کچھ نیکیاں کمالے

حج اورعمرے کا ثواب دلانے والی نیکیاں

* مولانامحمد افضل عطاری مدنی

ماہنامہ مارچ2021

ہمارا رب کیسا بےحساب عطا فرمانے والا ہے اس کی عطاؤں کے کیا کہنے کہ ایک نیکی پر ایک نہیں بلکہ دس گنا ثواب بلکہ کئی نیکیوں پر تو 25 اور 70 گنا تک اجر عطا فرماتا ہے جبکہ بعض بہت چھوٹی نیکیوں پر تو عظیم عبادات حج اور عمرے کا ثواب بھی عطا فرماتا ہے۔

ضروری وضاحت : حکیمُ الامت مفتی احمد یار خان نعیمی  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں : خیال رہے کہ حج کا ثواب ملنا اور (یعنی الگ بات) ہے (جبکہ) حج کی ادا کچھ اور ، یہاں ثواب کا ذکر ہے نہ کہ ادائے حج کا ، جیسے اطباء کہتے ہیں کہ ایک گرم کئے ہوئے مُنَقّٰیمیں ایک روٹی کی طاقت ہے مگر پیٹ روٹی ہی سے بھرتا ہے ، کوئی شخص دو وقت تین تین مُنقّے کھا کر زندگی نہیں گزار سکتا۔ ([i])

آئیے ایسی چند نیکیوں کا ذکر کرتے ہیں جن پر حج یا حج وعمرہ دونوں کا ثواب ملتا ہے۔

100حج کا ثواب : اللہپاک کے آخری نبی محمدِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : جس نے صبح و شام سو سو مرتبہ سُبْحٰنَ اللہ پڑھا تو وہ سو حج کرنے والے کی طرح ہے۔ ([ii])

کامل حج کا ثواب : ایک حدیث پاک میں ارشادِ شاہِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : جو صبح کو مسجد کی طرف بھلائی سیکھنے یا سکھانے کے ارادے سے چلے گا اسے کامل حج کرنے والے کا ثواب ملے گا۔ ([iii])

حج و عمرےکا ثواب : اِحیاءُ العلوم میں امام غزالی  رحمۃُ اللہِ علیہ  نقل فرماتے ہیں کہ جس نے جامع مسجد میں عصر کی نماز پڑھی اس کے لئے حج کا ثواب ہے اور جس نے وہاں مغرب کی نماز پڑھی اس کے لئے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ہے (یعنی جمعہ ادا کرنے کے بعد عصر و مغرب ادا کرنے کے لئے مسجد میں ٹھہرے رہنے پر یہ ثواب ہے)۔ ([iv])

 ایک حج ا ور عمرے کا ثواب : حضرت سیّدنا ابو ہریرہ اور عبدُالله بن عمر  رضی اللہُ عنہم  سے روایت ہے : جو اپنے کسی مسلمان بھائی کی حاجت روائی کے لئے جاتا ہے اللہکریم اُس پر75ہزار فرشتوں کے ذَرِیعے سایہ فرماتا ہےوہ فرِشتے اس کے لئے دُعا کرتے ہیں اور وہ فارِغ ہونے تک رَحمت میں غو طہ زَن رَہتا ہے اور جب وہ اِس کام سے فارِغ ہوتاہے تو اللہکریم اُس کے لئے ایک حج اور ایک عُمرے کا ثواب لکھتاہے۔ ([v])

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، مجلس رابطہ بالعلماء و المشائخ ، پاکستان



([i])مراۃ المناجیح ، 3 / 346

([ii])ترمذی ، 5 / 288 ، حدیث : 3482

([iii])معجم کبیر ، 8 / 94 ، حدیث : 7473

([iv])احیاء العلوم ، 1 / 249

([v])معجم اوسط ، 3 / 222 ، حدیث : 4396


Share