آپ کے تأثرات
ماہنامہ مارچ2022ء
علمائےکرام اور دیگر شخصیات کے تأثرات
(1)مفتی نوید سبحانی (دارُالافتاء گلزارِ مدینہ مسجد ، لاری اڈا ، سرگودھا) : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے کچھ شمارے نظر سے گزرے ، ما شآءَ اللہ دعوتِ اسلامی کی ایک قابلِ تحسین کاوش ہے ، اس کے مضامین مختصر مگر جامع اور عام فہم ہیں ، بالخصوص شرعی مسائل کے مضامین عوام و خواص کے لئے انتہائی مفید ہیں ، اللہ تعالیٰ اس سعی کو اپنی بارگاہِ لَمْ یَزَل میں قبول فرمائے اور مزید ترقیاں عطا فرمائے ، اٰمین۔
(2)بنتِ محمد یوسف مدنیہ(جامعۃُ المدینہ گرلز ، سیالکوٹ) : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ ایک منفرد اور دلچسپ انداز میں شائع ہونے والا ماہنامہ ہے ، اس میں دی گئی سرخیاں اسے مزید دلچسپ اور پُرشوق بنا دیتی ہیں ، اس کا جس قدر مطالعہ کریں اتنی ہی زیادہ تشنگی بڑھتی جاتی ہے ، اس کا ہر سلسلہ اپنی مثال آپ ہے مگر سلسلہ “ اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل “ بہت نمایاں اہمیت رکھتا ہے ، اللہ پاک “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کو خوب ترقی عطا فرمائے ، آمین۔
متفرق تأثرات
(3)مجھے کسی واٹس اپ گروپ کے ذریعے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ ملا ، جسے میں نےصرف1 گھنٹے میں پورا پڑھ لیا ، میں نے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے واٹس اپ نمبر 03012619734پر رابطہ کیا اور ان سے پوچھا کہ مجھے اور ماہنامے مل جائیں گے؟ تو انہوں نے مجھے اور ماہنامے سینڈ کردئیے ، میں نے دو دن میں 2اور ماہنامے پورے پڑھ لئے ، انہیں پڑھ کر مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ، مجھے بہت مزہ آیا اور میں نے اسے بہت معلوماتی میگزین پایا۔ (محمد حذیفہ حسین ، قائدآباد کراچی)
(4)ماشآءَ اللہ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ ایک بہترین ماہنامہ ہے ، اس کے ذریعے سے ہمیں دنیا و آخرت کے معمولات کی معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ (محمد علی ، کراچی)
(5) “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں حدیثِ پاک یا صحابی وغیرہ کے قول کے عربی الفاظ بھی شامل کئے جائیں۔ (محمد شرجیل ، میانوالی)
(6)مجھے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ بہت اچھا لگتا ہے ، اس میں مجھے “ جانوروں کی سبق آموز کہانیاں “ سلسلہ بہت اچھا لگتا ہے ، بالخصوص “ ننھے میاں کی کہانی “ تو مجھے بہت بہت بہت اچھی لگتی ہے ، جب ماہنامہ گھر پر آتا ہے تو میں رات کو ہی کہانی پڑھ لیتا ہوں ، اکثر ہم بھائیوں میں یہ اختلاف ہوجاتا ہے کہ پہلے میں پڑھوں گا ، پہلے میں پڑھوں گا۔ (عبید رضا عطاری ، طالبِ علم مدرسۃُ المدینہ سرائے عالمگیر ، پنجاب)
(7) “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ اپنی مثال آپ ہے ، اس میں سلسلہ “ نئے لکھاری “ مجھے سب سے زیادہ پسند ہے اور میں مضمون لکھنے کی کوشش بھی کرتی ہوں۔ (بنتِ اللہ بخش ، ڈیرہ اللہ یار ، بلوچستان) (8) “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ ایک بہت ہی اچھا میگزین ہے جس سے دینی و دنیاوی ، روحانی و طبی معلومات حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ اسلامی مہینے کے بارے میں بھی معلومات ملتی ہیں ، مفتیانِ کرام کے فتووں سے بھی کافی علمِ دین سیکھنے کو ملتا ہے۔ (اُمِّ ابوبکر ، ڈویژن ذمّہ دار ، ڈیلاس (Dallas) ، امریکہ)
(9)ماشآءَ اللہ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ واقعی مدینے پاک کا فیضان ہے جس کو ہر ماہ پڑھ کر نہ صرف ہمارے علم میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ یہ ہماری روح تک کو سیراب کررہا ہے ، اللہ پاک اس فیضان کو جاری و ساری رکھے ، اٰمین۔ مدنی چینل کے پروگرام “ کُھلے آنکھ صَلِّ علیٰ کہتے کہتے “ میں آنے والے اشفاق بھائی ، سلمان بھائی اور خالد بھائی کے بھی باری باری انٹرویو شامل کرنے کی عرض ہے۔ (بنتِ حاجی شیر محمد ، پنڈی گھیب)
Comments