بہترین لوگ

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

 بہترین لوگ

*  مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2024ء

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اَشْرَافُ اُمَّتِي حَمَلَةُ الْقُرْآن یعنی قراٰن اٹھانے والے  میری امت کے بہترین لوگ ہیں۔(معجم کبیر، 12/97،حدیث:12662)

مشہور مفسر حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: قرآن اٹھانے والوں سے مراد قرآن کے حافظ ہیں یا اس کے محافظ ہیں یعنی حفاظ یا علمائے کرام کہ ان دونوں کے بڑے درجے ہیں۔ (دیکھئے:مراٰۃ المناجیح،2/262)

قراٰنِ کریم حفظ کرنے کی بہت ساری برکتیں ہیں، سب سے بڑی اور اہم بات  یہ کہ قراٰنِ کریم حفظ  کرنا اللہ و رسول کی رضا کا سبب ہے، حافظِ قراٰن کے والدین کو قیامت کے دن تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی سورج سے بھی زیادہ ہو گی، حافظِ قراٰن قیامت کے دن اپنے گھر والوں کی سفارش کرے گا۔

اچھے بچو ! آپ کو بھی چاہئے کہ یہ برکتیں پانے کے لئے   قراٰنِ کریم حفظ کریں ، جو بچے پہلے سے ہی قراٰنِ کریم حفظ  کر رہے ہیں ان کو چاہئے کہ اچھے انداز میں، دل لگا کر، خوب محنت سے  حفظ کریں۔

اسلامی مہینا  شوال جاری و ساری ہے، یہ اسلامی سال کا دسواں مہینا ہے، اس مہینے کی 10 تاریخ کو اسلام کے بہت بڑے عالمِ دین  پیدا ہوئے تھے جنہیں اعلیٰ حضرت کہا جاتا ہے۔ یہ بہت بڑے مفتی و عالم ہونے کے ساتھ ساتھ حافظِ قراٰن بھی تھے اور انہوں نے صرف ایک ماہ میں قراٰنِ کریم مکمل حفظ کر لیا تھا ۔

اللہ پاک  ہمیں قراٰنِ کریم کی برکتیں  عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغُ التحصیل جامعۃُ المدینہ، شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share