ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : “ خِيْارُكُمْ مَنْ أَطْعَمَ الطَّعَامَ “ تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو کھانا کھلائے۔ (مسنداحمد ، 9 / 241 ، حدیث : 23981)
یعنی اچّھا مسلمان وہ ہے جو نماز ، روزے اور دیگر عبادات کرنے اور اچھے اخلاق اپنانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو کھانا بھی کھلائے۔
پیارے بچّو! رمضان کا مبارک مہینا ہمارے درمیان موجود ہے ، اس میں روزے رکھنا جہاں اللہ پاک کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے وہیں روزے میں بُھوکا اورپیاسا رہنے سے ہمیں ان لوگوں کا احساس ہوتا ہے جو غریب ہونے کی وجہ سے پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھا پاتے ، رمضان کا ایک پیغام یہ بھی ہے کہ ایسے محتاجوں کی بُھوک کا احساس کیا جائے اور ان کی مدد کی جائے۔
دوسروں کو کھانا کھلانا اچھا مسلمان اور اچھا انسان ہونے کی نشانی ہے ، یہ ایسی نیکی ہے جس کے ذریعے آپ کسی پریشان انسان کو خوش کر سکتے ہیں اور جنّت میں داخلہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بُھوکے کو کھانا کھلانا ایسی نیکی جس کی برکت سے دل نرم ہوتا ہے۔
پیارے بچو! کھانے میں پھل ، روٹی ، سالن وغیرہ سبھی غذائیں اور پانی شربت سب داخل ہیں ، آپ بھی اپنے والدین کے ذریعے کسی بُھوکے کی مدد کر کے بہترین مسلمان بن سکتے ہیں۔
اللہ پاک ہمیں روزے رکھنے اور ضرورت مندوں کا احساس کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*…ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی
Comments