تعزیت و عیادت
ماہنامہ ربیع الاول1442ھ
حضرت پیر سیّد عبدالحق شاہ گیلانی کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ حضرت پیر سیّد غلام محیُ الدّین شاہ گیلانی اور حضرت پیر سیّد قطبُ الحق شاہ گیلانی کے والدِ محترم حضرت پیر سیّد عبدُالحق شاہ گیلانی المعروف چھوٹے لالا جی سرکار (سجادہ نشین آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف اسلام آباد) طویل علالت کے بعد 8ذوالحجۃ الحرام 1441 سِنِ ہجری کو 94 سال کی عمر میں گولڑہ شریف میں وِصال فرما گئے ،
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
میں تمام سوگواروں سے تعزیت اور صبر و ہمّت سے کام لینے کی تلقین کرتا ہوں۔ یاربَّ المصطَفےٰ جَلَّ جَلَالُہٗ وَ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت پیر سیّد عبدُالحق شاہ گیلانی کو غریقِ رحمت فرما ، اے اللہ! ان کے تمام صغیرہ کبیرہ گناہ معاف فرما ، یااللہ! ان کی قبر خواب گاہِ بہشت بنے ، جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِ نظر وسیع بنے ، کاش نورِ مصطفےٰ کا صدقہ ملے اور تاحشر جگمگاتی رہے ، مولائے کریم! انہیں بے حساب مغفرت سے نواز کر جنّتُ الْفِردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما ، مولائے کریم! تمام سوگواروں کو صبرجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، یاربِّ کریم! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما ، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب حضرت پیر سیّد عبدُالحق شاہ گیلانی سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
تمام سوگواروں سے مدنی التجا ہے کہ صبر و ہمّت سے کام لیں ، رونے دھونے سے بے صبری کا مظاہرہ کرنے سے جانے والے نے پلٹ کر نہیں آنا ، ٹائم پورا ہوگیا تو جانا ہی جانا ہے۔ اور اب ہماری بھی باری آنی ہے کہ دنیا میں کوئی بھی نہیں رہے گا ، جس نے بھی یہاں خوشیوں کا گنج پایا اس کو موت کا رنج مل کر رہا ، جس نے یہاں مسرت کے پھول چُنے اسے بالآخر موت کے خار یعنی کانٹے نے زخمی کرہی دیا۔
؎ جنازہ آگے بڑھ کے کہہ رہا ہے اے جہاں والو!
مِرے پیچھے چلے آؤ! تمہارا رہنما میں ہوں
(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایصالِ ثواب کے لئے یہ حدیثِ پاک بیان فرمائی : ) اللہ پاک کے آخری نبی ، مکّی مدنی محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالی شان ہے : نماز ایمان کی علامت (یعنی پہچان) ہے تو جو نماز کے فرائض ، سنّتیں اور آداب کا خیال رکھتے ہوئے سچے دل سے اس کی محافظت کرے گا وہ مؤمن ہے۔ (فردوس الاخبار ، 3 / 41 ، حدیث : 4102) حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : محافظت سے مراد ہمیشہ اور صحیح وقت پر (نماز) پڑھنا ہے۔ (مراٰۃ المناجیح ، 1 / 376)
ذوالحجۃُ الحرام1441ھ میں وفات پانے والوں کے نام
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے (1)حضرت علّامہ مولانا مفتی عابد جلالی ([i]) (2)پیرِطریقت ، حضرت سیّد منوّر حسین شاہ قادری رزاقی ([ii]) (3)حضرت الحاج شاہ متینُ الحق عمادی ([iii]) (4)حضرت مولانا الحاج محمد ابراہیم ([iv]) (5)پیرِ طریقت ، حضرت سائیں اسماعیل اویسی([v]) (6)مشہور عالمِ دین ، مفتیِ اعظم مہاراشٹر ، اشرفُ الفقہاء ، خلیفۂ حضور مفتیِ اعظم ہند حضرت علّامہ مولانا مفتی مجیب اشرف رضوی ([vi]) (7)حضرت علّامہ مولانا محفوظُ الرّحمٰن ([vii]) (8)حضرت مولانا عبدُالجبار نقشبندی ([viii]) (9)حضرت مولانا صاحبزادہ ضیاءُ الحق نقشبندی قادری ([ix]) (10)حضرت مولانا شہزاد ترابی کی امّی جان (11)حضرت خواجہ غلام فرید کوریجہ کے بچّوں کی امّی جان کے انتقال پر لواحقین اور جملہ سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے علاوہ بھی کئی عاشقانِ رسول کے انتقال پر تعزیت ، دعائے مغفرت و ایصالِ ثواب کیا ، جبکہ کئی بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت فرمائی ہے ، تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ “ دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔
Comments