سفر نامہ
یورپ کا سفر
* مولانا عبدالحبیب عطّاری
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2022ء
کراچی سے جرمنی : 20 نومبر 2021ء بروز ہفتہ کراچی ایئرپورٹ سے براستہ دبئی جرمنی روانگی ہوئی۔ جرمنی کے شہر Dusseldorf کے ایئرپورٹ پر جرمنی کے علاوہ انگلینڈ ، ڈنمارک ، ہالینڈاور بیلجیئم کےاسلامی بھائی بھی ہمارے استقبال کے لئے موجود تھے۔
غیر مسلموں کی عبادت گاہ مسجد بن گئی : ایئرپورٹ سے سفر کرکے ہم جرمنی کےشہر Hagenمیں واقع اس مسجد میں پہنچے جہاں پہلے غیر مسلموں کی عبادت گاہ قائم تھی۔ دعوتِ اسلامی نے 2019ء میں یہ عمارت خریدی تھی اور جب ہم پہلی بار یہاں آئے تو اس وقت یہاں غیر مسلموں کی مذہبی نشانیاں بھی موجود تھیں۔ اس مسجد میں فی الحال باجماعت نمازِ پنج گانہ اور نمازِ جمعہ کا سلسلہ ہے ، اس کے علاوہ بچّوں کا مدرسہ بھی قائم ہے جس میں کثیر بچّے علمِ دین حاصل کررہے ہیں۔ ہم نے یہاں نمازِ عصر باجماعت ادا کی۔
اللہ پاک کے کرم سے دعوتِ اسلامی دنیا کے کثیر ممالک میں مساجدو مدارس کی تعمیر میں مصروفِ عمل ہے۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں مسلمان آباد ہیں اور انہیں مسجد کی ضرورت ہے تو اِن شآءَ اللہ دعوتِ اسلامی کا شعبہ خدامُ المساجد اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے وہاں مسجد بنانے کی کوشش کرے گا۔
جرمنی میں مختلف مصروفیات : Hagen شہر میں ہی ایک جگہ شخصیات کے درمیان مدنی حلقے کا سلسلہ بھی ہوا۔
اگلے دن یعنی 21 نومبر 2021ء بروزاتوار جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے قریبDietzenbach نامی علاقے میں ایک اسلامی بھائی کے گھر جانا ہوا۔
اس کے بعد فرینکفرٹ شہر کے فیضانِ مدینہ میں سنّتوں بھرے اجتماع میں حاضری ہوئی جہاں نعت شریف پڑھنے اور بیان کرنے کی سعادت ملی۔ اجتماع میں اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ، آخر میں صلوٰۃ وسلام اور دعا کے بعد ملاقات کا سلسلہ بھی ہوا۔
اَلحمدُ لِلّٰہ! فرینکفرٹ کے فیضان مدینہ میں مدرسۃُ المدینہ کا سلسلہ بھی ہے جس میں 44سے زائد بچّے قراٰنِ کریم کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
جرمنی سے اٹلی روانگی : جرمنی کے مختلف شہروں میں مدنی مراکز کا دورہ اور سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات کرنے کے بعد ہم 24 نومبر بروز بدھ اٹلی کےلئے روانہ ہوئے۔ وہاں Bologna شہر کے فیضانِ مدینہ میں سنّتوں بھرے اجتماع میں ’’اللہ پاک کی اطاعت “ کے عنوان پر بیان کیا جس میں اسلامی بھائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، اجتماع کے آخر میں اسلامی بھائیوں سے ملاقات ہوئی۔
اٹلی سے اسپین : اگلے روز 25نومبر 2021ء بروز جمعرات ہم اسپین کے شہر Valencia پہنچے جہاں ایک مسجد میں “ ایثار “ کے عنوان پر سنّتوں بھرے بیان کا سلسلہ ہوا۔
ایثار کسے کہتے ہیں ، اس کی کیا فضیلت ہے اور ہم کس طرح ایثار کرسکتے ہیں ، یہ سب جاننے کے لئے امیرِ اہلِ سنت مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا رسالہ ’’مدینے کی مچھلی “ مکمل پڑھ لیجئے ، اِن شآءَ اللہ ایثار کا ثواب کمانے کا ذہن بنے گا۔
محترم قارئین! اسپین تاریخِ اسلام میں بہت اہمیت رکھتا ہے ، اس کا پہلا نام اُنْدلُس ہے۔ اندلس کے شہر غَرناطَہ ، قُرطبہ اور اشبیلیہ اپنے دور میں اسلامی عُلوم و فُنون کے عظیم مراکز تھے۔ بعد ازاں مسلمانوں کی بداعمالیوں اور عیش کوشیوں کے سبب یہ اندلس اغیار کے قبضے میں چلا گیا۔
اسپین میں اَلحمدُ لِلّٰہ 17 مدنی مراکز ہیں جبکہ بچوں کے 18مدارسُ المدینہ اور بچیوں کے 38 مدارسُ المدینہ ہیں جن میں مجموعی طور پر 1200 سے زائد بچّے اور بچیاں قراٰن پاک کی تعلیم حاصل کررہے ہیں نیز ایک جامعۃُ المدینہ بھی قائم ہے جس میں عالم کورس کروایا جاتا ہے۔
نمازِ جمعہ کی ادائیگی : 26نومبر بروز جمعۃُ المبارک ہم اسپین کے ایک اور شہر Barcelona کے فیضانِ مدینہ میں نمازِ جمعہ کے لئے حاضر ہوئے۔ نماز سے پہلے سنّتوں بھرے بیان کی سعادت ملی۔ نمازِ جمعہ کے بعد یہاں بھی اسلامی بھائیوں سے ملاقات کی ترکیب ہوئی۔
یہاں سے فارغ ہوکر ایک جگہ شخصیات کے مدنی حلقے میں بھی شرکت ہوئی اور پھر اسی روز شام کو Barcelona ایئرپورٹ سے کراچی کے لئے واپسی ہوئی۔
اللہ کریم ہمارے اس سفر کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ جن اسلامی بھائیوں نے اس سفر میں ہمارے ساتھ کسی بھی طرح تعاون کیا یا دینی کاموں وغیرہ سے متعلق اچھی نیتیں کیں ، اللہ پاک ان سب کو دنیا وآخرت کی بے شمار بھلائیاں نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* رکنِ شوریٰ و نگرانِ مجلس مدنی چینل
Comments