خوابوں کی تعبیریں
قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیریں
*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اگست2023
خواب میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میری موٹرسائیکل چوری ہو گئی ہے ، اس کی تعبیر بتا دیں ؟
تعبیر : اگر واقعی آپ کے پاس موٹر سائیکل ہے ، اس کی حفاظت کے اسباب اختیار فرمائیں ! البتہ خواب کی بنیاد پر ضروری نہیں کہ چوری ہی ہو ، بعض اوقات کسی کی خبر یا کوئی پراناخیال بھی خواب کی شکل میں نظر آجاتا ہے نیز اپنے سامان کی حفاظت تو ویسے ہی کرنی چاہئے۔
خواب میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نیکی کی دعوت دے رہی ہوں ۔تعبیر بتا دیجئے ؟
تعبیر : کسی کو نیکی کی دعوت دینا بہت اچھا کام ہے ، اللہ پاک کی جانب سے اس نیک کام پر توفیق ملنے کی دلیل ہے۔ کوشش کریں گی تو برکت ہوگی۔
خواب جہاں گھر کی ٹینکی کا پانی گرتا ہے میں اس پلاٹ میں جاتی ہوں ، وہاں پلاٹ سے گلاب کے پودے سے گلاب کے پھولوں کی ٹہنی توڑتی ہوں ایک گلاب پورا کھلا ہوتا ہے دوسرا کھلنے والا ، جب مڑتی ہوں تو گھر بھول جاتی ہوں تھوری کوشش کے بعد گھر مل جاتا ہے ۔اندر پھول کی ٹہنی پکڑے آتی ہوں ۔
تعبیر : مجموعی طور پر گلاب کے پھول کی تعبیریں بہت اچھی ہیں ، اگر کوئی شادی شدہ دیکھے تو اس کے لئے اولادِ نرینہ کی خوشخبری ہے۔
خواب میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے کمرے میں دو افراد کالا برقعہ پہنے ہوئےہیں ان کے ہاتھ میں ایک بچہ ہے اور وہ اس بچے کا گلا دباتے ہیں اور مجھے کہتے ہیں جو تمہارے گلے میں تعویذ ہے یہ اتار دو ورنہ بچے کا گلا دبا دیں گے۔میں تعویذ نہیں اتارتی اور وہ مجھے مارتے بھی ہیں ۔
تعبیر : شیطان کی طرف سے اس طرح کے خواب دکھائی دیتے ہیں۔ لاحول شریف کی کثرت کریں۔ سونے سے پہلے آیت الکرسی ، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھنے کی عادت بنائیں۔ اِن شآءَ اللہ ایسے خواب نہیں آئیں گے اور اس خواب کے برے نتیجے سے بھی حفاظت رہے گی۔
خواب میں نے خواب دیکھا ہے کہ میرے 10 بیٹے ہیں جبکہ میرا ایک بیٹا ہے ۔
تعبیر : عموماً دل میں کثرت اولاد کی خواہش ہوتی ہے اور زیادہ تر لوگوں کی خواہش بیٹے کی ہوتی ہے۔ خواب اچھا ہے اللہ پاک کا شکر ادا کریں ! نعمت ملنے کی علامت ہے۔
خواب میں خواب میں جمعہ یا عید کی نماز مسجد میں پڑھ رہا تھا کہ اچانک زلزلہ آتا ہے سب لوگ بھاگ جاتے ہیں امام کےپیچھے صرف میں ہی رہتا ہوں۔
تعبیر : اللہ پاک رحم فرمائے ، کرم فرمائے ! زلزلہ اچھی علامت نہیں ، البتہ نماز میں کھڑے رہنا اچھا ہے ، ہوسکتا ہے آپ کو عبادت کرنے کی راہ میں دشواریوں کا سامنا ہو اگر آپ ڈٹے رہیں گے تو اللہ پاک کی خاص توفیق نصیب ہوگی عبادت میں تقویت ملے گی۔ ہو سکے تو کچھ راہِ خدا میں صدقہ کردیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* نگران مجلس مدنی چینل
Comments