کتابِ زندگی 

 ترقی کیوں ضروری ہے؟

(Why progress is necessary?)

* مولانا ابورجب محمد آصف عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی 2022ء

ٹریننگ سیشن جاری تھا ، ٹرینر نے ایک سادہ کاغذ دکھا کر حاضرین سے پوچھا کہ کیا اس کے بدلے بینک سے رقم نکلوائی جاسکتی ہے؟ جواب نفی میں ملا۔ پھر اس نے جیب ایک دستخط شدہ چیک نکالا اور پوچھا : کیا اسے دے کر بینک سے کچھ مل سکتا ہے ؟حاضرین کی طرف سے جواب ملا : بالکل ۔ ٹرینر کا آخری سوال یہ تھا کہ ہمارے ملک میں نئے قانون کی فائل پر اگر صدر سائن کردے تو کیارزلٹ ہوگا؟ جواب ملا : یہ قانون (Law) پورے ملک میں نافذ ہوجائے گا؟ ٹرینر نے کہا : آپ غور کیجئے کہ میں نے تینوں مرتبہ کاغذ کے بارے میں ہی پوچھا لیکن اس کی ویلیو میں فرق کی وجہ سے ہر مرتبہ جواب مختلف ملا ، سادہ کاغذ کے بدلے کچھ نہ مل سکا ، چیک پر جتنی رقم لکھی تھی وہ بینک نے ہمارے حوالے کردی ، صدر کی منظوری کے بعداس کاغذ میں اتنی طاقت آگئی کہ اس پر لکھا ہوا قانون پورے ملک میں نافذ ہوگیا ، یہی معاملہ انسانوں کا ہوتا ہے کہ ان کی ویلیو میں فرق کی وجہ سے ان کی اہمیت میں فرق آجاتا ہے ، جیسے جیسے ان کی صلاحیتیں اور مہارتیں (Skills) بڑھتی جاتی ہیں ، انہیں ترقی ملتی جاتی ہے۔

یہاں دو باتیں اہم ہیں : (1)ترقی کی طرف سفر انسان کی ضرورت ہے لیکن سب سے پہلے خود سے پوچھ لیں کہ آپ ترقی کرناچاہتے ہیں یا نہیں ؟ کیونکہ کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جو جہاں ہیں وہیں رہنا پسند کرتے ہیں ترقی نہیں کرنا چاہتے ، اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ وہ جس مقام یا منصب پر ہوتے ہیں خود کو اسی کمفرٹ زون (آرام دہ حصے)میں رکھتے ہیں ، ان کی سوچ ہوتی ہے کہ کون ترقی کیلئے اتنی محنت اورکوشش کرے ! لہٰذا ہمیں ترقی نہیں چاہئے۔ ایسوں کی خدمت میں گزارش ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ خود کو بہتر کرنا صرف ترقی کرنے کے لئے ضروری نہیں ہوتا بلکہ تنزلی (Degradation) سے بچنے کے لئے بھی ضروری ہوتا ہے کیونکہ کسی اچھے مقام کو پالینا مشکل ہے تواس مقام تک پہنچنے کے بعد اس کو برقرار رکھنا مشکل ترین ہے ۔ ترقی کے لئے کوشش کرنے کا کم سے کم یہ تو فائدہ ہوگا کہ اگر ترقی نہ بھی ملی تو زوال سے بچے رہیں گے ۔ جبکہ کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جن کی ترقی کرنے کی خواہش تو ہوتی ہے لیکن وہ ترقی کر نہیں پاتے ، اس کے ذمہ دار وہ خود بھی ہوتے ہیں ، وہ یوں کہ انہیں ترقی کے راستوں کا علم نہیں ہوتا نہ وہ کسی سے پوچھتے ہیں ، یا علم تو ہوتا ہے لیکن سستی اور غفلت کی وجہ سے ترقی کے راستوں پر چل نہیں پاتے (2)دوسری اہم بات یہ ہے کہ آپ کس اعتبار سے پراگریس چاہتے ہیں؟ بزنس ، جاب ، ایجوکیشن وغیرہ۔

ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین!

 ایجوکیشن ، جاب یا بزنس کی ترقی کیلئے کیا کیا راہیں اختیار کی جاسکتی ہیں یہ سب اہم اور ضروری نکات ہیں جن کے بارے میں معلومات اور آگاہی (Awareness) بہت کم لوگوں کو ہوتی ہے ۔

ترقی کی راہ پر چلنے کے لئے سب سے پہلے آپ کو جس شعبے میں پراگریس کرنی ہےاس کے معیار(Standard) سے آگاہی حاصل کریں ، پھر اپنا جائزہ لیں کہ آپ اس معیار پر کتنا پورا اترتے ہیں؟

نیز ضرورت پڑے تو خود کو Reset کریں ، جس طرح موبائل وغیرہ کو کیا جاتا ہے کہ ری سیٹ کرنے کے بعد کچھ ایپلی کیشنز خود بخود فریش ہوکر واپس آجاتی ہیں اور بقیہ کو اپنی مرضی سے انسٹال کیا جاسکتاہے ۔ خود کو ری سیٹ کرنے سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ Negative چیزوں سے چھٹکارا پاسکیں گے اور Positive چیزوں کو زیادہ سے زیادہ اپنا سکیں گے ۔

 اس کے بعد وہ راستے تلاش کریں جن پر چل کر آپ خود کو بہتر کرسکتے ہیں۔                           

 (ان راستوں کا بیان اگلی قسط میں ہوگا۔ اِن شآءَ اللہ)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* اسلامک اسکالر ، رکن مجلس المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کراچی


Share