خوابوں کی تعبیر میں فرق

خوابوں کی دنیا

خوابوں کی تعبیر میں فرق

* مولانا محمد اسد عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون2022ء

خواب کی تعبیر خواب دیکھنے والے کے مزاج ، جگہ ، حالات اور مقام و منصب کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہے مثلاً ایک ہی خواب ایک عام آدمی دیکھے اور وہی خواب کوئی بادشاہ دیکھے تو دونوں کی تعبیر مختلف ہوسکتی ہے کیونکہ انار دیکھنے کی تعبیر ایک عام شخص کے بارے میں کچھ اور ہے جبکہ بادشاہ دیکھے تو جنگ اور اس میں کامیابی کی علامت ہوسکتی ہے۔ یونہی علاقے کے فرق سے بھی تعبیر میں فرق ہوسکتا ہے مثلاً کتے کو دیکھنے کی تعبیر شہری کے حق میں دیہاتی سے مختلف ہوتی ہے۔ اسی طرح لوگوں کے رہن سہن ، بول چال ، Culture ، موسم یہ سب چیزیں تعبیر پر اثر انداز ہوتی ہیں اس لئے ان تمام باتوں کا خیال رکھنا تعبیر بیان کرنے والے کے لئے ضروری ہوتا ہے۔

یونہی اوقات کے فرق سے بھی فرق ہوتا ہے ایک ہی خواب دن میں دیکھا جائے اس کی تعبیر اسی طرح کے رات میں دیکھے گئے خوابوں سے مختلف ہو سکتی ہے بعض کتابوں میں باقاعدہ اس مضمون پر ایک مستقل باب تحریر کیا گیا ہے۔ خواب کی تعبیر میں فرق کی ایک وجہ جنس کا فرق بھی ہوتا ہے ایک ہی چیز مرد کے لئے اچھی جبکہ عورت کے لئے بری یونہی اس کے بر عکس بھی ہوسکتی ہے مثلاً خواب میں مرد کے لئے کندھے سے نیچے لمبے بال کی تعبیر عورت کے لمبے بالوں سے جدا ہوگی ، یونہی بہت سی اشیاء میں فرق پایا جاتا ہے۔

خواب کی تعبیر میں نیک و بد کے فرق سے بھی فرق ہوتا ہے ، ایک ہی خواب نیک شخص کے حق میں اچھا جبکہ فاسق کے حق میں برا ہوسکتا ہے  جیساکہ ایک مرتبہ امام ابنِ سیرین  رحمۃُ اللہِ علیہ  کے پاس ایک شخص حاضر ہوا اور ایک خواب بیان کیا کہ میں خواب میں اذان کہتا ہوں ، فرمایا : حج کو جائے گا۔ ایک اور شخص نے بھی یہی خواب بیان کیا تو فرمایا : تو کسی جرم میں پکڑا جائے گا اور سزا پائے گا۔ لوگوں نے تعجب کا اظہار کیا کہ خواب تو ایک ہے مگر دونوں کے لئے تعبیر جدا کیوں؟ تو آپ نے فرمایا : پہلا شخص اپنے حلیے اور حال احوال سے نیک معلوم ہوتا تھا جبکہ دوسرا ایسا نہیں تھا لہٰذا دونوں کی تعبیر کے لئے میں نے جدا جدا آیات سے Reference لیا اور تعبیر بیان کی اس بیان سے ہمیں یہ بھی معلوم ہوا کہ نیکی انسان کی شخصیت کے لئے کس قدر فائدہ مند جبکہ فسق و گناہ کس قدر تباہ کن ہو سکتا ہے۔ (تعبیر الرؤیا ، ص168)

آپ کے خوابوں کی تعبیر

خواب : میں نے ایک خواب  دیکھا تھا کہ میں سمندر کے پاس بیٹھا ہوں اور پانی کی لہروں کو دیکھ رہا ہوں اتنے میں ایک کافی عمر کےبزرگ میرے پاس آئے اور اُن کے ہاتھ میں ناشتے دان تھا میر ے پاس بیٹھ گئے اور کھانے کا ناشتے دان کھولا اور بولے : آؤ بیٹا! میرے ساتھ کھانا کھاؤ ، میں نے اُن کے کھانے کی طرف دیکھا یہ سوچ کر کہ کھانے میں پتا نہیں کیا ہو گا جب کھانا نظر آیا تو معلوم ہوا نہاری ہے پھر میں نے کھانے کے لئے ہاتھ آگے کیا تو مجھ سے کہا : ابھی ٹھہرو! پھر انھوں نے بہت سارا گھی اُس میں ملادیا  اتنا گھی تھا کہ نہاری کم اور گھی زیادہ دیکھ رہا تھا دیکھنے میں بھی بہت عجیب لگ رہا تھا  پھر مجھ سے کہا : اب آپ کھائیں پھر میں نے ان کے ساتھ پیٹ بھر کے نہاری اور گھی کھایا۔ براہِ کرم اس خواب کی تعبیر بیان فرمادیجئے۔ جزاک اللہُ  خیراً

 تعبیر : سمندر کا دیکھنا کسی بڑے صاحبِ منصب شخص سے واسطہ پڑنے کی دلیل ہے ہو سکتا ہے آپ کسی ایسے کام میں مصروف ہوں جس میں بڑے لوگوں سے معاملہ درپیش ہوگا البتہ بزرگ کا آکر شفقت فرمانا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ کو اپنے کام میں کامیابی نصیب ہوگی  اِن شآءَ اللہ لہٰذا اگر آپ کسی بڑے یا غیر معمولی کام میں پڑنا چاہ رہے ہیں تو اسے اچھے انداز پر کیجئے اور اللہ پاک کی ذات پر بھروسا رکھئے۔

خواب : میں نے خواب میں نیولا دیکھا ہے ،  وہ میرے قریب آتاہے  منہ کھولتاہے ، مجھے ڈر لگتاہے کہ کہیں کاٹ نہ لے ، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس نے کاٹا نہیں ، البتہ مجھے بہت ڈر لگا۔ ( اسلامی بہن)

 تعبیر : خواب میں نیولا دیکھنا چور کی علامت ہے۔ لہٰذا خواب دیکھنے والے کو چاہئے کہ وہ اپنے سامان اور مال کی حفاظت میں کوتاہی نہ کرے بعض اوقات اس طرح کے خواب دکھانے کا مقصد انسان کو متنبہ کرنا ہوتا ہے جو کہ بندۂ مومن کے لئے نعمت ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code