قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند  منتخب خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023

خواب : ایک اسلامی بھائی نے اپنے چچا کے وصال کے بعد انہیں خواب میں گوشت کھاتے دیکھا ہے۔

تعبیر : حلال جانور کا گوشت کھاتے ہوئے دیکھا تو بہت اچھا ہے اِن شآءَ اللہ وہ عافیت میں ہوں گے۔ گوشت کا کھانا رزق اور نعمت کی علامت ہے۔ اور فوت شدہ کو کھاتے دیکھے تو اس کے لئے باعث برکت ہے۔

خواب : میں نے اپنی والدہ کو انتقال کے تقریباً تین یا چار دن بعد خواب میں اس حال میں دیکھا : میں نے نمازِ اشراق و چاشت پڑھی اور دعا کرنے لگا : یا اللہ پاک میری والدہ کی مغفرت فرمادے میری والدہ کو غوثِ پاک رحمۃُ اللہ علیہ کے صدقہ میں بخش دے یہ دعا کرتا رہا اور سوگیا  ( یہاں سے خواب شروع ہے )  میری والدہ ایک صحن میں ہیں جو نہ گھر لگ رہا تھا اور نہ ہی مسجد اس میں کچھ صفیں بچھی ہوئی ہیں اور میری والدہ پہلی صف میں سیدھی جانب حالتِ تشہد میں بیٹھی ہیں نورانی صورت ہے اور صحت مند نظر آرہی ہیں جو لباس پہن رکھا ہے وہ ہلکے پیلے رنگ کا ہے ، لیکن وہ مجھے بڑی سنجیدگی و متانت سے دیکھ رہی ہیں ، اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے اور بیدار ہونے پر میری زبان پر یہ دعا جاری تھی : یا اللہ میری ماں کی مغفرت فرمادے یا اللہ میری ماں کو بخش دے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے ، دعا کا اثر ہے۔ اِن شآءَ اللہ آپ کی والدہ عافیت میں ہوں گی۔ البتہ ان کے لئے دعا اور ایصال ثواب کی کثرت کرتے رہیں۔

خواب : بہت پانی دیکھا ہے سیلاب کی طرح ہے پانی سے خوف ہونا کیسا ؟

تعبیر : آزمائش کی علامت ہے۔ کچھ راہِ خدا میں صدقہ کریں اور دُعا کی کثرت کریں۔

خواب : خواب میں خود کو آسمان پر بادل کے پیچھے چُھپے دیکھنا کیساہے ؟

تعبیر : اچھا نہیں ہے ، توبہ و استغفار کی کثرت کریں۔ اگر زندگی میں کوئی ایسا کام ہے جو شرعاً درست نہیں تو اس سے اجتناب کریں۔ راہِ خدا میں صدقہ کرنا بھی بے حد مفید ہوگا۔

خواب : خواب میں یہ دیکھنا کیسا کہ مردہ چوزے ایک دَم سے زندہ ہو گئے ؟

تعبیر : فضول خواب ہے ، اس کی طرف توجہ نہ فرمائیں۔

خواب : ایک اسلامی بہن نے خواب دیکھا ہے کہ ایک بڑا میدان ہے اور وہاں بہت سارے لوگ ہیں ، اتنے میں پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تشریف لے آتے ہیں لیکن میری طرف آپ علیہ السّلام کی پشت مبارک تھی تو میں نے کہا کہ کاش میں آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو دیکھ لیتی ! تو کسی نے آواز دی کہ کیوں نہیں دیکھ سکتی ؟ اتنے میں میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے۔ چہرۂ انور کی زیارت کی تمنا ہر مسلمان کے دل کی خواہش ہے ۔ درودِ پاک کی کثرت کریں  اور سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے زیارت کا استغاثہ بھی۔ اِن شآءَ اللہ ضرور کرم ہوگا۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code