دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے !

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023


رمضان المبارک 1444ھ میں دعوتِ اسلامی

کے تحت دنیابھر میں اجتماعی اعتکاف

ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد

عاشقانِ رسول نے اجتماعی اعتکاف کیا

اعتکاف کی برکات حاصل کرنے کے لئے دنیا بھر میں کثیر عاشقانِ رسول دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہونے والے ایک ماہ اور دس دن کے اجتماعی اعتکاف میں بیٹھنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ اس سال رمضانُ المبارک 1444ھ میں ملک و بیرونِ ملک 100 مقامات پر دعوتِ اسلامی کے تحت ایک ماہ کے لئے اجتماعی اعتکاف ہوئے جن میں معتکفین کی تعداد 10ہزار600سے زائد تھی جبکہ 11 ہزار 949 مقامات پر آخری عشرے کے اجتماعی اعتکاف ہوئے جن میں 1لاکھ73ہزار412عاشقانِ رسول معتکف ہوئے۔

ایک ماہ کا اعتکاف : تفصیلات کے مطابق کراچی ، اسلام آباد ، لاہور ، حیدرآباد ، ملتان ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور کشمیر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریباً 24 مقامات پر دعوتِ اسلامی کے تحت اجتماعی اعتکاف منعقد ہوئے جن میں آٹھ ہزار سے زائد عاشقانِ رسول اعتکاف میں بیٹھے جبکہ بیرونِ ممالک میں 76 مقامات پر 2600 سے زائد عاشقانِ رسول معتکف ہوئے۔

دس روزہ اعتکاف : پاکستان بھر میں دس دن کیلئے 11ہزار281 مقامات پر اجتماعی اعتکاف کا سلسلہ ہوا جن میں 1لاکھ 60 ہزار 789 عاشقانِ رسول قربِ الٰہی حاصل کرنے کے لئے اعتکاف میں بیٹھے۔ دنیابھر کی رپورٹ پر نظر ڈالیں تو بیرونِ ممالک میں 668 مقامات پر 12623 عاشقانِ رسول نے آخری عشرے کااعتکاف کیا۔

یاد رہے کہ دعوتِ اسلامی کے تحت منعقد ہونے والے اعتکاف کئی اعتبار سے منفرد ہوتے ہیں مثلاً یہاں معتکفین کے لئے باقاعدہ پورے دن کے شیڈول کو ترتیب دیا جاتا ہے۔ معتکفین کی تربیت کیلئے نماز ، تلاوتِ قراٰن ، ذِکر و اَذکار ، نفلی عبادات اور دیگر شرعی مسائل سیکھنے سکھانے کے لئے مختلف حلقے منعقد ہوتے ہیں۔ معتکفین کی معاشرتی و اخلاقی تربیت کے لئے مفتیانِ کرام اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے سنتوں بھرے بیانات کا سلسلہ بھی ہوتا ہے۔ جبکہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شیخِ طریقت ، امیر اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمدالیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ روزانہ کی بنیاد پر عصر اور تراویح کی نماز کے بعد مدنی مذاکروں میں عاشقانِ رسول کی دینی ، اخلاقی ، تنظیمی اور شرعی اعتبار سے تربیت فرماتے ہیں۔ فجر کی نماز کے فوراً بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے ولولہ انگیز اصلاحی بیانات بھی کئی لوگوں کی زندگیاں بدل دیتے ہیں۔ نیز معتکفین کے لئے کئی ایک سہولیات مہیا کی جاتی ہیں ، مثلاً : سحری و افطاری میں مناسب کھانا ، بڑے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی ، خصوصی ایمرجنسی میڈیکل ایڈ کیمپس جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود ہوتا ہے۔

چاند رات مدنی قافلوں کی روانگی : دعوتِ اسلامی کے تحت اعتکاف کرنے والے کئی اسلامی بھائی اعتکاف کے فوراً بعد گھر جانے کے بجائے شوق سے چاند رات کو مدنی قافلوں میں روانہ ہوجاتے ہیں۔ عیدُ الفطر کی چاند رات کو پاکستان بھرمیں 746 مقامات سےتقریباً 7 ہزار 120 عاشقانِ رسول ایک ماہ ، 12 دن اور تین دن کے مدنی قافلوں میں روانہ ہوئے۔

اعلیٰ حضرت کی ولادت کے موقع پر

 ” افتتاحِ بخاری شریف “ کا انعقاد

امیرِاہلِ سنّت نے ” بخاری شریفکی پہلی حدیث پڑھی

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ کی ولادت کے موقع پر 30اپریل2023ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں اجتماع ” افتتاحِ بخاری شریف “ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے دورۃُ الحدیث کے طلبہ و اساتذۂ کرام فیضانِ مدینہ کراچی میں براہِ راست جبکہ بیرونِ ملک کے طلبہ و اساتذۂ کرام مدنی چینل کے ذریعے شریک تھے۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک اور نعتِ رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد ” جلوسِ رضویہ “ بھی نکالا گیا۔ شیخِ طریقت ، امیر اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمدالیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھ کر سنائی۔ امیرِ اہلِ سنّت نے طلبۂ کرام کو نصیحت کرتے ہوئے انہیں علمِ دین اچھی نیّت کے ساتھ حاصل کرنے کا ذہن دیا۔ اس کے بعد خصوصی مدنی مذاکرہ بھی ہوا جس میں امیرِ اہلِ سنّت نے سیرتِ اعلیٰ حضرت پر گفتگو کرتے ہوئے شُرکا کو تعلیماتِ اعلیٰ حضرت پر عمل کرنے اور مسلکِ اعلیٰ حضرت پر کاربند رہنے کا ذہن دیا۔ تقریب میں مفتیانِ کرام ، نگرانِ شوریٰ اور اراکینِ شوریٰ بھی موجود تھے۔

شہرِ کراچی میں سرکاری اسکیم کے تحت جانے

والے حاجیوں کی تربیت کا سلسلہ

مفتی علی اصغر عطّاری نے

 حج کے حوالے سے شُرکا کی راہنمائی کی

گورنمنٹ آف پاکستان کی جانب سے سال2023ء میں سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے والے عازمین کی تربیت کے لئے بھر پور انداز میں دعوتِ اسلامی ملک بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی تھی۔ اسی سلسلے میں 3تا 6مئی2023ء کراچی کے علاقے پُرانی سبزی منڈی میں واقع عسکری بینکویٹ میں حج تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں عازمینِ حج کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیشن میں مرکزی رؤیتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے رکن مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے مناسکِ حج ، فلسفۂ حج اور انتظامی اُمور کے حوالے سے تربیت کی۔ اس کے علاوہ مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے حج کے حوالے سے کئی اہم اُمور پر شُرکا کی تربیت و راہنمائی فرمائی۔

اقصیٰ مسجد ، صدر کراچی میں

 مکتبۃُ المدینہ کی نئی برانچ کا افتتاح

نئی برانچ کا افتتاح مفتی محمد شفیق عطّاری مدنی نے کیا

دعوتِ اسلامی نے عاشقانِ رسول کو مطالعے کا شوق دلانے اور کتابوں سے رشتہ جوڑنے کیلئے مختلف شعبہ جات قائم کر رکھے ہیں۔ انہی میں سے ایک شعبہ ” مکتبۃُ المدینہ “ بھی ہے جس کی ملک و بیرونِ ملک 46 برانچز قائم ہیں جہاں سے مطالعہ کے شوقین افراد کتابیں خرید کر ان کا مطالعہ کرتے ہیں۔مئی2023ء میں جامع مسجد اقصیٰ ریگل چوک ، اکبر روڈ صدر کراچی میں اطراف کے رہائشیوں اور وہاں مختلف آفسز ، کمپنیز اور دکانوں پر کام کرنے والے افراد کی آسانی کیلئے نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔نئی برانچ کا افتتاح دارُالافتاء اہلِ سنّت کے مفتی محمد شفیق عطّاری مدنی صاحب نے کیا اور دُعابھی کروائی۔

شعبہ ائمہ مساجد کے تحت ملک بھر میں

 ” احکامِ مسجد کورس “ کا انعقاد

رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے

کورس کے شُرکا کو تربیت سے نوازا

اس کورس میں مسجد انتظامیہ کے افراد ، ائمہ کرام ، دعوتِ اسلامی کے شعبہ ائمہ مساجد کے ذمّہ داران اور مقامی ذمّہ داران نے شرکت کی۔

اس کورس میں ان7اہم نکات پر تربیت کی گئی :  ( 1 ) مسجد کے بنیادی احکام و آداب  ( 2 ) چندہ جمع کرنے اور خرچ کرنے کے شرعی احکام  ( 3 ) وقف کے ضروری اور بنیادی مسائل و احکام  ( 4 ) متولی مسجد اور مسجد انتظامیہ کی شرعی ذمّہ داریاں  ( 5 ) امام صاحبان کی اہمیت اور ان کا منصب و وجاہت  ( 6 ) مسجد کے جملہ اخراجات چلانے کیلئے مسجد کو کیسے خود کفیل کیا جائے ؟  ( 7 ) آمدن و خرچ کا نظام کیسے بہتر و منظم کیا جائے۔

احکامِ مسجد کورس پاکستان کے تمام صوبوں میں 36سے زائد مقامات پر ہوا جن میں مجموعی طور پر 4400 سے زائد عاشقانِ رسول شریک ہوئے اور مسجد کے اہم احکام سیکھے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*   فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز ، کراچی


Share