مختف پیغامات

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے نبیرۂ خلیفۂ اعلیٰ حضرت ، مولانا سیّد وجاہت رسول قادری (سرپرستِ اعلیٰ ادارۂ تحقیقات امام احمد رضا کراچی) کے انتقال([1]) پر سیّد سطوت رسول قادری اور سیّد صولت رسول قادری سے * استاذُ العلماء حضرت علّامہ مولانا یعقوب رضوی قادری (شیخوپورہ ، پاکستان) کے وِصال([2]) پر ان کے بیٹے عابد حسین قادری سے اور * استاذُ العلماء حضرت علّامہ مولانا کلیمُ اللہ تونسوی (شیخُ الحدیث جامعہ محمودہ محمودیہ تونسہ شریف) کے انتقال([3]) پر ان کے بیٹوں حاجی غلام صدیق بُزدار ، حاجی محمد حسن بُزدار اور ان کے بھائی حاجی حفیظُ اللہ بُزدار سمیت دیگر سوگواروں سے تعزیت کی اور دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا جبکہ خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند ، حضرت علّامہ مولانا قاری مجیب علی رضوی صاحب کی عیادت کرتے ہوئے انہیں صبر و ہمت کی تلقین کی اور ان کے لئے دعائے صحت و عافیت بھی کی۔

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے تعزیت و عیادت کے ایک پیغام میں ایصالِ ثواب کے لئے مدنی پھول بیان کرتے ہوئے فرمایا : حُجَّۃُ الْاِسلام حضرتِ سیِّدُنا امام ابوحامد محمد بن محمدبن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ چار وجوہات کی بنا پر فُضُول باتوں سے بچنا چاہئے : (1)فُضُول باتیں کِراماً کاتِبِین (یعنی اعمال لکھنے والے بُزُرگ فِرِشتوں) کو لکھنی پڑتی ہیں ، لہٰذا آدمی کو چاہئے کہ ان سے شَرْم کرے اور انہیں یعنی فرشتوں کو فُضُول باتیں لکھنے کی زَحْمت نہ دے۔ اللہ پاک پارہ 26 ، سُوْرَۂ قٓ ، آیت نمبر18میں ارشاد فرماتا ہے :  مَا یَلْفِظُ مِنْ قَوْلٍ اِلَّا لَدَیْهِ رَقِیْبٌ عَتِیْدٌ(۱۸)  ترجَمۂ کنزالایمان : کوئی بات وہ زبان سے نہیں نکالتا کہ اس کے پاس ایک محافظ تیار نہ بیٹھا ہو۔  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  (2)یہ بات اچھّی نہیں کہ فضول باتوں سے بھرپُور اعمال نامہ اللہ پاک کی بارگاہ میں پیش ہو (3)اللہ پاک کے دربار میں تمام مخلوق کے سامنے بندے کو حکم ہوگا کہ اپنا اعمال نامہ پڑھ کر سناؤ! اب قِیامت کی خوفناک سختیاں اس کے سامنے ہوں گی ، انسان بَرَہنہ (یعنی ننگا) ہوگا ، سخت پیاسا ہوگا ، بھوک سے کمر ٹوٹ رہی ہوگی ، جنَّت میں جانے سے روک دیا گیا ہوگااورہر قسم کی راحت اُس پر بند کردی گئی ہوگی ، غور تو کیجئے ایسے تکلیف دِہ حالات میں فُضُول باتوں سے بھرپور اعمال نامہ پڑھ کر سنانا کس قَدَر پریشان کُن ہوگا! (4)بروزِقیامت بندے کو فُضول باتوں پر ملامت کی جائے گی اور اُس کو شرمندہ کیا جائے گا۔ بندے کے پاس اس کا کوئی جواب نہ ہوگا اور وہ اللہ پاک کے سامنے شرم و نَدامت سے پانی پانی ہوجائے گا۔      (خاموش شہزادہ ، ص4 ، 5بحوالہ منہاج العابدین ، ص67)

 اللہ کریم ہمیں فضول باتوں سے بچنے کی توفیق بخشے کہ جو وقت فضول باتوں میں گزرتا ہے کاش! وہ وقت دُرود و سلام میں گزرا کرے۔

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے علاوہ کئی عاشقانِ رسول کے انتقال پر تعزیت ، دعائے مغفرت و ایصالِ ثواب ، جبکہ کئی بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت فرمائی ہے ، تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ “ دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔



(1)   تاریخِ وفات :  30جُمادَی الاُولیٰ1441ھ بمطابق 26 جنوری2020ء

(2)   تاریخِ وفات : 22 ربیع الآخر1441ھ بمطابق 20دسمبر2019ء

(3)   تاریخِ وفات :  05جُمادَی الاُولیٰ1441ھ بمطابق01جنوری2020ء


Share

Articles

Comments


Security Code