امی جلدی کیجئے! میری وین(Van)آنے والی ہے ، حماد اسکول بیگ پہنے کچن میں اسٹول پر بیٹھا کیلا کھا رہا تھا۔
بس ہو گیا تیار ، امی نے لنچ باکس حماد کو پکڑاتے ہوئےکہا۔ اتنے میں باہر وین کا ہارن سنائی دیا تو حماد نے ہاتھ میں پکڑا کیلا جلدی سے ختم کرتے ہوئے چھلکا کچن سے باہر کی طرف اچھال دیا۔
کتنی بار کہا ہے کہ پھلوں کے چھلکے وغیرہ کچرے دان (Dustbin)میں پھینکا کرو ، امی نے اسے ڈانتے ہوئے کہا لیکن حماد جا چکا تھا۔ اسکول سے واپس آنے کے بعد وہ کھانا کھا کر سو گیا۔
حماد گندہ بچہ ہے! حماد گندہ بچہ ہے! حماد نے اِدھر اُدھر نظر گھمائی لیکن کمرے میں اسےکوئی نظر نہیں آیا۔
ارے نیچے تو دیکھو! کسی نےہنستے ہوئے کہا ۔
اب حماد کو لگا جیسے آواز کچرے دان سے آ رہی ہو ، کیاتم مجھے پکاررہے ہو؟ حماد نے ڈسٹ بن کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
ہاں ہاں !میں نے ہی تمہیں گندہ بچہ کہا ہے ، ڈسٹ بن نے کہا۔
حماد جلدی سے بولا : میں گندہ نہیں اچھا بچہ ہوں ، دیکھو! میں روزانہ نہاتا ہوں اور میرے کپڑے بھی صاف ہیں۔
صرف صاف کپڑے پہننے اور نہانے سے کوئی اچھا بچہ نہیں بن جاتا ، ڈسٹ بن نے غصے سے کہا ، تم نے کبھی میرا خیال نہیں
رکھا ، مجھے بھوک لگتی ہے لیکن تم کھانا بھی نہیں دیتے۔
لیکن!امی جان تو کہتی ہیں کھانا پھینکنا نہیں چاہئےیہ بُری بات ہوتی ہے ، حماد نے آگے سے جواب دیا۔
نادان لڑکے! میں تمہارا کھانا نہیں مانگ رہا ، میں اپنے کھانے کی بات کر رہا ہوں ، ڈسٹ بن نے ہنستے ہوئے کہا ، تم پھل کھاتے ہو لیکن اس کے چھلکے اِدھر اُدھر پھینک دیتے ہو ، بسکٹ کے خالی ریپر وغیرہ بھی باہر ہی پھینک دیتے ہو۔ ایسے بچے اچھے نہیں بلکہ ہمارےدشمن ہوتے ہیں۔
حمادنےاِس بات پرشرمندگی سے سرجھکا لیا اور کہنے لگا : سوری ڈسٹ بن! مجھے بتاؤ میں اب ایسا کیا کروں جس سے تمہاری ناراضی ختم ہو جائے؟
اگر تم روز میرا خیال رکھو ، چھلکے ، خالی ریپر اور جوس کے خالی ڈبے وغیرہ اِدھر اُدھر پھینکنے کے بجائے ڈسٹ بِن میں ڈال دیا کرو گے تو گندگی بھی نہیں پھیلے گی اور میری بھوک بھی مٹ جائے گی ، ڈسٹ بن نےکہا ، گھروں ، شاپنگ مالز ، پارکس اور گلی محلوں میں میرے بھائی ہی ہوتے ہیں اپنے دوستوں سے بھی ان کا خیال رکھنے کا کہنا ، اگر سارے بچے اچھے بن گئے تو کوئی ڈسٹ بن بھی بھوکی نہیں رہے گی۔
حماد اٹھ جاؤ عصر کی اذان ہو چکی ہے ، ڈسٹ بن کی بات ختم ہوئی ہی تھی کہ امی جان کی آواز پر حماد کی آنکھ کھل گئی۔
وضو کرتے ہوئے حماد سوچ رہا تھا کہ ڈسٹ بن کی شکایت والا یہ خواب میں اپنے دوستوں کو بھی سناؤں گا تاکہ وہ بھی کچرا
ڈسٹ بن میں پھینک کر اس کی بھوک مٹائیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*…شعبہ فیضانِ قرآن ، المدینۃ العلمیہ ، کراچی
Comments