پانی پینے کے آداب

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

پانی پینے کے آداب

*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی 2023

ہمارے پیارے آقا مکی مدنی مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : لَا يَشْرَبَنَّ اَحَدٌ مِّنْكُمْ قَائِمًا یعنی تم میں سے کوئی بھی کھڑے ہو کر پانی ہرگز نہ پئے۔ ( مسلم ، ص862 ، حدیث : 5279 )

پانی کو عربی زبان میں”مَاءٌ“کہتے ہیں یہ لفظ قراٰن پاک میں کئی بار آیا ہے۔

پیارے بچّو ! پانی ہمارے جسم کی اہم ضرورت کو پورا کرتا ہے اور اس کے بہت سارے فائدے بھی ہیں۔ جن بچّوں کی پانی پینے کی عادت نہیں ہے یا بہت ہی کم پیتے ہیں انہیں چاہئے کہ پانی پیا کریں۔

لیکن ! پانی کیسے پینا ہے اس کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے :

پانی روشنی میں دیکھ کر ، بِسْمِ اللہ شریف پڑھ کر ، تین سانس میں ، سیدھے ہاتھ سے ، بیٹھ کر پینا چاہئے۔ہاں آب زمزم کھڑے ہو کر پی سکتے ہیں کیونکہ ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بھی کھڑے ہو کر پیا ہے۔ ہمارے لئے سب سے بڑے راہنما پیارے پیارے مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں انہوں نے فرمایا کہ پانی بیٹھ کر پینا ہے تو ہم بیٹھ کر ہی پئیں گے۔ اِن شآءَ اللہ

اچھے بچّو ! پانی کی قدر کرنی چاہئے اور اسے ضائع بھی نہیں کرنا چاہئے۔ بعض بچے پانی پینے کے بعد تھوڑا سا پانی گلاس میں چھوڑ دیتے ہیں یا گرا کر ضائع کر دیتے ہیں ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہئےکیونکہ پانی یا کسی بھی صحیح چیز کو بے کار اور ضائع کرنا بہت بری بات ہے ، قراٰنِ کریم میں اس سے منع کیا گیا ہے۔ ( پ 15 ، بنی اسرآئیل : 26  )

اللہ پاک ہمیں پانی کی قدر کرنے اور سنّت کے مطابق پینے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share