تعزیت و عیادت

ماہنامہ مارچ2022ء

حضرت علّامہ میاں کمالُ الدّین چشتی سیالوی کے انتقال پر تعزیت

جیتے جی موت کی تیاری کرلیجئے

صحابی ابنِ صحابی ، حضرت عبدُاللہ بن عمر  رضی اللہُ عنہما  فرماتے ہیں : جب تو شام کرے تو آنے والی صبح کا انتظار مت کر اور جب صبح کرے تو شام کا منتظر نہ رہے ، حالتِ صحت میں بیماری کے لئے اور زندگی میں موت کے لئے تیاری کرلے۔ (بخاری ، 4 / 223)

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  عُفِیَ عَنْہُ  کی جانب سے

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ مولانا میاں غلام مصطفےٰ سیالوی اور مولانا میاں غلام مجتبیٰ سیالوی کے ابو جان استاذُالعلماء حضرت علّامہ مولانا میاں کمالُ الدّین چشتی سیالوی (امام و خطیب جامع مسجد حیدرِ کرار پنڈی ، سیدپور تحصیل پنڈدادن خان ، ضلع جہلم) فالج میں مبتلا رہتے ہوئے 17ربیعُ الآخر شریف 1443 سِنِ ہجری مطابق 23نومبر 2021ء کو 80سال کی عمر میں پنڈی ، سیدپور تحصیل پنڈدادن خان میں قضائے الٰہی سے انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔

میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر سے کام لینے کی تلقین۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفےٰ  جَلَّ جَلَالُہ  و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! استاذُالعلماء حضرت علّامہ مولانا میاں کمالُ الدّین چشتی سیالوی کو غریقِ رحمت فرما ، ربِّ کریم! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، یااللہ پاک! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِ نظر وسیع ہو ، مولائے کریم! ان کی قبر کا اندھیرا ، گھبراہٹ ، وحشت ، تنگی دور ہو ، نورِ مصطفےٰ کا صدقہ ان کی قبر تاحشر جگمگاتی رہے ، روشن رہے ، اے اللہ پاک! مرحوم کو بے حساب مغفرت سے مشرف فرماکر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے حبیب ، آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا پڑوسی بنا ، یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ ِجمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، یااللہ پاک! میرے  پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں ، اپنے کرم کے شایانِ شان ان پر اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو عطا فرما ، بوسیلۂ خاتمُ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  یہ سارا ثواب استاذُالعلماء حضرت علّامہ مولانا میاں کمالُ الدّین چشتی سیالوی سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

تمام سوگوار صبر و ہمت سے کام لیں ، اللہ پاک کی جو مرضی ہوئی وہی ہوا ، ایک کی دنیا سے رخصتی دوسرے کیلئے باعثِ عبرت ہوتی ہے کہ ہمیں بھی عنقریب دنیا سے جانا ہے ، اللہ پاک ہمیں بُرے خاتمے سے بچائے ، ایمان و عافیت کے ساتھ دنیا سے کلمہ پڑھتے ہوئے پیارے محبوب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے جلووں میں کاش موت آئے ، زہے نصیب! گنبدِ خضرا کا سایہ ہو ، وہاں محبوب کے جلوے ہوں اور شہادت کی صورت میں موت آئے۔

اے کاش!

یوں مجھ کو موت آئے تو کیا پوچھنا مِرا

میں خاک پر نگاہ درِ یار کی طرف

(ذوقِ نعت ، ص156)

خوب خوب خوب ایصالِ ثواب کیجئے ، صدقۂ جاریہ کے کام کیجئے۔ بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

 مشہور نعت خواں خالد حسنین  خالد صاحب  کی رحلت

مشہور نعت خواں خالد حسنین  خالد صاحب  دل کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد 18 دسمبر 2021ء کو 43 سال کی عمر میں اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ مرحوم  کی نمازِ جنازہ ریلوے گراؤنڈ چکوال میں ادا کی گئی جس میں عاشقانِ رسول کی  بڑی تعداد  شریک ہوئی۔

مدنی چینل پر 18دسمبر2021ء بروز ہفتہ بعد نمازِ عشا ہونے والے براہِ راست (Live) سلسلہ “ مدنی مذاکرہ “ میں مرحوم  کی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں وہ اپنی زندگی کے آخری لمحات میں کلمۂ طیبہ پڑھ رہے تھے ، یہ وڈیو دیکھ کر شیخِ طریقت ، امیرِ  اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے ارشاد فرمایا : آخری لمحے میں اللہ پاک کا ذِکْر کرنا بڑی خوش نصیبی ہے۔ حدیثِ پاک میں ہے : “ جس کا آخری کلام لَآاِلٰہَ اِلَّا اللہ ہو وہ جنّت میں داخل ہوگا “ ۔ (ابوداؤد ، 3 / 255 ، حدیث : 3116) سُبحٰنَ اللہ! اللہ اِن کے صدقے ہمیں بھی کلمہ نصیب فرمائے ، اٰمین۔ آقا کے ثَنا خوانوں کی چاندی ہی چاندی ہے ، نعت خوانی کوئی معمولی شرف نہیں ہے جس کو ملے ملے مگر نعت اللہ کی رضا کے لئے پڑھی جائے ، اگر بالفرض کوئی پیسوں کے لئے پڑھتا ہےکہ پیسے نہیں ملیں گے تو نہیں پڑھیں گےتو پھر ایسے نعت خوانوں کے لئے کوئی فضیلت نہیں ہے بلکہ پیسے کے لئے پڑھنا گناہ ہے۔ جو نعت خواں اللہ کی رضا کے لئے نعت پڑھے گا تو اِنْ شَآءَ اللہ اس کا بیڑہ پار ہوگا۔ سرکار کی ثَنا خوانی بہت بڑا شرف ہے۔ اللہ ہم سب کو نصیب فرمائے ، اٰمین۔

نعت خوانی موت بھی ہم سے چھڑا سکتی نہیں

قبر میں بھی مصطفٰے کے گیت گاتے جائیں گے

مختلف پیغاماتِ عطّاؔر

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے دسمبر2021ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ “ پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 1846پیغامات جاری فرمائے جن میں 442 تعزیت کے ، 1197عیادت کے جبکہ 207دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے (1)پیرِ طریقت ، الحاج حکیم قاری حضرت سیّد عزیزُ الحسن شاہ قادری رضوی صاحب (حیدرآباد) [1] (2)حضرت مولانا عاشق حسین حبیبی صاحب (مدینۃُ الاولیاء احمدآباد شریف ، ہند) [2] (3)حضرت مولانا الحاج صوفی محمد نثارُ الحق علوی قادری چشتی نیازی صاحب (لاہور) [3] (4)حضرت مولانا شاہ نواز داؤد پوٹو صاحب (ٹھل ، جیکب آباد ، سندھ)[4] سمیت 442 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

میاں عبدالغفور صاحب کیلئے دعائے صحت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

صبر کا ذہن بنانے کا ایک طریقہ

مکتبۃُ المدینہ کے رسالے “ خودکشی کا علاج “ صفحہ43 پر ہے : صبر کا ذہن بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے سے بڑھ کر مصیبت زدہ کے بارے میں غور کیا جائے ، اس طرح اپنی مصیبت ہلکی محسوس ہوگی اور صَبْر کرنا آسان ہوجائےگا۔ حضرتِ سیِّدُنا امام شَعْبی  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرمایا کرتے : اگر اپنے اوپر آئی ہوئی آفت کا لوگ اُس سے بڑی آفت کے ساتھ مُوازَنہ (یعنی مقابلہ) کرتے تو ضَرور بعض آفتوں کو عافیَّت جانتے۔ (تنبیہ المغترین ، ص177)

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفےٰ  جَلَّ جَلَالُہ  و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! (سجادہ نشین درگاۂ عالیہ کَٹبار شریف ، بلوچستان) میاں عبدُالغفور صاحب کو شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، یااللہ پاک! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، اے اللہ پاک! یہ بیماری ، یہ دُکھ ، یہ پریشانی ان کے لئے ترقیِ درجات کا باعث ، جنّتُ الفردوس میں بے حساب داخلے اور جنّتُ الفردوس میں تیرے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مدنی ، محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا پڑوس پانے کا ذریعہ بنے ، یااللہ پاک! کربلا والوں کاخصوصاً ننھے منے شہیدِ کربلا علی اصغر کا صدقہ اِن کی جھولی میں ڈال دے ، اے اللہ پاک! راحتوں کے دروازے اِن پر کھول ، اے مالک! یہ اس آزمائش سے نکل آئیں ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! رحمت فرما ، کرم فرما دے ، فضل کردے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! (یعنی کوئی حرج کی بات نہیں اللہ نے چاہا تو یہ مرض گناہوں سے پاک کرنے والا ہے۔ )

بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے * حضرت مولانا قاری محمد اکرم نقشبندی * مفتی فیصل ندیم شاذلی * حضرت مولانا حکیم عبدالمجید * مولانا شاداب مصباحی صاحب سمیت 1197بیماروں اور دُکھیاروں کیلئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔


[1] تاریخِ وفات : 22ربیع الآخر شریف1443ھ مطابق27نومبر2021ء

[2] تاریخِ وفات : 28ربیع الآخر شریف1443ھ مطابق4دسمبر2021ء

[3] تاریخِ وفات : 15جمادی الاُولیٰ 1443ھ مطابق20دسمبر2021ء

[4] تاریخِ وفات : 9جمادی الاُولیٰ 1443ھ مطابق14دسمبر2021ء۔


Share

Articles

Comments


Security Code