آج رمضان کا پہلا روزہ تھا اور بڑی پھوپھو عصر کی نماز کے بعد چہل قدمی کرتے ہوئے تسبیح پڑھ رہی تھیں۔
آمنہ بھابھی! کچن میں کچھ رونق نظر نہیں آرہی؟ آمنہ بھابی کو اپنی طرف آتے دیکھ کر بڑی پھوپھو نے سُوال کیا۔
آپ فکر نہ کریں ، بچیاں ہیں ، سب کر لیں گی ، آمنہ بھابھی نے جواب دیا۔
افطاری کا وقت قریب ہوا تو دستر خوان بِچھا دیا گیا ، کچھ ہی دیر میں باقی گھر والوں سمیت بڑی پھوپھو بھی افطاری کے لئے دسترخوان کے پاس بیٹھ گئیں۔
آمنہ بھابھی! دسترخوان تو بِچھ گیا لیکن کچھ کھانے کو تو رکھو ، بڑی پھوپھو نے تسبیح گود میں رکھتے ہوئے کہا۔
آپا بہت کچھ تو موجود ہے۔ آمنہ بھابھی نے آہستگی سے کہا۔
یہ کیا؟ بس پھل اور پانی! جبکہ آج تو پہلا روزہ ہے ،
بھائی! کچھ بنوا ہی لیتے ، ہمارے گھر تو اتنا اہتمام(Arrangement) ہوتا ہے ، پکوڑے ، سموسے ، کباب ، دہی بھلے ، فروٹ چاٹ یہ تو پہچان ہیں رمضان کی۔ یہاں تو کُچھ نظر ہی نہیں آرہا ، اب اتنی بھی آمدنی کم نہیں کہ بچوں کو بھوکا رکھا ہوا ہے ، ٹرے سے کپڑا ہٹا کر بڑی پھوپھو نے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے پوری تقریر کر ڈالی۔
آپا پھل اور پانی بھی اللہ کی نعمتیں ہیں ، کُچھ لوگ تو اس سے بھی محروم ہیں ، بھائی نے سننے کے بعد تحمل سے بات شروع کی۔
آپا !آپ ان نعمتوں پر بھی شُکر ادا کریں ، یہ پھل کون سے سستے ہیں اور ہمارا مقصد پیٹ بھر بھر کر کھانا تو نہیں ہے نا! افطاری میں ابھی پھل کھائیں گے ، بعد میں کھانا کھا لیں گے۔ پکوڑے سموسے تو ویسے بھی خالی پیٹ مسائل بڑھاتے ہیں۔
بڑی پھوپھو : وہ تو ٹھیک ہے ، لیکن گھر والوں پر بھی دسترخوان
وسیع کرنا چاہئے۔
جی جی آپا! آپ صحیح فرما رہی ہیں ، آج اصل میں پہلا روزہ ہے اور اتنی بھوک برداشت کرنے کی پیٹ کو عادت نہیں ، تو ایک دَم چکنائی والی چیزیں کھانے سے طبیعت بگڑنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ ہم کل اِہتمام کر کے محلے میں بھی تقسیم کریں گے اِنْ شَآءَ اللہ! بھائی نے آپا کے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر تسلّی دیتے ہوئے بتایا۔
میری تسلی کی بات نہیں ، آپ تو مجھے شرمندہ کر رہے ہیں ، پھوپھو نے نگاہیں جُھکا تے ہوئے کہا۔
نہیں آپا! میرا ہرگز یہ مقصد نہیں ، میں تو آپ کو یہ سمجھا رہا ہوں کہ جتنی ہماری ضرورت اورحاجت ہے ، ہم اتنا بناتے اور کھاتے ہیں ، اِسْراف تو ویسے بھی ہمارا مذہب منع کرتا ہے ، وہی رقم کسی غریب کی مدد ، اس کے گھر راشن ڈلوانے ، اس کے کپڑے لینے کے کام آ سکتی ہے۔ اللہ پاک تو ویسے بھی دوسروں کی مدد کو پسند فرماتا ہے ، ہماری بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ کھانے میں مُناسب اشیاء ہوں تا کہ صحت(Health) خراب نہ ہو ، اضافی رقم(Extra money) دوسرے مسلمانوں کی مدد میں لگا دی جائے۔
مَا شَآءَ اللّٰہ!آپ تو بہت سمجھدار ہو گئے ہیں ، بڑی بہن کو سمجھا رہے ہیں ۔
بھائی نے مُسکرا کر کہا : آپا! آپ سمجھدار(Sensible) ہیں ، جو میری بات سمجھ گئیں۔
احساس نہ ہو انسان میں ، کس کام کی ہے زندگی
احساس ہے تو زندگی ، احساس ہے تو بندگی
Comments