سنّتوں بھرا اجتماع:اس سفر کے دوران پُرتگال میں پہلا سنّتوں بھرا اجتماع آج 18اپریل 2019بروز جمعرات بعد نمازِ مغرب لِسبن (Lisbon) کے علاقے لارنجیریو (Laranjeiro) کی جامع مسجد القادریہ میں ہوا۔ اس اجتماع میں مجھے قراٰنِ کریم کے فضائل اور “ یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا “ والی آیات کے پیغام پر بیان کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اسلامی بھائیوں کے بَقول اس سے پہلے یہاں اجتماع میں اتنی تعداد کبھی جمع نہیں ہوئی۔ یہ اللہ پاک کے فضل و کرم کا نتیجہ اور ذمّہ دار اسلامی بھائیوں کی کوشش کا پھل ہے۔ مغرب سے عِشا تک اجتماع اور نمازِ عشا کے بعد کھانے کا سلسلہ ہوا۔
مدنی مرکز بنانے کی نیت: القادریہ مسجد سے فارغ ہوکر ہم ایک ایسی شخصیت کے گھر گئے جو تقریباً40 ، 45 سال سے پرتگال میں آباد ہیں اور ان کا گھرانہ دینی کاموں میں بہت تعاون کرتا ہے۔ یہاں عُموماً لوگ 10سے 11بجے تک سو جاتے ہیں لیکن اس گھر کے اسلامی بھائیوں نے پیار بھرے اِصرار سے ہمیں تقریباً 1بجے تک اپنے گھر میں بٹھایا۔ اس موقع پر مدنی پھولوں کا سلسلہ رہا اور انہیں میمنی زبان میں دعوتِ اسلامی کی تعارفی ویڈیو (Presentation) دکھائی گئی۔ پرتگال سے میں نے ایک دن بعد بیلجیئم اور پھر وہاں سے جرمنی کا سفر کرنا تھا ، چنانچہ میں نے یہاں موجود تاجر اسلامی بھائیوں کواپنے ساتھ مدنی قافلے میں سفر کرنے کا ذہن دیا جس پر تین اسلامی بھائی تیار ہوگئے۔ اس گھر میں ہماری حاضری کا فائدہ یہ ہو ا کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! ان اسلامی بھائیوں نے دعوتِ اسلامی کو پرتگال میں ایک مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بناکر دینے کی نیت کی۔ اللہ کریم اس گھرانے پر اپنی رحمتیں نازِل فرمائے اورانہیں اپنی نیت کو عملی جامہ پہنانے کی توفیق عطا فرمائے ۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
پیارے اسلامی بھائیو! اگر اللہ پاک نے آپ کو مال و دولت کی نعمت عطا فرمائی ہے تو اس کی قدر کریں اور مَعَاذَ اللہ گناہوں میں لُٹانے کے بجائے دین کی راہ میں خرچ کریں۔ دعوتِ اسلامی عاشقانِ رسول کی عالمگیر مدنی تحریک ہے جو دنیا بھر میں دینِ اسلام کی سربلندی اور نیکی کی دعوت عام کرنے میں سرگرمِ عمل ہے۔ دعوتِ اسلامی کے ذمّہ داران سے رابطہ فرماکر حسبِ حیثیت مالی تعاون فرمائیں۔ اِنْ شَآءَ اللہ آپ کے عطیات(Donations) کے ذریعے ہونے والے دینی کام دیکھ کر دنیا میں بھی آپ کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں گی ، دلی سکون نصیب ہوگا اور اللہ پاک کے کرم سے مرنے کے بعد بھی اس کا عظیم اجر و ثواب حاصل ہوگا۔
نَمازِ جمعہ سے پہلے بیان:جامع مسجد القادرىہ جہاں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع ہوا تھا اسی مسجد میں ہم نمازِ جمعہ کے لئے حاضر ہوئے۔ نمازِ جمعہ کا وقت 2بجے تھا ، میں نے ڈیڑھ بجے بیان شروع کیا اور 1 : 50 پر بیان ختم کرنے لگا تو نمازیوں نے اِصرار کیا کہ آج یہاں چھٹی ہے ، آپ کچھ دیر مزید بیان کریں ، چنانچہ10منٹ مزید بیان کیا۔ اس موقع پر جمعہ کے فضائل ، نمازِ جمعہ کے لئے جلد آنے کے ثواب اور خطبۂ جمعہ میں موجود جملے “ اَلَا لَا اِیْمَانَ لِمَنْ لَّا مَحَبَّۃَ لَہٗ یعنی جس کے دل میں نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت نہیں اس کا ایمان نہیں “ کے تحت محبتِ رسول کے بارے میں کچھ گفتگو کی۔ نمازِ جمعہ کے بعد نمازىوں سے ملاقات کا سلسلہ رہا۔
مدنی حلقوں میں شرکت:نمازِ جمعہ کے بعد اىک شخصىت کے گھر پر مدنى حلقہ ہوا جہاں دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کی خدمات کا تعارُف پیش کرکے دعوتِ اسلامی کا ساتھ دینے کی ترغیب دلائی گئی۔ اس کے بعد پنجاب کے شہر دینہ سے تعلق رکھنے والے ایک اسلامی بھائی کے گھر مدنی حلقے میں شرکت ہوئی اور یہاں دعوتِ اسلامی کےشعبہ جات کے حوالے سے (presentation) کا سلسلہ ہوا۔
پرتگال میں شبِ برأت کی بہاریں:آج کا دن اسی طرح ملاقاتوں میں گزارنے کے بعد ہم نے نمازِ مغرب اودی ولاس (Odivelas) نامی علاقے کی مسجد الغوثیہ میں ادا کی۔ نماز کے بعد شبِ برأت کے 6مخصوص نوافل ادا کئے گئے ، سُورۂ یٰس شریف کی تلاوت اور دُعائے نصف شعبانُ المعظم پڑھنے کا سلسلہ ہوا۔ مجھے توقع نہیں تھی کہ اتنے اسلامی بھائی جمع ہوجائیں گے لیکن اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! مسجد کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔ نمازِ عشا سے پہلے مجھے مختصر بیان کرنے جبکہ نَماز کے بعد ذِکْر و دُعا کروانے کا موقع ملا۔ اس وقت مسجد میں ایک رِقّت بھرا ماحول بن گیا تھا۔
اس اجتماع کے بعد ہم نے ایک اور جگہ شخصیات مدنی حلقے میں شریک ہونا تھا ۔ میری خواہش تھی کہ ہم مدنی حلقے کے بعد دوبارہ مسجد میں حاضر ہوں ، باجماعت صَلٰوۃُ التَّسبِیح ادا کی جائے اورپھر رات کا باقی حصہ مسجد میں گزرے۔ مجھے بتایا گیا تھا کہ یہاں پُرتگال میں پاک و ہند وغیرہ کی طرح پوری رات مسجد میں گزارنے کا معمول نہیں ہے ، مخصوص وقت کے لئے محافل ہوتی ہیں اور پھر لوگ گھر لوٹ جاتے ہیں۔ میں نے ہمت کرکے یہ اعلان کردیا کہ اِنْ شَآءَ اللہ مدنی حلقے کے بعد ہم تقریباً ساڑھے 12بجے پھر مسجد میں آئیں گے اور صَلٰوۃُ التَّسبِیح ، دعا وغیرہ کا سلسلہ ہوگا۔ شخصیات مدنی حلقے سے فارغ ہوکر ہمیں مسجد پہنچنے میں تاخیر ہوگئی ، تقریباً1بجے جب ہم مسجد پہنچے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ کثیر اسلامی بھائی مسجد میں ہمارے منتظر تھے۔ بہر حال صَلٰوۃُ التَّسبِیح ادا کی گئی اور دیر تک دعاؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ مقامی اسلامی بھائیوں کا کہنا تھا کہ پُرتگال میں پہلے کبھی اس طرح رات دیر تک مسجد میں مُناجات و دُعا کا سلسلہ نہیں دیکھا گیا۔ صَلٰوۃُ التَّسبِیح اور دعا وغیرہ کے بعد اسلامی بھائیوں کو نَماز کا پریکٹیکل کروایا گیا اور علمِ دین سیکھنے کی اہمیت بتا کرمدنی قافلوں میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔
مدنی سفر نامہ پڑھنے والے اسلامی بھائیوں سے بھی گزارش ہے کہ دعوتِ اسلامى کے مدنی ماحول سے منسلک ہوکر مدنى قافلوں مىں سفر کىجئے۔ اِنْ شَآءَ اللہ نہ صِرف نَماز بلکہ دیگر کئی فرائض و واجِبات سے متعلق ضروری معلومات بھی حاصل ہوں گی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*…رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل
Comments