یومِ ولادتِ غوث پاک
یکم رمضان المبارک حضرت شیخ عبدُالقادِر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادتِ باسعادت یکم رمضانُ المبارک471 ہجری کو ہوئی ، آپ حسنی حسینی سیّد ، مقامِ غوثیت پر فائز ، عابد و زاہد ، ولیِ کامل اور سلسلہ عالیہ قادریہ عطاریہ رضویہ کے سترھویں شیخِ طریقت ہیں۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ ربیع الآخر1438 ، 1439 ، 1440اور1441ھ)
عرس فاطمۃ الزہراء
3رمضان المبارک نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شہزادی حضرت سیّدتُنا فاطمۃُ الزّہراء رضی اللہ عنہا کا وِصال 3رمضانُ المبارک 11ہجری کو مدینۂ منوّرہ میں ہوا ، آپ کا نِکاح حضرت علی رضی اللہ عنہ سے ہوا ، آپ حضراتِ حسنینِ کریمین کی والدہ اور جنّتی عورتوں کی سردار ہیں۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438 ، 1439 اور1440ھ)
عرس خدیجۃ الکبریٰ
10رمضان المبارک حُضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پہلی شریکِ حیات حضرت سیّدتُنا خدیجۃُ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کا وِصال اعلانِ نبوت کے دسویں سال ، 10رَمَضانُ المبارَک کو مکۃُ المکرمہ میں ہوا اور تدفین جنّتُ المعلیٰ میں ہوئی۔ (مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438ھ)
یومِ ولادتِ امام حسن
15رمضان المبارک حضرت سیّدُنا امام حسن رضی اللہ عنہ کی ولادتِ باسعادت 15رمضانُ المبارک3ہجری کو مدینۂ منوّرہ میں ہوئی ، آپ حضرت فاطمہ و علی رضی اللہ عنہما کے شہزادے ، مصطفےٰ جانِ رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نواسے اور جنّتی جوانوں کے سردار ہیں۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438اور1441ھ)
عرس شہدائے بدر
17رمضان المبارک اسلام اور کفر کی پہلی جنگ 17رمضانُ المبارک 2ہجری میں مقامِ بدر پر ہوئی ، جس میں 14(6مہاجر اور 8اَنصار) صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان نے جامِ شہادت نوش فرمایا ، 70کفار قتل اور 70گرفتارہوئے۔ (مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438اور1439ھ)
عرس عائشہ صدیقہ
17رمضان المبارک اُمُّ المؤمنین حضرت سیّدتُنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا وِصال17رمضانُ المبارک57یا58ہجری کو مدینۂ منوّرہ میں ہوا ، آپ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی بیٹی ، حُضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبوب ترین رفیقۂ حیات ، عالمہ ، عابدہ ، زاہدہ ، طیبہ ، طاہرہ ، محدثہ ، فقیہہ اور مجتہدہ ہیں۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438اور1439ھ)
عرس مولا علی مشکل کشا
21رمضان المبارک خلیفۂ چہارم ، امیرُ المؤمنین حضرت سیّدُنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم نے 21رمضانُ المبارک 40ہجری کو جامِ شہادت نوش فرمایا ، آپ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے چچا زاد بھائی اور داماد ہیں اور آپ ہی نے بچوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438 ، 1439 اور1440ھ)
عرس رُقیہ بنتِ رسولُاللہ
رمضان المبارک2ہجری رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شہزادی حضرت سیّدَتُنا رُقیہ رضی اللہ عنہاکا وِصال رَمَضانُ المبارَک2 ہجری میں مدینۂ منوّرہ میں ہوا ، آپ رضی اللہ عنہا کا نِکاح خلیفۂ سِوُم حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ (مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438ھ)
فتحِ مکۂ مکرمہ
رمضان المبارک8ہجری رمضانُ المبارک8ہجری میں مکۃ المکرمہ فتح ہوا ، مکی مدنی آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے خانۂ کعبہ کو بتوں سے پاک فرمایا اور کعبہ شریف کے اندر نَماز ادا فرمائی۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک1438ھ)
اللہ پاک کی ان سب پر رحمت ہو اور ان سب کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت ہو۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نوٹ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے شمارے دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.netاور موبائل ایپلی کیشن پر موجود ہیں۔
Comments