بچّے اور صحت

ماں باپ کے نام

بچے اور صحت

*ڈاکٹرظہوراحمددانش عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2024ء

بچے گھر کی رونق ہوتے ہیں۔ اگر کوئی بچہ بیمار ہوجائے تو والدین بے چین اور پریشان ہوجاتے ہیں۔ظاہر ہے والدین اور اولاد کا آپسی تعلق ہی کچھ ایساہے۔ لیکن یہاں ایک بات قابلِ غور ہے کہ والدین صحت اور حفظانِ صحت کے حوالے سے کتنی Awareness رکھتے ہیں؟ اور بچوں کی صحت کے حوالے سے کیا کیا احتیاطی تدابیر کرنی چاہئیں؟ والدین جہاں بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کوشاں رہتے ہیں وہاں ان کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ بچوں کی Healthكے حوالے سے بھی سنجیدگی اپنائیں۔

قارئینِ کرام! آئیے ہم بچوں کی صحت و حفظانِ صحت کے حوالے سے کچھ Tipsجان لیتے ہیں۔

متوازن غذائیں( Balanced Diet)

اپنے بچوں کو متوازن غذا فراہم کریں جس میں پھل، سبزیاں، اناج اور دودھ شامل ہوں۔ نیز میٹھے مشروبات اور زیادہ نمکین کھانے پینے کی چیزوں سے دور رکھیں۔ توانائی کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدگی سے بچوں کو کھانے کی ترغیب کے ساتھ ساتھ کھاناکھانے پر Appreciate بھی کریں۔

جسمانی سرگرمی( Physical Activity)

بچے کی عمر کے مطابق باقاعدہ جسمانی سرگرمی کو فروغ دیں۔ اسکرین ٹائم (ٹی وی اور کمپیوٹر) کو محدود کریں اور ویڈیو گیمز تو کھیلنے ہی نہ دیں البتہ آؤٹ ڈور کھیلنے کی حوصلہ افزائی کریں۔ والدین ایک خاندان کی حیثیت سے بچوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل ہوکر ان کو فزیکل ایکٹیویٹی کا عادی بنانے کی بھرپور کوشش کریں۔

مناسب نیند( Adequate Sleep)

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا بچہ اپنى Age group کے اعتبار سے ٹھیک نیند کرے۔ وقتِ مناسب پر اُسے سُلا دینے کا معمول بنائیں تاکہ اس کی نیند پوری ہوسکے اور کوشش کریں کہ بچّوں کے لئے آرام دہ اور پُرسکون نیند کا ماحول بنائیں۔

حفظانِ صحت( Hygiene)

اپنے بچوں کو حفظانِ صحت کے اچھے طریقے ضرور سکھائیں اور ان اصولوں پر عمل کرنے کی صورت میں بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں مثلاً بچوں کو ہاتھ دھونے، دانتوں کی صفائی کرنے، ناخن کاٹنے، صاف کپڑے پہننے، غسل کرنے کے حوالے سے تربیت دیں اور جب وہ بِنا بولے اس پر عمل پیرا ہوں تو آپ تعریف کرکے ان کی حوصلہ افزائی ضرور کردیں تاکہ ا ن کا صفائی و ستھرائی کا جذبہ ٹھنڈا نہ پڑجائے۔

جذبات کی نگہداشت( Emotional Well-Being)

اپنے گھر کو سُکھ چَین، محبت اور اپنائیت کا گہوارہ بنائیں۔ بچّوں کے لئے ایک Friendly environment بنائیں۔ جہاں بچہ اپنے مَن کی بات آپ سے کرسکے۔اپنے آئیڈیاز، اپنے خدشات، اپنی مشکلات پوری Energyکے ساتھ آپ کو بتاسکے یہ اس بچے کی مینٹل ہیلتھ کے لئے بہت ضروری ہے آپ اپنے اندرسننے کا ظرف اور بچے کو کہنے کا حق ضرور دیں تاکہ آپ گاہے گاہے اپنے بچے کے بارے میں جان سکیں کہ وہ کیا سوچتاہے اور کیاکیا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے نیز اپنے بچے کو اعصابی طور پر مضبوط کرنے کے لئے ان سے اپنی زندگی کے مشکل حالات کی اسٹوری Share کریں جس میں آپ مشکل سے نکلنے کے طریقے تلاش کرکے مشکل سے نکل گئے تھے۔ تاکہ بچہ مُہم جو بن سکے۔

حفاظت( Safety)

حادثات سے بچنے کے لئے اپنے گھر کو چائلڈ پروف بنائیں۔ عمر کے مطابق کار سیٹ اور سیٹ بیلٹ استعمال کریں۔ اپنے بچے کو حفاظتی اصولوں کے بارے میں تعلیم دیں، جیساکہ سڑک پار کرنے سے پہلے دونوں طرف دیکھنا، زیبرا کراسنگ سے کراس کرنا وغیرہ۔

صحت کا باقاعدہ معائنہ( Regular Health Check-ups)

بچوں کو چیک اپ کیلئے اطفال کے ماہر ڈاکٹر (Pediatrician) کے پاس باقاعدگی سے لے جانے کا شیڈول بنائیں، صحت کو خراب کرنے والے خدشات کو فوری طور پر حل کریں، بیماری کا دورانیہ طویل نہ ہونے دیں، بیماری کی تشخیص کے بعد علاج میں تاخیر ہرگز نہ کریں۔

نقصان دہ چیزوں کے سرِعام استعمال سے گریز کریں

(Avoid using harmful items publically)

آپ کے بچے آپ کی حرکات و سکنات کو دیکھتے ہیں اور آپ کے عمل کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں چنانچہ آپ بچوں کے سامنے اسموکنگ وغیرہ ہرگز نہ کریں بلکہ مشورہ ہے کہ اسموکنگ سے اجتناب ہی کریں، یہ آپ کے لئے بھی اور آپ کی اولاد کے لئے بھی زہرِ قاتل ہے۔

تعلیمی محرک( Educational initiative)

بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے نفسیاتی پہلوؤں کا خیال ضرور رکھیں، اس انداز میں ایجوکیشن کو جاری رکھیں کہ بچہ اسکول کے کام، ہَوم وَرک اور اسائنمنٹ کو بوجھ سمجھ کر نہ کرے،بلکہ خوشی خوشی بچہ سیکھنے کی کوشش کرے۔

سماجی میل جول( Social Interaction)

اپنے بچوں کو سوشل بنائیں۔ خاندان، پڑوس، دوست وغیرہ میں سے اچھے لوگوں کے ساتھ میل میلان رکھنے دیں۔ ان لوگوں سے مراسم انہیں سوشل بنادیں گے۔یہ معاشرے کے ان لوگوں سے کئی چیزیں سیکھیں گے۔جو مستقبل میں انہیں رویّوں کو اسٹڈی کرنے کے حوالے سے معاون ثابت ہوں گی۔

قارئین کرام! ہر بچہ منفرد ہوتا ہے، اور انفرادی ضروریات مختلف ہوسکتی ہیں۔ اب آپ نے غور کرنا ہے کہ آپ کے بچوں کو کس طرح اورکس حوالے سے آپ کی توجہ کی ضرورت ہے۔ اپنے بچوں کا خیال رکھیں یہ اللہ کی نعمت ہیں۔ بہترین تعلیم و تربیت یافتہ اور صحت مند اولاد آپ کیلئے بہترین اثاثہ بنے گی۔

اللہ کریم ہمیں اپنی اولاد کی اچھی تعلیم وتربیت اور ان کی بہترین دیکھ بھال کرنے کی توفیق عطافرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* مدنی چینل فیضانِ مدینہ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code