خوابوں کی دنیا

علمُ التّعبیر کی تاریخ

* مولانا محمد اسد عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2022ء

 بعض اوقات انسان کو خواب دیکھنا تو یاد رہتا ہے مگر جو دیکھا وہ بھول جاتا ہے ، لوگ اس کی وجہ سے تشویش میں مبتلا نظر آتے ہیں۔ یاد رہے خواب کا بھول جانا کوئی برائی نہیں یہ مختلف لوگوں کی ذہنی کیفیت کے اعتبار سے مختلف ہوتا ہے۔ جس طرح جاگتے ہوئے لوگوں کی قوتِ حافظہ اور یاد رکھنے کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے اسی طرح خواب یاد رہنے کا معاملہ بھی مختلف ہوا کرتا ہے۔ البتہ جو اس علم کے ماہر ہوں ان کے پاس ایسے طریقے موجود ہوتے ہیں جن سے بھولے ہوئے خواب کو کسی حد تک معلوم کیا جا سکتا ہے۔

یہ علم کتنا قدیم ہے؟ علمُ التّعبیر کی تاریخ کے بارے میں کئی طرح سے کلام کیا گیا ہے۔ البتہ حضرت سیدنا یوسف  علیہ الصّلوٰۃ و السّلام  کو اللہ پاک نے خصوصیت کے ساتھ یہ علم عطا فرمایا۔ چنانچہ اللہ پاک کا ارشاد ہے : (وَ كَذٰلِكَ یَجْتَبِیْكَ رَبُّكَ وَ یُعَلِّمُكَ مِنْ تَاْوِیْلِ الْاَحَادِیْثِ وَ یُتِمُّ نِعْمَتَهٗ عَلَیْكَ وَ عَلٰۤى اٰلِ یَعْقُوْبَ كَمَاۤ اَتَمَّهَا عَلٰۤى اَبَوَیْكَ مِنْ قَبْلُ اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْحٰقَؕ-اِنَّ رَبَّكَ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ۠(۶)) ترجَمۂ کنزُ الایمان : اور اسی طرح تجھے تیرا رب چن لے گا اورتجھے باتوں کا انجام نکالنا سکھائے گا اور تجھ پر اپنی نعمت پوری کرے گا اور یعقوب کے گھر والوں پر جس طرح تیرے پہلے دونوں باپ دادا ابراہیم اور اسحٰق پر پوری کی بےشک تیرا رب علم و حکمت والاہے۔ [1]  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

یونہی کئی دیگر انبیائے کرام  علیہمُ السّلام  کے خوابوں کا تذکرہ بھی قراٰن وحدیث میں ملتا ہے۔ ہمارے پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  مخلوق میں سب سے بڑھ کر علم والے ہیں ، آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے بھی بارہا تعبیر بیان فرمائی۔ اس اُمّت میں امیرُ المؤمنین حضرت سیدنا صدیقِ اکبر  رضی اللہُ عنہ  اس علم کوجاننے اور بیان کرنے میں نمایاں شان رکھتے ہیں۔

حضرت سیدنا محمد بن سیرین رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں : حضورنبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے بعد اُمّت میں سب سے بڑے مُعَبِّر یعنی خوابوں کی تعبیر بیان کرنے والے حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہُ عنہ ہیں۔ [2]

علمِ تعبیر میں آپ رضی اللہُ عنہ  کی مَہارت کا راز یہ ہے کہ آپ نے یہ علم خودرسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سے سیکھا ہے۔ چنانچہ حضرت سیدنا سمرہ رضی اللہُ عنہ  سے روایت ہے کہاللہ پاککے محبوب ، دانائے غُیوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : مجھے خوابوں کی تعبیر بتانے کا حکم دیا گیا ہے نیز یہ بھی حکم دیاگیا ہے کہ یہ علم میں ابوبکر کو سکھاؤں ۔ [3]

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہُ عنہ  نے نہ صرف علمِ تعبیر اللہ پاککے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سے سیکھا بلکہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو خود حکم دیاگیا کہ تعبیر بتانے کے لئے حضرت ابو بکر صدیق کو مقرر فرمائیں ۔ چنانچہ حضرت سیدنا سمرہ رضی اللہُ عنہ  سے روایت ہے کہ نورکے پیکر ، تمام نبیوں کے سَرْوَر صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشادفرمایا : مجھے اس بات کاحکم دیا گیا ہےکہ خوابوں کی تعبیر بتانے کے لئے ابوبکر صدیق کو مقرر کروں۔ [4]

صحابۂ کرام کے بعد تابعین میں علامہ ابن سیرین  رحمۃُ اللہِ علیہ  (سالِ وفات : 110 ہجری) کا نا م سب سے نمایاں ہے۔ یہاں تک کےآپ کو اس فن میں امام مانا جاتا ہے۔ آپ کے علاوہ بھی کئی تابعین اور ان کے بعد فقہاء ، علما کی ایک بڑی تعداد نے اس فن پر کلام کیا اور بیسیوں کتابیں بھی تحریر فرمائیں ۔ چونکہ اس علم کا تعلق خالص دینی علوم سے ہے لہٰذا ہر زمانے کے علما نے اس پر کلام بھی فرمایا اور لوگوں کی اس دینی ضرورت کو پورا بھی فرمایا۔

اللہ پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

قارئین کے خواب

خواب : میں نے خواب میں اپنے ماموں (جو کہ کام کے سلسلے میں عنقریب عرب شریف جانے والے ہیں ، اُن) کو دیکھا وہ سفید جوڑے میں ملبوس تھے جگہ کا نہیں پتا کون سی تھی۔ لیکن وہ مسلسل مسکرا رہے تھے۔ (بنتِ محمد رمضان ، کراچی)

تعبیر : اس خواب کی بنیا د پر کوئی برا مطلب نہیں بنتا جو سفر پر جانا چاہ رہے رہیں  وہ بالکل سفر کریں ۔ البتہ سفر پر جانے سے پہلے راہِ خدا میں کچھ صدقہ کردیا جائے تو بہت اچھا ہے۔

خواب : میں نے خواب میں کئی مرتبہ سانپ دیکھا ہے ، سانپ ڈسنے کی کوشش کرتا ہے اور میں دور بھاگنے کی کوشش کرتی ہوں مگر بھاگا نہیں جاتا ، البتہ سانپ نے ڈسا نہیں ہے۔ (ایک اسلامی بہن)

تعبیر : خواب میں سانپ کادیکھنا اچھا نہیں ، یہ بُرےشخص اور دشمن کی علامت ہوا کرتا ہے ، البتہ خواب میں سانپ کا نہ ڈسنا یہ ایک مُثبت پہلو ہے۔ اللہ پاک آپ کو ہربُرےشخص اوردشمن سےمحفوظ فرمائے!گزارش ہےکہ آپ اللہ پاک کی بارگاہ میں دشمن سےحفاظت کے لئے دعا کریں اور راہِ خدا میں اس نیت کے ساتھ کچھ صدقہ بھی کردیں کہ اللہ پاک آپ کو خواب کے بُرے اثر سے محفوظ فرمائے ، البتہ ظاہری اعتبار سے اپنے ملنے جُلنے اُٹھنے بیٹھنے پر بھی غور کریں کہ آپ کے اطراف میں کون ایسا شخص ہوسکتا ہے کہ جو آپ کے لئے نقصان کا باعث ہو ، اس سےاپنی حفاظت کے لئے دُور رہنےکی کوشش کریں ، اللہ پاک آپ کو دونوں جہاں میں سلامتی عطافرمائے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگرانِ مجلس مدنی چینل



[1] پ 12 ، یوسف : 6

[2] کنزالعمال ، جز15 ، 8 / 219 ، حدیث : 219

[3] تاریخ الخلفاء ، ص33

[4] الروض الانیق فی فضل الصدیق ، ص49 ، حدیث : 29۔


Share

Articles

Comments


Security Code