میں تحریری مقابلہ میں کیسے شامل ہوا؟

میں تحریری مقابلہ میں کیسے شامل ہوا ؟

طلبۂ کرام کی ترغیب کے لئے عرض کر رہا ہوں :

میرے دل میں دینی رسائل اور کتابیں پڑھنے کا شوق تو پچپن سے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی تحاریر و ترغیبات کے سبب پیدا ہو چکا تھا مگر کبھی لکھنے کی طرف ذہن نہیں جاتا تھا شاید لا شعوری اور خوف کے سبب کہ ہم بھی بھلا کچھ لکھ سکتے ہیں ! یہ کیسے ممکن ہے ؟

تقریباً دو سال پہلے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے تحریری مقابلے کا معلوم ہوا تو جھٹ پٹ WhatsApp گروپ جوائن کر لیا مگر پھر سستی اور غلبۂ خوف کے سبب لکھ نہ سکا۔ گروپ میں میسج آتے مگر کبھی وقت ملا تو دیکھ لیا کبھی صرفِ نظر کر دیا۔ پھر آہستہ آہستہ میسجز دیکھنے اور پڑھنے شروع کئے ۔

 بھلا ہو مجلس ” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کاکہ بڑے شفیق انداز میں طلبہ کو لکھنے کا شوق دلاتے ، غلطی پر احسن طریقے سے اصلاح فرماتے اور ترغیباً جامعات کا آپس میں مقابلہ بھی کرواتے ہیں۔ بالآخر اَلصُّحْبَۃُ مُؤَثِّرَۃ  ( صحبت اثر رکھتی ہے )  مقولے نے اپنا اثر دکھایا اور ایک دن ہمت کر کے دیئے گئے عنوانات میں سے ایک عنوان پر لکھنے کے لئے بیٹھ ہی گیا اور اللہ  کریم کے فضل سے شاید ایک دو گھنٹوں میں مضمون مکمل کر لیا اور ہمت کر کے ماہنامہ کے آفیشل واٹس ایپ نمبر 03012619734 پر سینڈ بھی کر دیا۔

اس پر بھی مجلس کی طرف سے حوصلہ افزائی والا میسج تشریف لایا ۔ مزید خوشی اس وقت ہوئی جب جامعہ وائز لسٹ مرتب ہوئی تو میرے جامعہ کا نام بھی اس میں تھا کیونکہ پہلی بار ہمارے جامعہ کا نام فہرست میں آیا تھا۔

کچھ دن گزرے تو مجلس کی طرف سے میسج آیا کہ آپ کا مضمون مقابلہ میں سلیکٹ ہو چکا ہے اور یہ باقاعدہ ماہنامہ میں شامل ہو گا واقعی اس وقت ایسا لگا کہ میں ہواؤں میں ہوں ، اَلحمدُ لِلّٰہ !

یہ مجلس ” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا احسان کہ اس نے یہ پلیٹ فارم فراہم کیا ورنہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہم بھی کچھ لکھ سکتے ہیں۔

جب اپنا انعام لینے ” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے آفس کراچی پہنچا تو تحریری مقابلہ کے نگران مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی صاحب نے تحریری مقابلہ کی اہمیت و افادیت اور طریقہ کار کے متعلق شاندار بریفنگ دی تو پتا چلا کہ ہماری چند گھنٹوں کی محنت سے لکھے گئے مضامین پر یہ لوگ بہت زیادہ ورک کرتے ہیں اس مضمون کی فارمیشن ، پروف ریڈنگ حتی کہ شرعی تفتیش کروا کر ویب سائٹ پر اپلوڈ کرتےہیں جہاں سے ساری دنیا ہمارے لکھے گئے مضامین سے استفادہ کر سکتی ہے ۔

یہ ہے ہماری دعوتِ اسلامی جس شعبے میں بھی آئی چھا گئی ۔ یقیناً یہ سب امیرِ اہلِ سنّت کی تربیت ، ذمہ داران کے اخلاص اور محنت کا نتیجہ ہے ۔

میں تمام طلبہ کو دعوت دوں گا کہ ہر ماہ  ایک مضمون تو لازمی لکھئے ۔اس طرح جب آپ تعلیمی دَور سے فارغ ہوں گے تو آپ کے لکھے گئے مضامین کی ایک پوری کتاب بن سکتی ہے۔

اللہ پاک دعوتِ اسلامی اور بالخصوص مجلس ماہنامہ فیضانِ مدینہ کو مزید ترقیاں و عروج عطا فرمائے ۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

محمد کامران عطّاری

 ( درجۂ سادسہ ، جامعۃُ المدینہ فیضانِ کنزالایمان ، کراچی )نائٹ شفٹ( )


Share