دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
*مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2024ء
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں
”اجتماع ختم بخاری شریف“ کا سلسلہ
امیر اہل سنت نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا
دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 27 جنوری 2024ء کو عظیمُ الشان ”اجتماع ختم بخاری شریف“ کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قراٰن پاک اور نعتِ رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔ استاذُالحدیث مفتی محمد حسان عطّاری مدنی نے ”بخاری شریف“ اور امام بخاری رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی اور طلبہ کے سامنے مزید علم حاصل کرنے کے فضائل و آداب پر بیان کیا۔شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے تقریب میں بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھ کر سنائی اور طلبہ کو خاص نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ درسِ نظامی کرنے کے بعد علمِ دین کا یہ سلسلہ رُکنا نہیں چاہئے بلکہ اس کو جاری رکھا جائے۔
FGRF کی جانب سے اورنگی ٹاؤن سیکٹر B /14
کراچی میں”مدنی کلینک“ کا افتتاح کردیا گیا
کلینک میں OPD، لیبارٹری ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ
کی سہولیات فراہم کی جائیں گی
دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبے FGRF کے تحت 20جنوری 2024ء کو اورنگی ٹاؤن سیکٹر B/14 کراچی (نزد بنگلہ بازار روڈ) میں ”مدنی کلینک“ کا افتتاح کردیا گیا ہے جہاں مریضوں کو شرعی تقاضوں کے عین مطابق کم فیس میں OPD، لیبارٹری ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کلینک میں مرد و خواتین کے لئے الگ الگ اسٹاف موجود ہے۔ افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ رکنِ شوریٰ نے بتایا کہ اِن شآءَ اللہ اگلا ”مدنی کلینک“ کراچی کے علاقے کورنگی میں کھولا جائے گا۔
دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی مزید جھلکیاں
*ماہِ جنوری 2024ء میں افریقی ممالک تنزانیہ اور Liberia، پرتگال کے شہر Vale de Santarem میں مبلغین دعوتِ اسلامی جبکہ Zimbabwe اور Mozambique کے بارڈر پر رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطّاری کی انفرادی کوشش سے چار غیر مسلم کلمۂ طیبہ پڑھ کر دامنِ اسلام سے وابستہ ہوگئے۔ *مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں ”تخصص فی الدعوۃ“ کے طلبۂ کرام کا تین دن کا ٹریننگ سیشن ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد رفیع عطّاری، نگرانِ مجلس تخصص فی الدعوۃ، اساتذۂ کرام، پاکستان سے مختلف شہروں سے سلیکٹ ہونے والے طلبۂ کرام نے شرکت کی۔نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے مختلف موضوعات پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ *حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 8 کی مارکیٹ میں قائم فیضانِ سنت مسجد سے متصل ڈونیشن سیل آفس اور مکتبۃُ المدینہ کی برانچ کا افتتاح کیا گیا۔ اس سے قبل مسجد میں سنّتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی فاروق جیلانی عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ *شعبہ خدامُ المساجد و المدارسُ المدینہ کی کاوش سے رینج روڈ، راولپنڈی میں مدرسۃُ المدینہ ”گلشنِ فردوس“ کا افتتاح کردیاگیا۔ مدرسۃُ المدینہ کا افتتاح رکنِ شوریٰ حاجی وقارُ المدینہ عطّاری کے ہاتھوں سے ہوا۔ اس موقع پر علاقے کے اسلامی بھائی اور مقامی ذمہ داران دعوت اسلامی موجود تھے۔*ملائیشیا کے شہر Kuala Lumpur میں نگرانِ انڈونیشیا مشاورت مولانا غلام یاسین عطّاری مدنی اور نگرانِ ملائیشیامشاورت عمران عطّاری نے دینی ادارے ”دارُالمرتضیٰ“ میں شیخ حبیب علی زین العابدین شافعی حفظہ اللہ، شیخ حبیب علی السقاف شافعی حفظہ اللہ اور استاد بشیر ملباری شافعی حفظہ اللہ سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات سے آگاہ کیا۔ *Colombo سری لنکا کی جامع مسجد فیضانِ رمضان، اٹلی کے شہر Brescia اور Busto Arsizio کے مدنی مراکز فیضانِ مدینہ میں ماہِ جنوری میں شعبہ مدنی کورسز (دعوتِ اسلامی) کے تحت ”عمرہ کورس“، ”کفن دفن کورس“، ”طہارت کورس“،”تیمّم کورس“ اور ”12دینی کام کورس“ منعقد ہوئے جن میں مختلف علاقوں سے عاشقانِ رسول، ذمہ داران اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی کی شرکت رہی۔*21جنوری2024ء کو نونیٹن انگلینڈ میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح کردیا گیا۔اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی خالد عطّاری نے بیان کیا اور تقریب میں شریک اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں میں حصہ لینے کا ذہن دیا۔ *دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 22جنوری2024ء کو ویلزUKکے سٹی نیوپورٹ (Newport) میں مدرسۃُ المدینہ کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیاجس میں رکنِ شوریٰ حاجی خالد عطّاری نے بیان کیا۔
ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (جنوری2024ء)
شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ یا آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، جنوری 2024ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی ملاحظہ کیجئے: (1)ارشاداتِ جنید بغدادی رحمۃُ اللہِ علیہ: 26لاکھ، 90ہزار 934 (2)شراب کی بوتل: 28لاکھ، 67ہزار390 (3)کاروبار کے بارے میں 13 سوال جواب: 26 لاکھ، 90ہزار 934 (4)فیضانِ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ: 27 لاکھ، 70ہزار 935۔
جنوری 2024ء میں امیرِ اہلِ سنّت کی جانب
سے جاری کئےگئے پیغامات کی تفصیل
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جنوری2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر، دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً 3273 پیغامات جاری فرمائے جن میں 757 تعزیت کے، 2286 عیادت کے جبکہ 230 دیگر پیغامات تھے۔ ان پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت نے بیماروں سے تعزیت کی، انہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دُعا کی۔
”انتقالِ پُرملال“
5جنوری 2024ء کو رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطّاری کے والد محترم اور 18جنوری 2024ء کو رکنِ شوریٰ مولانا حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطّاری مدنی کی والدہ محترمہ کا قضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا۔
اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن!
مجلس ماہنامہ فیضانِ مدینہ دعاگو ہے کہ اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں قبر میں دیدارِ مصطفیٰ، حشر میں شفاعتِ مصطفیٰ اور جنت میں رفاقتِ مصطفیٰ عطا فرمائے۔آمین
دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُالمدینہ،ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی
کے شب و روز
Comments