل پہچانیں گے، اللہ کریم قراٰنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے:(وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ اتَّبَعَتْهُمْ ذُرِّیَّتُهُمْ بِاِیْمَانٍ اَلْحَقْنَا بِهِمْ ذُرِّیَّتَهُمْ  ترجمۂ کنزالایمان:اور جو ایمان لائے اور ان کی اولاد نے ایمان کے ساتھ ان کی پیروی کی ہم نے ان کی اولاد ان سے ملا دی۔ (پ 27، الطّور: 21) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) خزائنُ العرفان میں ہے:جنّت میں اگرچہ باپ دادا کے دَرَجے بُلند ہوں تو بھی ان کی خوشی کے لئے ان کی اولاد ان کے ساتھ ملا دی جائے گی۔(خزائن العرفان، ص966)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

”درودِ پاک“ کو بطورِ مہر مقرر کرنا کیسا؟

سوال:کیا نکاح میں ”درودِ پاک“ بطورِ مہر مقرر کرسکتے ہیں؟

جواب:نہیں کرسکتے بلکہ شریعت نے جو مہر مقرر کیا ہے اسے ادا کرنا واجب ہے۔مہر کم اَز کم دس درہم (یعنی دو تولہ ساڑھے سات ماشہ (30.618 گرام) چاندی یا اس کی قیمت یا اس قیمت کا کوئی سامان) ہے، اس سے کم نہیں ہوسکتا۔(بہارِ شریعت،ج2،ص65،64 ماخوذاً) زیادہ مہر مقرر کرنا جائز ہے اگرچہ بہتر کم مہر ہے یا اتنا مہر کہ جس کی ادائیگی آسان ہو۔(صراط الجنان،ج 2،ص168)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

مچھر کے خون چوسنے سے وضو ٹوٹے گا یا نہیں ؟

سوال:مچھر، پِسُّو یا کھٹمل نے خون چُوسا تو کیا وضو ٹوٹ جائے گا؟

جواب:نہیں ٹوٹے گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

گناہوں کے نیکیوں میں  تبدیل ہونے کی دُعا

سوال:یااللہ ہمارے گناہوں کو نیکیوں میں تبدیل فرما“ ایسی دُعا مانگنا کیسا ہے؟

جواب:مانگ سکتے ہیں،   اللہ پاک قراٰنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے:(اِلَّا مَنْ تَابَ وَ اٰمَنَ وَ عَمِلَ عَمَلًا صَالِحًا فَاُولٰٓىٕكَ یُبَدِّلُ اللّٰهُ سَیِّاٰتِهِمْ حَسَنٰتٍؕ-)ترجمۂ کنزالایمان:جو توبہ کرے اور ایمان لائے اور اچھا کام کرے تو ایسوں کی برائیوں کو  اللہ  بھلائیوں سے بدل دے گا۔ (پ19،الفرقان:70)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) تفسیرصراط الجنان میں ہے:مفسرین نے برائیوں کو نیکیوں  سے بدل دینے کے مختلف معنیٰ بیان فرمائے ہیں، ان میں سے ایک یہ ہے کہ آیت میں بیان کئے گئے اوصاف سے مُتَّصِف (یعنی بیان کردہ خوبیوں والے) لوگوں  سے حالتِ اسلام میں جو گُناہ ہوئے ہوں گے انہیں قِیامت کے دن   اللہ تعالیٰ نیکیوں سے بدل دے گا۔(صراط الجنان،ج7،ص61،ملخصاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

چاند کو چندا ماموں کہنا کیسا؟

سوال:بعض بچے چاند کو چندا ماموں کہتے ہیں،کیا ایسا کہہ سکتے ہیں؟

جواب:کہہ سکتے ہیں، شرعاً کوئی حرج نہیں ہے۔ بعض لوگ بیوقوف کو بھی ماموں کہتے ہیں یا پھر کسی کو بیوقوف بنا کر کہتے ہیں کہ اُسے ”ماموں بنا دیا“۔ یاد رکھئے! کسی بھی مسلمانکو بیوقوف بولنے کی شریعت میں اجازت نہیں ہے کہ اِس طرح بولنے سے اُس کا دل دُکھے گا اور بلا اجازتِ شَرْعی مسلمان کا دل دُکھانا گناہ، حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

اچھی چیز دیکھ کر کیا پڑھیں؟

سوال:جب کوئی چیز اچھی لگے تو اس وقت کیا پڑھنا چاہئے؟

جواب:حضورِ انور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو جب کوئی چیز اچھی لگتی تو فرماتے:لَـبَّیْکَ اِنَّ الْعَیْشَ عَیْشُ الْاٰخِرَۃِ یعنی لبیک، بے شک زندگی تو آخِرت کی زندگی ہے۔(مسندِ امام شافعی، ص 122)

اسی طرح اپنی یا کسی اور کی کوئی چیز پسند آئے تو اس وقت  مَا شَآءَ اللّٰہ یا بَارَکَ اللہ کہنے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ نَظَر نہیں لگے گی۔(مراٰۃ المناجیح،ج6،ص244ماخوذاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

سوشل میڈیا پر براہِ راست تلاوت سننے کا مسئلہ

سوال:کیا سوشل میڈیا پر براہِ راست (Live) ہونے والی تلاوت کا سننا فرض ہے؟

جواب:نہیں، فرض نہیں ہے۔اسی طرح چینلز وغیرہ پر بھی براہِ راست ہونے والی تلاوت کا سننا فرض نہیں ہے۔ البتّہ جہاں تلاوت کی جارہی ہے وہاں تلاوت سننے کی غرض سے موجود لوگوں پر اس کا سننا فرض ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

عورتوں کا مصنوعی(Artificial)جیولری پہننا کیسا؟

سوال:کیا عورتیں سونے چاندی کے علاوہ مصنوعی زیور (Artificial jewelry) پہن سکتی ہیں؟

جواب:پہن سکتی ہیں، البتّہ بچنا بہتر ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

جنات کے نماز پڑھنے کی جگہ

سوال:جنّات کہاں پر نَماز پڑھتے ہیں؟

جواب:جنات گھاس پر نماز پڑھتے ہیں، جیسا کہ حدیثِ پاک میں ہے:تم لوگ گھاس پر قضائے حاجت (یعنی پیشاب، پاخانہ) نہ کرو اس لئے کہ یہ جنات کے نماز پڑھنے کی جگہ ہے۔(لقط المرجان فی احکام الجان، ص102)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

Share