قربانی کے گوشت کے تین حصّے/احرام کی چادر پر دوسری چادر اوڑھنا کیسا؟/مُزدَلِفَہ کے معنیٰ

قربانی کے گوشت کے تین حصّے

سوال:کیا قربانی کے گوشت کے تین حصے کرنا ضروری ہے؟

جواب:مستحب ہے کہ قربانی کے گوشت کے تین حصے کئے جائیں: ایک حصہ اپنے لئے، ایک حصہ رشتے داروں کےلئے اور ایک حصہ غریبوں کےلئے۔(ماخوذ از فتاویٰ ھندیہ،ج 5،ص300)

اگر کوئی ایسا نہیں کرتا بلکہ سارا گوشت اپنے لئے رکھ لیتا ہے تب بھی جائز ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

احرام کی چادر پر دوسری چادر اوڑھنا کیسا؟

سوال:کیا حالتِ احرام میں سوتے ہوئے احرام کی چادر کے اوپر کوئی اور چادر اوڑھ کر سو سکتے ہیں؟

جواب:اوڑھ سکتے ہیں، البتہ چہرے اور سر پر چادر وغیرہ اوڑھنا حرام ہے۔( ماخوذ از بہارِ شریعت،ج1،ص1078)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

مرغ کب بانگ دیتا ہے؟

سوال:میں نے سنا ہے کہ مرغ فرشتے کو دیکھ کر بانگ (یعنی اذان) دیتا ہے؟

جواب:جی ہاں! مرغ فرشتہ دیکھ کر بولتا ہے،(بخاری،ج 2،ص405، حدیث:3303) اس وقت کی دعا پر فرشتے کے آمین کہنے کی امید ہے۔(مراٰۃ المناجیح،ج4،ص32) مرغ کی بانگ سن کر یہ دعا بھی پڑھ سکتے ہیں: اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ یعنی اے اللہ! میں تجھ سے تیرے فضل کا سوال کرتا ہوں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

مُزدَلِفَہ کے معنٰی

سوال:مُزدَلِفَہ کے معنیٰ بتا دیجئے۔

جواب:مفسرِ شہیر، حکیم الاُمّت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ  الرَّحمٰن فرماتے ہیں: اس کے معنیٰ ہیں:”قُرْب کی جگہ“چونکہ حاجی یہاں پہنچ کر اللہ سے قریب ہوتا ہے۔(مراٰۃ المناجیح،ج4،ص140)

پھر میسر ہو مجھے کاش! وقوفِ عرفات

جلوہ میں مزدلفہ اور منیٰ کا دیکھوں

                                    (وسائلِ بخشش مرَمَّم، ص260)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

میت کے زخم سے خون نکل رہا ہو تو کیا کریں؟

سوال:اگر میت کے زخم سے خون نکل رہا ہو تو اس صورت میں کفن کو ناپاک ہونے سے کیسے بچایا جائے؟

جواب:مکتبۃ المدینہ نے ”تجہیز و تکفین کا طریقہ“ کے نام سے ایک کتاب چھاپی ہے، اس کے صفحہ نمبر 92 پر دارالافتاء اہلِ سنّت کے حوالے سے لکھا ہے:غسلِ میت کے بعد اگر خون جاری ہوجائے اور اس سبب سے کَفَن ناپاک ہوجائے تو نہ غسل (دوبارہ) دیا جائے گا اور نہ ہی کفن تبدیل کیا جائے بلکہ اس طرح کا کوئی بھی معاملہ ہوجائے تو غسل اور تکفین میں سے کچھ بھی دوبارہ نہ کیا جائے البتہ بہتر ہے کہ جہاں سے خون بہہ رہا ہو وہاں زیادہ روئی رکھ دیں کہ کفن خراب نہ ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

خواب میں مسواک

سوال:خواب میں مسواک دیکھنا کیسا ہے؟

جواب:جس نے خواب دیکھا کہ اس نے مسواک اٹھائی اور منہ میں ڈالی تو یہ اتباعِ سنّت (یعنی سنت کی پیروی) کی دلیل ہے۔(تعطیر الانام فی تعبیر المنام، ص 166)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

تالیاں بجانا کیسا؟

سوال:خوشی کے موقع پر تالیاں بجانا کیسا ہے؟

جواب:تالیاں بجانا منع ہے۔تفسیرِ کبیر میں ہے:حضرتِ سیّدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما فرماتے ہیں کہ کفار ِقریش برہنہ (بے لباس) ہو کر خانۂ  کعبہ کا طواف کرتے تھے اور سیٹیاں اور تالیاں بجاتے تھے۔(تفسیرِ کبیر، پ9، الانفال  ،  تحت الآیۃ:35،ج 5،ص481) بہارِ شریعت میں ناچنا اور تالی بجانا وغیرہ کو ناجائز فرمایا ہے۔(ماخوذ از بہارِ شریعت،ج3،ص511)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

بیٹھ کر اذان دینا کیسا؟

سوال:کیا بیٹھ کر اذان دے سکتے ہیں؟

جواب:بہارِ شریعت میں ہے:بیٹھ کر اَذان کہنا مکروہ ہے، اگر کہی اِعادہ کرے (یعنی دوبارہ دے)۔(بہارِ شریعت،ج 1،ص468)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

نقصان پر ثواب

سوال:اگر کسی کی جیب یا وائلیٹ سے پیسے یا کوئی قیمتی چیز گر جائے تو کیا بندہ مؤمن کو اس پر ثواب دیا جاتا ہے؟

جواب:مسلمان کاجو نقصان ہو،چاہے ڈکیتی پڑ جائے یا چوری ہوجائے یا جیب سے کوئی چیز گر جائے یا کوئی بھی تکلیف پہنچے تو اس پر اسے ثواب ملتا ہے، اگر اس پر صبر کریں گے تو اب صبر کرنے پر بھی جداگانہ  ثواب ملے گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

کارٹون دیکھنا کیسا؟

سوال:بچوں کا کارٹون دیکھنا کیسا ہے؟

جواب:آجکل کے کارٹون میوزک، واہیات و خرافات، مار دھاڑ سے بھرپور اور گناہ کے کام سکھانے والے ہوتے ہیں، ان کے دیکھنے سے بچوں کے ذہن  پر بُرا اَثر پڑتا ہے لہٰذا بچوں کو ایسے کارٹون نہ دیکھنے دیئے جائیں بلکہ ان کو ’’غلام رسول کے مدنی پھول“  دکھائے جائیں جو میوزک و مار دھاڑ سے پاک اور اچھی اور دینی باتوں پر مشتمل ہوتے ہیں تاکہ ان کی اچھی تربیت ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

کیا حافظِ قراٰن پر تہجد کی نماز پڑھنا فرض ہے؟

سوال:بعض لوگ کہتے ہیں کہ حافظِ قراٰن پر تہجد کی نماز پڑھنا فرض ہے، کیا یہ بات درست ہے؟

جواب:جی نہیں!حافظِ قراٰن پر تہجد کی نماز پڑھنا فرض نہیں ہے، تہجد کی نماز صاحبِ قراٰن، رحمتِ عالمیان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پر فرض تھی۔ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے کسی اُمّتی پر تہجد کی نماز پڑھنا فرض نہیں ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

Share