وظائف
ماہنامہ فیضان مدینہ جولائی 2023
اولاد ملنے کا روحانی عمل
بے اولاد مرد7 نَفْل روزے رکھے اورروزانہ اِفْطار کا وَقت جب قریب ہو تو یَامُصَوِّرُ ( 21بار ) پڑھے اورپانی پر دَم کرکے بیوی کو پلادے ( اگر بیوی بھی روزہ دار ہو تو چاہے تو اُسی پانی سے روزہ کھولے ) اللہ ربُّ العزّت کی عنایت سے نیک بیٹے کی ولادت ہوگی۔ بانجھ ( یعنی جسے اولاد نہ ہوتی ہو ایسی ) عورت بھی چاہے تو یہ عمل کرے اور دَم کرکے اس پانی سے افطار کرلے۔ ( چاہیں تو دونوں الگ الگ اوقات میں بھی یہ عمل کرسکتے ہیں )
( زندہ بیٹی کنوئیں میں پھینک دی ، ص23 )
میاں بیوی میں صلح کا روحانی علاج
یَامَانِعُ ، یَامُعْطِیْ20بار ، بیوی ناراض ہو تو شوہر اور اگر شوہر ناراض ہو تو بیوی سونے سے قبل بچھونے پر بیٹھ کر پڑھے ، اِنْ شآءَ اللہ الکریم صُلْح ہوجائے گی۔ ( مدت : تاحُصولِ مُراد ) ( 40روحانی علاج مع طبی علاج ، ص10 )
نظر اُتارنے کا روحانی علاج
بِسمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم سات بار ، ایک مرتبہ آیَۃُ الکُرسی ، تین مرتبہ سُوْرَۃُ الْفَلَق ، تین مرتبہ سُوْرَۃُ النَّاس ( فلق اور ناس کے قبل ہر بار پوری بِسمِ اللہ پڑھنی ہے ) اوّل آخر ایک باردُرُودِ پاک پڑھ کر تین عدد سُرخ مِرچوں پر دَم کیجئے۔ پھر اِن مرچوں کو مریض کے سَر کے گرد 21 بارگھما کر چولہے میں ڈال دیجئے ، اِنْ شآءَ اللہ الکریم نظرکا اثردُور ہوجائے گا۔ ( بیمار عابد ، ص44 )
مُوذی اَمراض سے حِفاظت کا روحانی نسخہ
لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہ 76بار کاغذ وغیرہ پر لکھ ( یا لکھوا ) کر آبِ زَم زم شریف سے دھو کر پینے والا اِنْ شآءَ اللہ الکریم مُوذی اَمراض سے محفوظ رہے گا۔ ( بیمار عابد ، ص37 )
Comments