مدنی کلینک

کینسر کی جَلد تشخیص کے لئے ہدایات(Guidelines for early detection of cancer)

* ڈاکٹر اُمِّ سارب عطّاریہ

ماہنامہ جنوری2022

سرطان(Cancer)ایک ایسی بیماری ہے ، جس میں جسم کے خلیے بہت تیزی سے نامناسب انداز میں بڑھنے اور پھیلنے شروع ہو جاتے ہیں ، تقریباً دو سو سے زیادہ اقسام کے سرطان کی معلومات حاصل ہو چکی ہیں ، جن کی وجوہات الگ الگ ہیں ، ان میں سے کچھ اقسام بہت تیزی سے خون کے ذریعے پورے جسم میں پھیل جاتی ہیں۔

(1)چھاتی کا سرطان(Breast cancer) : 40 سے 44 سال کی عورتوں کو میموگرام (چھاتی کا ایکسرے) کے ذریعے اسکریننگ (Screening) شروع کرنی چاہئے ، 45 سے 54 سال کی عورتوں کو ہر سال میموگرام کرانا چاہئے ، 55 اور اس سے زیادہ کی عورتوں کو ہر دو سال کے بعد میموگرام کرانا چاہئے ، کچھ عورتوں کو ان کی خاندانی تاریخ ، جینیاتی رجحان یا کچھ دوسرے عوامل کی وجہ سے میموگرام کے ساتھ ساتھ ایم آر آئی کے ذریعے بھی اسکریننگ کروانی چاہئے ، (اس زمرے میں آنے والی خواتین کی تعداد بہت کم ہے) اس کے علاوہ اپنی لیڈی ڈاکٹر سے اپنے لئے اسکریننگ کے سب سے بہترین پلان کے بارے میں بات کریں نیز اپنا معائنہ خود بھی کرنا چاہئے اور کسی بھی قسم کی تبدیلی کی اطلاع فوری طور پر ڈاکٹر کو دیں۔

(2)قولون ، ریکٹل سرطان اور پولپس (Colon cancer and rectal polyps) : یہ بڑی آنت کے سرطان کا نام ہے ، عموماً 50 سال سے زیادہ عمر کے مرد اور عورتوں دونوں کو ٹیسٹ کروانے کے لئے یہ پلان استعمال کرنا چاہئے ، ہر 5 سال کے بعد سگموئیڈو سکوپی (Sigmoidoscopy)یا پھر ہر 10 سال کے بعد قولونو سکوپی (Colonoscopy)فضلے کا اوکلٹ بلڈ ٹیسٹ(Stool for occult blood test) ، سالانہ یا پھر ہر تین سال کے بعد اسٹول ڈی این اے(Stool D.N.A)ٹیسٹ ، اگر خاندانی تاریخ یا دوسرے عوامل کی بنیاد پر کسی کو قولون کے سرطان کا زیادہ خطرہ ہے تو پھر مختلف شیڈول کے مطابق بیرم اینیما (Barium enema) اور دوسرے ٹیسٹ جیسے ، سی ٹی قولونوسکوپی (C.T colonoscopy) وغیرہ بھی ڈاکٹر سے مشورے کے بعد کروائے جاسکتے ہیں۔

(3)گریوے کا سرطان(Cervical cancer) : 21 سال سے زیادہ عمر کی خواتین میں اس کینسر کی تشخیص کے ٹیسٹ شروع ہونے چاہئیں ، 21 سال سے 29 سال کے بیج کی عورتوں کو ہر تین سال بعد پیپ ٹیسٹ(Pap smear test) کروانا چاہئے ، 30 سے 65 سال کے بیچ کی عورتوں کو ہر پانچ سال کے بعد ٹیسٹ کے ساتھ ایک اور مخصوص ٹیسٹ ایچ پی وی (HPV test)بھی کروانا چاہئے اور 65 سال کے بعد جن عورتوں میں مسلسل ٹیسٹ ہوتے رہے ہیں ، ان کے ٹیسٹ بند ہونے چاہئیں۔

(4)اینڈو مٹیریل (بچہ دانی کا)سرطان (Endometrial carcinoma) : اس کینسر کی تشخیص زیادہ تر بڑی عمر کی عورتوں میں جب کچھ خصوصی علامات ظاہر ہوتی ہیں ، تب ہونی چاہئے ، اس لئے اپنی خاندانی تاریخ اور اپنی علامات سے متعلق اپنی لیڈی ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔

(5)پھیپھڑے کا سرطان(Lung cancer) : سگریٹ نوشی کی وجہ سے پھیپھڑوں کے سرطان کا زیادہ خطرہ ہے ، ایک شخص جس نے 30 سال تک روز سگریٹ کا ایک پیکٹ پیا ہو ، اس کی اسکریننگ سالانہ لوڈوز سی ٹی اسکین (Low dose C.T scan)سے کی جاتی ہے۔

(6)پروسٹیٹ کا سرطان(Prostate cancer) : 50سال کی عمر سے مردوں کو طبی ضروریات مہیا کرنے والے سے ٹیسٹنگ کے فوائد اور نقصانات کے بارے میں بات کرنی چاہئے ، تاکہ وہ اس بات کا فیصلہ کر سکیں کہ ٹیسٹنگ ان کے لئے صحیح انتخاب ہے ، اگر آپ کے باپ یا بھائی کو 65 سال کی عمر سے پہلے پروسٹیٹ کا سرطان تھا تو آپ 45 سال کی عمر میں اپنے طبی معالج سے یہ بات کر لیں۔

 ٹیسٹ کروانے کے بعد اس کے لیول کی مدد سے یہ  فیصلہ ہوگا کہ آپ کو دوبارہ یہ ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے ، اس کے علاوہ تھائی رائیڈ(Thyroid) ، اورل کیویٹی(Oral cavity) ، لمف نوڈز (Lymph nodes) اور رحم کے سرطان (Vaginal cancer) کے لئے معائنے اور اس کے علاوہ کچھ اور ٹیسٹ بھی شامل ہونے چاہئیں۔

کینسر جیسی مہلک بیماری سے خود کو بچانے کے لئے : (1)ہر قسم کے تمباکو سے دور رہیں ، جس میں سگریٹ کے علاوہ مختلف طریقوں سے چبا کے کھانے والے تمباکو بھی شامل ہیں(2)وزن صحت مند لیول پر ہو ، ورزش کریں ، صحت مند کھانا کھائیں ، چکنائی اور نمکیات سے پرہیز کریں (3)پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں (4)پیدل چلنے کی عادت ڈالیں(5)اپنی خاندانی تاریخ(Family history) کو جانیں اور اسی کے مطابق اپنی علامات اور ان کے خطرات کو جانیں (6)باقاعدہ معائنہ کرائیں اور سرطان کے اسکریننگ ٹیسٹ بھی کروائیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* سندھ گورنمنٹ ہاسپٹل ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code