اسلام اور عورت

گھر میں دینی ماحول بنانے کا ایک نسخہ

* ام میلاد عطاریہ

ماہنامہ مارچ2021

اپنے اہلِ خانہ کو اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کا ذہن دینا بھی ایک مسلمان کی اہم ذمہ داری ہے۔ عُموماً گھر کے مختلف افراد کی سوچ مختلف ہوتی ہے۔ ان مختلف ذہنیت رکھنے والوں کو دین کے راستے پر لانے میں گھر کی خواتین اہم کردار ادا کرسکتی ہیں :

اللہ تبارک و تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :

( یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا وَّ قُوْدُهَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَةُ )

 ترجَمۂ کنزُالایمان :  اے ایمان والو اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو اُس آگ سے بچاؤ جس کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔ ([i](اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

اس آیتِ کریمہ کے تحت “ خزائنُ العرفان “ میں ہے : اللہ پاک اور اس کے رسول  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی فرمانبرداری اختیار کرکے ، عبادتیں بجا لا کر ، گناہوں سے باز رہ کر اور گھر والوں کو نیکی کی ہدایت اور بَدی سے ممانعت کرکے اور انہیں علم و ادب سکھا کر۔ ([ii])

پیاری اسلامی بہنو! اپنے اہلِ خانہ کو نیکی کی طرف مائل کرنا ، گناہوں سے نفرت دلانا اور  گھر میں دینی ماحول بنانا ہماری ایک بہت بڑی ضرورت ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ گھر کے افراد ہماری بات سننے پر آمادہ ہوں اور وہ کون سا طریقہ ہے جس سے  گھر میں ماں باپ ، بہن بھائی ، ساس نند سبھی ہماری بات سنیں اور ہمارے قریب آئیں ، قراٰن  پاک سے پتا چلتاہے کہ  نرم دلی  لوگوں کو  قریب کرتی  ہے اور سخت مزاجی متنفر ہونے کا سبب ہےچنانچہ

(فَبِمَا  رَحْمَةٍ  مِّنَ  اللّٰهِ  لِنْتَ  لَهُمْۚ-وَ  لَوْ  كُنْتَ  فَظًّا  غَلِیْظَ  الْقَلْبِ  لَا  نْفَضُّوْا  مِنْ  حَوْلِكَ۪- )

 ترجَمۂ کنزُالایمان : تو کیسی کچھ اللہ کی مہربانی ہے کہ اے محبوب تم ان کے لیے نرم دل ہوئے  اور اگر تند مزاج سخت دل ہوتے  تو وہ ضرور تمہارے گرد سے پریشان ہوجاتے۔ ([iii](اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

اسی طرح  رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی مبارک سیرت  سے بھی پتا چلتا ہے کہ نرمی ہماری اور ہمارے گھروالوں کی بھلائی کا ذریعہ ہے چنانچہ ہماری پیاری ماں سیّدہ عائشہ صدیقہ  رضی اللہُ عنہا   فرماتی ہیں کہ پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے مجھ سے ارشاد فرمایا : اے عائشہ! نرمی اختیار کرو جب اللہ  کریم کسی  گھر والوں سے بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے تو انہیں نرمی عطا فرما دیتا ہے۔ ([iv])

گھر میں دینی ماحول بنانے  کے لئے مزید یہ کہ اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا بھی کرتی رہیں ،  گھر والوں کی طرف سے مخالفت اور سختی پر صبر و تحمل سے کام لیں ،  کوئی بات مانے یا نہ مانے آپ  ہر جائز معاملے میں سبھی کی بات مانیں  یہ چھوٹی چھوٹی باتیں اِن شآءَ اللہ دوسروں کی نظر میں آپ کی اہمیت بڑھائیں گی اور بالآخر وہ بھی آپ کی بات سنیں گے اور یوں آہستہ آہستہ گھر کا ماحول صحیح اسلامی ماحول بن جائے گا۔ اِن شآءَ اللہ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* نگران عالمی مجلس مشاورت (دعوتِ اسلامی) اسلامی بہن



([i])پ28 ، التّحریم : 6

([ii])احترامِ مسلم ، ص7

([iii])پ4 ، اٰل عمرٰن : 159

([iv])مسند امام احمد ، 9 / 345 ، 405 ، حدیث : 24481 ، 24788۔


Share

Articles

Comments


Security Code