
عرسِ غریب نواز:دعوتِ اسلامی کی جانب سے رَجَبُ المرجب میں عرسِ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں یکم سے 6 رجب المرجب تک روزانہ عشا کی نماز کے بعد مدنی مذاکروں کا سلسلہ رہا۔ پاکستان کے کئی شہروں سے ہزاروں عاشقانِ رسول نے عالمی مدنی مرکزفیضانِ مدینہ کراچی میں شرکت کی سعادت حاصل کی ، ان کے علاوہ ملک وبیرونِ ملک بذریعہ انٹر نیٹ سینکڑوں مقامات پرجمع ہوکرعاشقانِ رسول شامل ہوئے۔ عالمی مذہبی اسکالر امیر اہلِ سنّت مولانا الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان مدنی مذاکروں میں سیرتِ خواجہ غریب نوازبیان کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر ہونے والے سوالات کے علم و حکمت سے جوابات بھی عنایت بیان فرمائے۔ عاشقانِ رسول نے بانیِ دعوتِ اسلامی کے ہمراہ جلوسِ غریب نواز میں بھی شرکت کی۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 6رجب المرجب کوملک و بیرونِ ملک تقریباً2گھنٹے کے لیےسینکڑوں مقامات پر “ اجتماع یومِ غریب نواز “ کا اِنعقادکیا گیا جن میں ہزاروں عاشقانِ خواجہ غریب نوازشامل ہوئے۔ فِقْہُ المعاملات اور جدید بینکنگ کورس کا انعقاد: موجودہ دورمیں بینکاری (Banking) سے متعلق پیش آنے والے جدید مسائل سےمتعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں فِقْہُ الْمُعاملات اور جدید بینکنگ کورس کا اہتمام کیا گیا جس میں دارُالافتاء اہلِسنت کے مفتیانِ کرام اور بینکنگ و فنانس کے ماہرین نے مختلف اہم موضوعات پر خصوصی لیکچر دیئے۔ 32 گھنٹوں پر مشتمل جدید بینکنگ کورس کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز 14فروری2020ء بروز جمعۃالمبارک سے ہوا جس میں تقریباً 250 علما ، فاضلین ، چارٹرڈ اکاؤنٹینٹس اور فنانس و اکاؤنٹس ماسٹرز نے شرکت کی۔ ذہنی آزمائش سیزن 11:مدنی چینل کے مقبولِ عام سلسلے’’ ذہنی آزمائش‘‘ سیزن 11 کا فائنل 21فروری 2020ء بروز جمعۃُالمبارک لاہور داتا دربار کے صحن میں کراچی اور ملتان کی ٹیموں کے درمیان ہوا ۔ جسےدیکھنے کے لئے عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے داتا دربا کا رُخ کیا ، پروگرام کی میزبانی رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کی ٹیم نے مقابلہ جیت لیا۔ اختتام پر دونوں ٹیموں کی زبردست حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں عمرے کے ٹکٹس و دیگر تحائف پیش کئے گئے۔ اس موقع پر استاذُ الحدیث مفتی محمدہاشم خان عطّاری مَدَنی(دارالافتاء اہلسنت لاہور) ، رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری ، رکنِ شوریٰ قاری سلیم عطّاری ، رکنِ شوریٰ حاجی وقار ُالمدینہ عطّاری سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس پروگرام کو دیکھ کر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ تین غیر مسلم کلمہ پڑھ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہوئے جن کا اسلامی نام محمد اور پکارنے کیلئے داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے علی رکھا گیا۔ اَلْمدینۃُ الْعلمیہ کے اسلامی بھائیوں کا سنتوں بھرا اجتماع: 26 فروری2020ء کو مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی کےدارالحدیث میں المدینۃ العلمیہ کے اسلامی بھائیوں کا سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے “ تبلیغِ دین کے تین بنیادی ذرائع “ کے عنوان پر سنتوں بھرابیان فرمایا۔ اجتماع کے اختتام پرسال2019ء میں ممتاز کارکردگی (Best Performance) والے اسلامی بھائیوں کو شیلڈ (Shield)اور مدنی چیک پیش کئے گئے۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی ابو ماجد محمدشاہد عطّاری مَدَنی اور رکنِ شوریٰ حاجی برکت علی عطّاری بھی موجود تھے۔ اراکین شوریٰ اور پروفیشنل اسلامی بھائیوں کا اجلاس: عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں اَراکینِ شوریٰ اور پروفیشنل اسلامی بھائیوں کا اجلاس ہوا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطّاری ، اَراکینِ شوریٰ حاجی محمد اَمین عطّاری ، مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری ، حاجی محمد فاروق جیلانی ، حاجی یعفور رضا عطّاری ، حاجی رفیعُ الْعطّاری ، حاجی اسلم عطّاری ، حاجی وقارُ المدینہ عطاری ، حاجی سیّد ابراہیم عطّاری ، حاجی محمد اَطْہَر عطّاری ، حاجی برکت علی عطّاری ، مفتی علی اصغر عطّاری اور پروفیشنل اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ جامعۃُالمدینہ کے اَساتِذَہ و طَلَبہ کا سنتوں بھرا اجتماع: دعوت اسلامی کی مجلس جامعۃُالمدینہ کے زیرِ اہتمام 18 فروری 2020ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں کراچی بَھر کے جامعاتُ المدینہ کے طَلَبَہ و اَساتِذَہ کا سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں 64 جامعاتُ المدینہ کے چھ ہزارسے زائد طلبۂ کرام ، اَساتِذَہ ، ناظِمین اور ذمّہ داران نے شرکت کی۔ نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطّاری نے “ ٹائم مینجمنٹ اور علمی کیفیت کی مضبوطی “ کے موضوع پر سنتوں بَھرا بیان فرمایا۔ نگرانِ شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ مجلس مدرسۃ المدینہ آن لائن کا سنّتوں بھرا اجتماع: 25 ، 24 ، 23 ، فروری 2020ء عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مجلس مدرسۃ المدینہ آن لائن کا3دن کا سنتوں بھرا اجتماع ملکی سطح پر سالانہ تربیتی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں ملک بھر کی 31 آن لائن برانچز سے 850 اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اجتماع میں امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مدنی مذاکروں اور نگرانِ شوریٰ و اَراکین ِ شوریٰ نے سنتوں بَھرے بیانات کے ذریعے عاشقانِ رسول کی تربیت فرمائی۔
Comments