بزرگانِ دین کے مبارک فرامین
ربیع الاول1442ھ
باتوں سے خوشبو آئے
تمام لوگوں کو راضی نہیں کیا جاسکتا
اگر تم اس بات کی بھرپور کوشش کرو کہ سب لوگ تم سے راضی ہوجائیں تو پھر بھی ایسا نہیں ہوسکتا ، لہٰذا اپنے عمل اور نیت کو اللہ پاک کے لئے خالص کرلو۔ (ارشادِ حضرت سیّدُنا امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ )
(تھذیب الاسماء واللغات ، 1 / 75)
مؤمن کاخوف اور اُمید
اگر مؤمن کے خوف اور امید کا وزن کیا جائے تو دونوں برابر نکلیں گے۔ (ارشادِ حضرت سیّدُنا ثابت بنانی رحمۃ اللہ علیہ ) (حسن التنبہ ، 5 / 30)
حُسن و جمال کا کمال
حضرتِ سیِّدُنا نوح علیہ السَّلام اپنے زمانے والوں میں سب سے زیادہ خوبصورت تھے۔ آپ علیہ السَّلام اپنے چہرے پر نِقاب ڈال کر رکھتے تھے۔ کشتی میں سفر کے دوران اہلِ ایمان کو بھوک کا سامنا کرنا پڑا۔ حضرتِ سیِّدُنا نوح علیہ السَّلام جب انہیں اپنے مبارک چہرے کا دیدار کراتے تو ان کی بھوک دور ہوجاتی۔ (ارشادِحضرتِ سیِّدُنا وہب بن منبہ رحمۃ اللہ علیہ ) (حلیۃ الاولیاء ، 4 / 69)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
حفظِ قراٰن آسان کردیا گیا
کتابُ اللہ کا حافظ ہونا کہ اُمَمِ سَابِقَہ (یعنی پچھلی اُمّتوں) میں خاصّۂ انبیاء علیہم الصَّلاۃ وَالثناء تھا ، اِس اُمت کے لیے رب عَزَّوَجَلَّ نے قرآن کریم حفظ کے لیے آسان فرمادیا کہ دس دس برس کے بچّے حافظ ہوتے ہیں۔
(فتاویٰ رضویہ ، 5 / 67)
تعظیم و توہین کا دارو مدار عُرف پر ہے
قرآنِ مجید اگرچہ دس غِلافوں میں ہو ، (اسے) پاخانے (Toilet) میں لے جانا بلاشبہہ مسلمانوں کی نگاہ میں شَنِیع (یعنی بُرا) اور اُن کے عُرف میں بے ادبی ٹھہرے گا اور ادب و توہین کا مَدار عُرف پر ہے۔ (فتاویٰ رضویہ ، 4 / 608)
کس کے لئے انگوٹھی پہننا سنّت ہے؟
بے حاجتِ مُہْر (یعنی انگوٹھی کو Stamp کے طور پر استعمال کرنے کی ضرورت نہ ہو تو) اس کا تَرک (یعنی انگوٹھی نہ پہننا) افضل ہے اور مُہْر کی غرض سے (انگوٹھی پہننا) خالی جواز نہیں بلکہ سنّت ہے۔
(فتاویٰ رضویہ ، 22 / 141)
عطّار کا چمن
تحریروغیرہ کے ساتھ تاریخ لکھئے
ٹیکسٹ میسج ، وائس میسج ، ویڈیو کلپ اور یادگار مناظر وغیرہ کے ساتھ تاریخ مع ماہ و سِن لکھنا نہایت مفید رہتاہے اور اِس سے یادگارباقی رہتی ہے۔ (مدنی مذاکرہ29شوال المکرم 1441ھ ، 20جُون2020ء)
ٹینشن
ٹینشن ہزار بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ29شوال المکرم 1441ھ ، 20جُون2020ء)
گناہ
گُناہ کرنا تو دُور کی بات ہے گُناہ کے قریب بھی نہیں جانا چاہئے۔
(مدنی مذاکرہ ، 8 شوال المکر م 1441ھ / 30مئی 2020 ء)
Comments