آؤ بچّو حدیث رسول سنتے ہیں

آقا کے مہینے میں دُرود کی کثرت کیجئے

* مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ہمارے پیارے آقا مکی مدنی مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : “ شَعْبَانُ شَہْرِیْ وَرَمَضَانُ شَہْرُ اللہ

یعنی شعبان میرا مہینا ہے اور رَمضان اللہ کا مہینا ہے۔ [1]

نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے شعبان المعظم کو اِس لئے اپنا مہینا فرمایا کہ آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  اِس مہینے میں نفل روزے رکھا کرتے تھے اور رمضانُ المُبارَک کو اِس لئے اللہ پاک کا مہینا فرمایا کہ اسی نے اس مہینے کے روزے فرض فرمائے ہیں۔ [2]

پیارے بچّو! شعبان المعظم اسلامی سال کا آٹھواں مہینا ہے ،   اس مہینے کو آقا کا مہینا اور درود شریف پڑھنے کا مہینا بھی کہتے ہیں۔ غنیۃُ الطّالبین میں ہے : شعبان المعظم میں حضرت محمد مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پر دُرُود پاک کی کثرت کی جاتی ہے اور یہ نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پر درود بھیجنے کا مہینا ہے۔ [3]

صحابۂ کرام  رضی اللہُ عنہم   بھی ماہِ شعبان میں ذکر و اذکار ، تلاوتِ قراٰن اور نفل روزوں کی کثرت کرتے تھے جیسا کہ  حضرت انس  رضی اللہُ عنہ  فرماتے ہیں : شعبانُ المعظم کا چاند نظر آتے ہی صحابۂ کرام تلاوتِ قراٰن میں مصروف ہو جاتے اور اپنے مال کی زکوٰۃ نکالتے۔ [4]

پیارے بچّو! اس مہینے میں ایک بڑی ہی  پیاری رات آتی ہے جسے “ شبِ براءت “ کہتے ہیں۔ اللہ کے نیک بندے  اس رات میں بھی خُوب  اللہ  کریم کی عبادت کرتے  ہیں  جیسا کہ آج سے تقريباً ساڑھے11سو سال پہلے وفات پانے والے بزرگ حضرت محمد بن اسحاق مکی فاکہی  رحمۃُ اللہِ علیہ   اپنی کتاب میں لکھتے  ہیں :  شبِ براءت  میں مکّۂ مکرمہ کے لوگ  مسجد ِ حرام شریف میں آتے ، نماز ادا  کرتے ، خانہ کعبہ کا طواف کرتے ، ساری رات جاگ کر صبح تک عبادت اور تلاوتِ قراٰن میں مصروف رہتے ،  آب زَم زَم  پیتے ، اس سے غسل کرتے ، اپنے مریضوں کے لئے محفوظ کر لیتےاور اِن اعمال کے ذریعے  اس رات کی برکتیں سمیٹتے تھے۔ [5]

اچھےبچّو!آپ بھی  اس رات میں غسل کریں ، اچھے صاف ستھرے کپڑے پہنیں ، خوشبو لگائیں اور اس رات دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے اجتماعِ ذکر و نعت یا محلے کی مسجد میں ہونی والی محفل میں اپنے ابو ، بڑے بھائی یا  کسی سرپرست  کے ساتھ شریک ہوں ، جتنا ہو سکےعبادت ، تلاوت اور ذکر و دُرود میں یہ رات  گزاریں۔ یوں اس مقدّس رات کی برکتیں نصیب ہوں گی۔ اِنْ شَآءَ اللہُ الکریم

اللہ پاک سے دعا ہے کہ شبِ براءت میں ہمیں خوب عبادت کرنے اور گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔        اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ  التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضان مدینہ ، کراچی


[1] جامع صغیر ، ص301 ، حدیث : 4889

[2] فیض القدیر ، 4 / 213 ، تحت الحدیث : 4889 ملتقطاً

[3] غنیۃ الطّالبین ، 1 / 342

[4] غنیۃ الطالبین ، 1 / 341

[5] اخبار مکہ للفاکہی ، 3 / 84ملتقطاً


Share