اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
* مولانا محمد عمرفیاض عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی 2022ء
“ ختمِ بخاری شریف “ کے روح پرور اجتماعات
امیرِ اہلِ سنت نے بخاری شریف کی سب سے
آخری حدیث شریف کا درس دیا
تفصیلات کے مطابق کراچی ، حیدر آباد ، فیصل آباد ، اسلام آباد ، لاہور اور ملتان میں قائم جامعاتُ المدینہ میں 26فروری 2022ء کی شب “ ختمِ بخاری شریف “ کے سلسلے میں عظیمُ الشّان اجتماعات منعقد ہوئے۔
روح پرور اجتماعات سے قبل طلبہ اور اساتذۂ کرام نے اپنے اپنے جامعات میں نصاب (Syllabus) میں شامل بخاری شریف کی احادیث کی قرأت کی جس کے بعد ہفتے کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی سب سے آخری حدیث شریف “ کَلِمَتَانِ خَفِیْفَتَانِ عَلَی اللِّسَانِ ، ثَقِیْلَتَانِ فِی الْمِیْزَانِ ، حَبِیْبَتَانِ اِلٰی الرَّحْمٰنِ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْم “ کا درس دیا اور اس کی شرح بیان کی۔ ترجمہ : دو کلمے ایسے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں ، میزانِ عمل میں بھاری ہیں اور اللہ پاک کو بہت پسند ہیں(وہ دو کلمے یہ ہیں) : “ سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ ، سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْم۔ “
(بخاری ، 4 / 297 ، حدیث : 6682)
اس موقع پر امیرِ اہلِ سنّت کا کہنا تھا کہ درسِ نظامی کی تکمیل کا مطلب یہ نہیں کہ اب مزید علم نہیں سیکھنا ، تمام طلبہ تحصیلِ علم کا سلسلہ جاری رکھیں ، اپنے علم پر عمل کریں ، اپنے علم سے لوگوں کو فائدہ پہنچاتے رہیں اور خوب دینی کاموں میں حصہ ملائیں۔
“ قرأتِ بخاری شریف “ اور “ ختمِ بخاری شریف “ کے اجتماعات میں مفتیانِ کرام ، جامعاتُ المدینہ کے اساتذۂ کرام ، طلبہ اور ذمّہ داران سمیت ہزاروں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔
دعوتِ اسلامی نے “ مدنی ہوم “ کے نام سے
پہلے “ یتیم خانے “ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
تقریبِ سنگِ بنیاد میں مولانا عبدُالحبیب عطّاری اور
مولانا سجاد مدنی سمیت اراکینِ شوریٰ کی شرکت
دعوتِ اسلامی کے شعبے FGRF کے تحت نارتھ کراچی کے سیکٹر 5 کریلا اسٹاپ پر واقع فیضِ مدینہ مسجد سے متصل جگہ پر پہلے مدنی ہوم (یتیم خانے) کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔
تقریبِ سنگِ بنیاد میں ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا عبدالحبیب عطّاری ، مولانا محمد سجاد عطّاری مدنی ، مولانا ثاقب عطّاری مدنی ، اراکینِ شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری ، حاجی محمد امین عطّاری مدنی قافلہ ، حاجی محمد علی عطّاری اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل سمیت مختلف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری کا کہنا تھا کہ ہمارا دین ہمیں یتیموں سے محبت کا درس دیتا ہے ، اللہ پاک نے قراٰنِ کریم میں بھی یتیموں پر خرچ کرنے کا حکم دیا ہے اور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بھی یتیموں سے بڑی محبت فرماتے تھے ، انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں جو یتیم بچہ ہمارے پاس آئے گا تو اِن شآءَ اللہ دعوتِ اسلامی اس کی مکمل کفالت کرےگی ، اس بچے کو ابتدائی دنیاوی اور دینی تعلیم دی جائے گی ، اسے حافظِ قراٰن یا عالمِ دین بنایا جائے گا ، ہم معاشرے میں امن اور استحکام کےلئے یتیم بچوں کو دینی ماحول فراہم کریں گے جس سے ہمارے معاشرے میں مزید بہتری آئے گی ، بچے کی تربیت کرکے اسے اچھا روزگار کمانے کے قابل بنادیا جائے گا۔ اِن شآءَ اللہ
مولانا عبدُالحبیب عطّاری کا مزید کہنا تھا کہ دعوتِ اسلامی یتیم بچّوں کے لباس ، خوراک ، علاج معالجہ اور تعلیم و تربیت کا مکمل خیال رکھے گی۔ اختتام پر انہوں نے تمام عاشقانِ رسول سے گزارش کی ہے کہ اس مدنی ہوم کی تعمیرات کا تخمینہ پندرہ کروڑ روپے لگایا گیا ہے ، اگر آپ ان یتیم اور دکھیارے بچوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو اس ادارے کو قائم کرنے میں دعوتِ اسلامی کے ساتھ تعاون فرمائیں۔
المدینۃ العلمیہ میں آفس آٹومیشن کورس کی تکمیل
اسلامک اسکالرز کی جدید اور پروفیشنل
ٹریننگ پروگرام میں دلچسپی اور شرکت
23فروری2022 بروزبدھ دعوتِ اسلامی کے تحقیق و تصنیف کے عظیم ادارے المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے ذیلی شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے تحت Office Automation Course کا آغاز ہوا۔ یہ کورس اسلامک ریسرچ سینٹر کے سینئر مُحرر اور سافٹ وئیر انجینئر مولانا اعجاز نواز عطّاری مدنی نے کروایا۔ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ڈائریکٹر مولانا راشد علی عطّاری مدنی کا کہنا تھا کہ یہ کورس تحریر و تصنیف سے وابستہ اسلامک اسکالرز کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، اس کورس میں کمپیوٹر ہارڈوئیر اور سافٹ وئیر کی بنیادی معلومات کے ساتھ ساتھ تحریر و تصنیف میں معاون کمپیوٹر ٹریننگ شامل تھی ، شُرَکا کو ڈیٹا مینجمنٹ ، مائیکرو سافٹ ورڈ ، ایکسل ، پاور پوائنٹ ، ان پیج اور دیگر اہم سافٹ وئیرز کا ایسا ضروری استعمال سکھایا گیا کہ جس کے ذریعے کسی بھی تحریری کام کے بنیاد سے پرنٹنگ تک کے مراحل سمجھنا اور سیکھنا آسان ہوگئے۔ یہ کورس جہاں شرکا کی صلاحیتیں بڑھانے میں مفید ہے وہیں اسلامک ریسرچ سینٹر کے تحریری کام کو مزید تیز کرنے کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اِن شآءَ اللہ
نیو ماڈل ٹاؤن ڈسٹرکٹ ٹوبہ گوجرہ سٹی
میں مدرسۃُ المدینہ بوائز کا افتتاح
افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ
مولانا جنید عطّاری مدنی کا بیان
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام10 فروری 2022ء بروز جمعرات نیو ماڈل ٹاؤن ڈسٹرکٹ ٹوبہ گوجرہ سٹی پنجاب میں قائم جامع مسجد صدیقیہ نقشبندیہ میں مدرسۃُ المدینہ بوائز کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی جبکہ رکنِ شوریٰ و صدر کنزُالمدارس بورڈ پاکستان حاجی جنید عطّاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔
رکنِ شوریٰ نے شُرَکا کو ذہن دیا کہ اپنے بچوں کی بہتر تربیت کے لئے انہیں مدرسۃُ المدینہ بوائز میں داخلہ دِلوائیں جہاں قراٰنِ پاک کے ساتھ ساتھ کلمہ ، نماز ، سنّتیں اور معاشرے میں رہن سہن کے آداب کی بالکل مفت تعلیم دی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ دارُالسلام ٹوبہ میں قائم جامع مسجد فیضانِ مشکل کشا (322 ج ب شہزادہ) میں بھی مدرسۃُ المدینہ بوائز کاافتتاح کیا گیا جس کی افتتاحی تقریب میں حاجی جنید عطّاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا اور شُرَکا کو اپنے بچوں کو مدرسۃُ المدینہ بوائز میں داخلہ دلوانے کی ترغیب دلائی۔
فیصل آباد میں اہم ذمہ داران کی میٹنگ
نگرانِ پاکستان مشاورت سمیت مختلف اراکینِ شوریٰ کی شرکت
21 فروری 2022ء بروز پیر مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں صوبہ پنجاب کی مشاورت کے ذمّہ داران کی میٹنگ ہوئی جس میں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہدعطّاری نے ذمّہ داران کی تربیت فرمائی۔ اس موقع پرمرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری ، حاجی فضیل رضا عطّاری ، حاجی رفیع عطّاری ، حاجی یعفور رضا عطّاری ، متعلقہ صوبائی نگران اور سرکاری ڈویژن و میٹرو پولیٹن نگران اسلامی بھائیوں سمیت دیگر ذمّہ داران نے شرکت کی۔
نگرانِ پاکستان مشاورت نے اس میٹنگ میں 12 دینی کاموں بالخصوص ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیتے ہوئے دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی
Comments