قراٰن پڑھانے کے فضائل

نئے لکھاری

قراٰن پڑھانے کے فضائل

بنتِ نیاز عطّاریہ(درجہ خامسہ ، جامعۃ المدینہ ، رحیم یار خان)

ماہنامہ اپریل 2021

قراٰنِ پاک کی عظمت و شان اور اس کی فضیلت ہم کماحقّہٗ بیان کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ہماری عقلیں اس کی حقیقت کے ادراک سے عاجز ہیں۔ یہ کلام انتہائی فصیح و بلیغ خوبصورت اور نہایت جامع ہے۔ یہ پاکیزہ کلام ہدایت ، رحمت ، برکت اور عنایت کا عظیم ترین ذریعہ ہے جو کہ عجائب و غرائب ، رموز و اسرار ، دقائق و اشارات ، احکام و اعمال ، واقعات و بشارات کا حسین سنگم ہے۔ یہ بابرکت کلام ایسا شیریں ہے کہ اس کا قاری بار بار تکرار کرنے پر اس سے اُکتاتا نہیں بلکہ ہر بار ایک الگ ہی لذت اور چاشنی پاتا ہے ، یہ وہ باعظمت کلامِ پاک ہے جس کو دیکھنا ، چھونا ، پڑھنا اور سننا سب عبادت کے کام ہیں۔ اس مبارک کلام کے ایک ایک حرف پڑھنےپر دس دس نیکیوں کا ثواب ہے اور پڑھنا ہی نہیں بلکہ قراٰن پڑھانا اور سکھانا بھی بےشمار فضائل و برکات اور اجر و ثواب پانے کا ذریعہ ہے۔ احادیثِ کریمہ میں جہاں قراٰنِ پاک سیکھنے اور پڑھنے کے فضائل وارد ہوئے ہیں وہیں قراٰنِ پاک سکھانے اور پڑھانے کی بھی فضیلتیں اور برکتیں بیان ہوئی ہیں۔

قراٰن ِ پاک سیکھنے سکھانے  اور پڑھنے پڑھانے کے فضائل پر مشتمل چند فرامینِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ملاحظہ کیجئے :

(1) تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قراٰن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ (بخاری ، 3 / 410 ، حدیث : 5027)  حضرت ابو عبدُ الرّحمٰن سُلَمی  رضی اللہُ عنہ  قراٰنِ پاک پڑھایا  کرتے اور فرماتے : اِسی حدیثِ مبارک نے مجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔ (فَیضُ القدیر ، 3 / 618 ، تحت الحدیث : 3983)

(2) جس شخص نے قراٰنِ پاک سیکھا اور سکھایا  اور جو کچھ قراٰنِ پاک میں ہے اس پر عمل کیا ، قراٰن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنّت میں لے جائے گا۔ (معجمِ کبیر ، 10 / 198 ، حدیث : 10450)

(3)جس نے قراٰنِ مُبین کی ایک آیت سکھائی اس کے لئے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے

(4) جس نے قراٰنِ عظیم کی ایک آیت سکھائی جب اس آیت کی تلاوت ہو گی اس کے لئے ثواب ہوگا۔

(جمع الجوامع ، 7 / 209 ، حدیث : 22456 ، 22455)

محترم قارئین! ذکر کی گئی احادیثِ مبارکہ سے قراٰنِ پاک پڑھانے اور سکھانے کی فضیلت معلوم ہوئی کہ قراٰن سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے ، قراٰنِ پاک سکھانا اور پڑھانا کثیر اجر و ثواب کا باعث ہے ، قرانِ کریم پڑھانے اور سکھانے والا شفاعت اور جنّت کا مستحق ہے الغرض قراٰنِ پاک پڑھانا ثوابِ جاریہ کا عظیم ذریعہ ہے اور یقیناً ہر مسلمان ہی اجر و ثواب اور شفاعت و جنّت کا طلب گار ہے ، تو ان فضائل کے حق دار بننے کے لئے خوب خوب تعلیمِ قراٰن عام کیجئے ، قراٰنِ پاک سیکھئے  دوسروں کو سکھائیے اور قراٰن کے فیضان کو عام کیجئے۔


Share