کیا ریکارڈڈ آیتِ سجدہ سننے سے سجدہ واجب ہوگا؟

اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون2022ء

(1)کیا ریکارڈڈ آیتِ سجدہ سننے سے سجدہ واجب ہوگا؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کسی شخص نے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پرریکارڈڈ آیتِ سجدہ لگارکھی ہوتو اس کا اسٹیٹس سننے والے پر سجدۂ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں ؟ 

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

صورتِ مسئولہ میں آیت ِسجدہ پر مشتمل ریکارڈڈ ، واٹس ایپ اسٹیٹس سننے والے پر سجدۂ تلاوت واجب نہیں ہوگا کیونکہ علماء کرام نےاسے صدائے بازگشت (وہ آواز جو کسی بند یا خالی جگہ لگانے سےدیوار ، پہاڑ یا گنبد وغیرہ سے ٹکرا کر واپس آئے ، اس) کی طرح سماعِ مُعاد (پلٹ کر آنے والی آواز کا سننا) قراردیا ہے اور سماعِ مُعاد میں سجدۂ تلاوت لازم نہیں ہوتا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ  عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کتبــــــــــــــــــــــہ

ابوالحسن مفتی محمد ہاشم خان عطاری

(2)عورتوں کا مائیک پر نعت پڑھنا کیسا؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عورت کا عورتوں کی محفل میں مائیک پر نعت پڑھنا کیسا جبکہ یہ بات یقینی ہو کہ اس کی آواز باہر کئی غیر محرم افراد تک جارہی ہے ؟ تو عورتیں اتنی بلند آواز سے نعت خوانی کر سکتی ہیں یا نہیں ؟ 

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

اوّلاً یہ ذہن نشین فرما لیجئے کہ عورت کا عورتوں کی محفل میں نعت پڑھنا بے شک جائز ، کارِ ثواب اوربہت ساری برکتیں پانے کا باعث ہے ، لیکن کوئی بھی ثواب کا کام تبھی ثواب کا ذریعہ بنتا ہے جبکہ شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے کیا جائے اور اگر شریعت کے کسی امر کی خلاف ورزی لازم آئے تو پھر بسااوقات ثواب کُجا ، استحقاقِ گناہ و عذاب ہو تا ہے مثلاً کوئی لوگوں کو دِکھانے کے لئے نماز پڑھے تو گناہ گار ہوگا کہ اس نے شریعت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نماز پڑھی ہے ۔

لہٰذا عورتوں کامیلاد کی محافل منعقد کرنا بھی بے شک جائز و موجبِ اجروثواب ہے ، لیکن اس میں اس بات کا لحاظ رکھنا شرعاً لازم ہے کہ عورت کی آواز نامحرموں تک نہ جائے ، اگر عورت کی آواز اتنی بلند ہوکہ غیر محرموں کواس کی آواز پہنچے گی ، تواس کا اتنی بلند آواز سے نعت پڑھنا ناجائز وگناہ ہوگا ، خواہ وہ مائیک پر پڑھ رہی ہو یا نہیں یونہی خواہ گھر میں کسی کمرے میں ہو یا کسی اورجگہ کیونکہ عورت کی خوش الحانی اجنبی سنے ، محلِ فتنہ ہے اور اسی وجہ سے ناجائز ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ  عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

مُجِیْب                                                                                                                                                            مُصَدِّق

ابوصدیق محمد ابوبکر عطاری مفتی محمد ہاشم خان عطاری


Share