دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
* مولانا عمرفیاض عطّاری مدنی
ماہنامہ مارچ2022ء
پاکستان بھر کے تخصصات کے طلبہ کا سنّتوں بھرا اجتماع
نگرانِ شوریٰ حاجی عمران عطّاری کا خصوصی بیان
دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام 9 دسمبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں قائم دورۂ حدیث شریف میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں تخصصات فیضانِ مدینہ کراچی کے طلبۂ کرام نے براہِ راست جبکہ دیگر شہروں کے طلبۂ کرام نے بذریعہ آن لائن شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دینِ اسلام کی خدمت کرنے اور اُمّتِ محمدیہ کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کی ترغیب دلائی۔
حیدر آباد میں عظیمُ الشّان مدنی قافلہ اجتماع کا انعقاد
نگران ِشوریٰ مولانا حاجی عمران عطّاری نے بیان فرمایا
دعوتِ اسلامی کےشعبہ مدنی قافلہ کے زیرِ اہتمام 5 دسمبر 2021ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ حیدر آباد آفندی ٹاؤن میں عظیمُ الشان مدنی قافلہ اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں حیدر آباد ، میرپور خاص ، نوابشاہ ، سانگھڑ ، لاڑکانہ ، گھوٹکی ، عمر کوٹ ، ڈیرہ اللہ یار اور کئی شہروں سے عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں نیکی کی دعوت کو عام کرنے اور سنتیں سیکھنے سکھانے کے لئے 3دن ، 12 دن اور ایک ماہ کے قافلےمیں سفر کرنا چاہئے۔ نگرانِ شوریٰ نے مزید فرمایا کہ بندہ مدنی قافلہ میں سفر کرنے سے گناہوں سے دور ہوتا ہے ، نمازیں قضا کرنے سے بچتاہے اور ساتھ معاشرے میں رہنے کا سلیقہ بھی آتا ہے۔ اجتماع کے بعد بہت سے عاشقان رسول تین دن ، 12دن اور ایک ماہ کے لئے مدنی قافلے میں روانہ ہوئے۔ اس موقع پر اراکینِ شوریٰ حاجی فاروق جیلانی عطّاری اور حاجی امین قافلہ عطّاری ، نگرانِ زون اور نگرانِ کابینہ بھی موجود تھے۔
دارُالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیر پور شریف اوکاڑہ میں
“ علمِ توقیت کورس “ کا انعقاد
کورس میں دارُالعلوم کے اساتذۂ کرام اور طلبہ کی شرکت
شعبہ اوقاتُ الصّلوٰۃ (دعوت ِاسلامی) کے زیرِ اہتمام جامعہ حنفیہ فریدیہ بصیرپور ضلع اوکاڑہ میں 11 تا 13 دسمبر 2021ء تین دن کا “ علمِ توقیت کورس “ ہوا جس میں ادارۂ ہذا کے 92 طلبہ اور 4 اساتذۂ کرام نے شرکت کی۔ یہ کورس صاحبزادہ مفتی محمد مُحبُّ اللہ نوری قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی سربراہی میں ماہر علم ِ توقیت مولانا محمد وسیم عطّاری نے کروایا۔ کورس میں شرکا کو پانچوں نمازوں کے اوقات معلوم کرنے کے طریقے ، چھ ماہ کا دن ، چھ ماہ کی رات کہاں ، کیسے اور کیوں ہوتے ہیں؟ دن اور رات چھوٹے اور بڑے کیوں ہوتے ہیں؟ دو شہروں کے اوقات میں فرق کیوں ہوتا ہے؟ مختلف ممالک کے اوقات مختلف کیوں ہوتے ہیں؟ دنیا کے کسی بھی مقام کے لئے سمتِ قبلہ معلوم کرنے کے طریقے اور سورج دیکھ کر گھڑی ملانے کا فارمولا سمیت بہت اہم معلومات فراہم کی گئیں۔ کورس میں صاحبزادہ نعیم ُاللہ نوری صاحب نے بھی شرکت کی ، آخر میں صاحبزادہ مُحبُّ اللہ نوری صاحب کے ہاتھوں شرکائے کورس میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
دعوتِ اسلامی کے وفد کی صدر آزاد کشمیر
بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے ملاقات
آزادکشمیر میں دعوت اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے حکومت ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی ، صدر آزاد کشمیر
8 دسمبر 2021ء کو دعوتِ اسلامی کے وفد نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا حاجی عبدُ الحبیب عطّاری نے صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو دعوتِ اسلامی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور انہیں آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں پر بریفنگ دی۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے دعوتِ اسلامی کی کاشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ آزادکشمیر میں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے حکومت ہر طرح کی معاونت کرے گی۔ دعوتِ اسلامی کے وفد میں اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری ، حاجی وقارُ المدینہ عطّاری اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ وفد کی جانب سے بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیاگیا۔
ملک و بیرون ملک نمازِ جنازہ کورس کا اہتمام
2 لاکھ 46ہزار سے زائد افراد کی شرکت
ماہِ ربیعُ الاول اور ربیعُ الآخر 1443ہجری میں پاکستان بھر میں 6ہزار 196نمازِ جنازہ کورس ہوئے جن میں 2لاکھ46ہزار 271عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ پاکستان کے علاوہ ہند ، یوکے ، نیپال ، یورپین یونین اور خلیجی ممالک میں بھی نمازِ جنازہ کورس کروائے گئے۔ مجلس کفن دفن کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں 3ہزار 104 نمازِ جنازہ کورس کروائے گئے جن میں 49ہزار 211 عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ اس کورس میں شرکا کو نمازِ جنازہ پڑھنے کے فضائل اور نمازِ جنازہ پڑھنے کا مکمل طریقہ بیان کرنے کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل بھی کروایا گیا ۔
ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے H.O.D مولانا مہروز علی عطّاری مدنی کا صوبہ سندھ بلوچستان اور پنجاب کاجدول
ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی پروموشن کے سلسلے میں
مختلف شہروں کا دورہ کیا
گزشتہ دنوں ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے ہیڈ آف ڈیپارٹ مولانا مہروز علی عطّاری مدنی نے لاہور ، ملتان ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، فیصل آباد ، خانپور ، حیدرآباد ، دادو ، لاڑکانہ ، سکھر ڈیرہ اللہ یار اور دیگر شہروں کا سفر کیا۔ اس سفر میں کئی مساجد ، مدارس اور جامعات میں درس و بیان کا سلسلہ ہوا جس میں اساتذہ و طلبہ اور ذمہ داران سمیت کئی عاشقانِ رسول نے شرکت کی ، جبکہ مختلف مارکیٹس ، بک اسٹالز وغیرہ کا وزٹ اور شخصیات سے ملاقاتیں بھی اس سفر کا حصہ رہیں۔ مولانا مہروز علی عطّاری مدنی نے اسلامی بھائیوں کو پانچ زبانوں (عربی ، اردو ، ہندی ، گجراتی اور انگلش) میں شائع ہونے والے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کا تعارف پیش کیا اور اس کی بکنگ کروانے کی ترغیب دی۔ اس کے علاوہ مختلف مجالس کے ذمہ داران اور مبلغین کے ساتھ مشاورتوں کا سلسلہ رہا جس میں ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی سبسکریبشن بڑھانے کے حوالے سے اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوئی نیز سبسکریبشن کے حوالے سے کئی اہداف بھی طے کئے گئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوت اسلامی کے شب وروز ، کراچی
Comments